32ویں سلیمان خطیب یادگار طلائی تمغہ کی تفویض پروگرام کا انعقاد

بیدر۔28/فروری۔(محمدامین نواز)۔سلیمان خطیب یادگار تعلیمی،ثقافتی و امدادی ٹرٹسٹ گلبرگہ کی جانب سے آج بیدر شہر کے شاہین ادارہ جات کے العزیز آڈیوٹیوریم میں 32ویں سلیمان خطیب یادگار طلائی تمغہ تفویض پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام کی صدارت جناب ڈاکٹر عبدالقدیر چیئرمین شاہین ادارہ جات نے فرمائی جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے محترمہ مہر سلطانہ صاحبہ ڈائریکٹر شاہین ادارہ جات بیدر اور محترمہ توصیف ثریا صاحبہ، محترمہ عالیہ یاسمین صاحبہ اور ڈاکٹر تنزیر صاحب و دیگر معززین نے شرکت کی۔

اس موقع پر محترمہ ڈاکٹر شمیم ثریا صاحبہ (دُخترِ سلیمان خطیب)معتمد سلیمان خطیب یادگار ٹرسٹ گلبرگہ نے صدرِ تقریب و مہمانوں اور طلباء و طالبات کا والہانہ استقبال کیا اور اور اس موقع پر انھوں نے کہا کہ 2022کا32واں طلائی تمغہ گورنمنٹ اُردو ہائی اسکول جمکھنڈی کی طالبہ ضیاء افشاں عثمان شاہ کوتفویض کیا جارہا ہے۔

جنھوں نے مارچ2022ء میں جماعت دہم(SSLC)امتحان میں شریک رہ کر 625میں سے625نشانات حاصل کئے اور وہ اس وقت شاہین ادارہ جات کے شاہین پی یو کالج بیدر میں زیرِ تعلیم ہے۔اس لئے ہم نے سوچا کہ اس ادارے کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب کے ہاتھوں اس گولڈمیڈلسٹ کو سلیمان خطیب ٹرسٹ کی جانب سے طلائی تمغہ عطا کیا جائے، جس پر آج عمل کیا گیا۔طلائی  تمغہ علاوہ 5000ہزار روپیے نقد، سندِ امتیاز اور انعامی کتب سے بھی سرفراز کیا گیا۔دوسرا انعام حاصل کرنے والی طالبہ مہہ نازفاطمہ گڈوالے بنت صادق احمد ہیں جنھوں نے اینگلو اُردو ہائیر سکنڈری اسکول ہبلی سے جماعت دہم (SSLC) امتحان میں شریک  ہوکر 625میں سے 624نشانات حاصل کی ہیں انھیں نقد انعام کے علاوہ سرٹیفکیٹ اور انعامی کتب بھیجی جائیں گی۔ ریاستی سطح پر تیسرا انعام حاصل کرنے والی طالبہ عمّا دادہ کریم خان ہیں جنھوں نے جنیدیہ ہائر پرائمری اسکول کڑچی رائے باغ سے شریک امتحان ہوکر 625میں سے 621نشانات حاصل کئے ہیں۔انھیں نقد انعام کے علاوہ سند اور انعامی کتب دی جائیں گی۔ مذکورہ بالا ٹرسٹ کی جانب سے ڈاکٹرعبدالقدیر صاحب کو تہنیت پیش کرتے ہوئے انھیں اپنے والدِ محترم کی تخلیق کردہ کتاب کیوڑے  کابن بطور تحفہ پیش کیا۔ اورڈاکٹر عبدالقدیر سے متعلق کہا کہ ان کی تعلیمی خدمات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں،ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب کی مدبرانہ اور معروضی سوچ نے مسلم  طالب علموں کیلئے ترقی کی راہیں کھول دی ہیں۔میڈیکل،انجینئرنگ کا معاملہ ہو یا پھر ایڈ منسٹریٹیو سروس کا،والدین کا پہلا خیال ڈاکٹر صاحب کے اداروں کی طرف جاتا ہے۔ انھو ں نے کہا کہ اللہ نے بہتر کام کیلئے بہتر آدمی کو منتخب کرتا ہے۔  محترمہ ڈاکٹر شمیم ثریا صاحبہ نے اپنے خطاب میں  کہ سلیمان خطیب یادگار تعلیمی،ثقافتی و امدادی ٹرسٹ گلبرگہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس ٹرسٹ کا قیام 1989ء میں عمل میں آیا۔ اس ٹرسٹ نے سرزمین کرناٹک کے معتبر شاعر سلیمان خطیب کی یاد میں ایک ایسے گولڈ میڈ کو متارف کیا جو اُردو میڈیم کے طلباء و طالبات کیلئے نویدمسرت تھا۔محترمہ نے کہا کہ اس گولڈ میڈل کی یہ خوبی ہے کہ اس طالبِ علم کو عنایت کیا جاتا ہے جوریاستی سطح پر SSLC(جماعت دہم)امتحان میں اُردو میڈیم سے شریک ہو کر امتیازی نشانات حاصل کرتا ہے اور تمغہ خالص پانچ گرام کا تھا۔ اور اس کو تفویض کئے جانے کا اہم مقصد اُردو میڈیم کے طلباء کو انگریزی میڈیم کے طلباء سے مسابقت کا جذبہ پیدا کرنا اور اُردو زبان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ابتداء میں ٹرسٹ کے اس مقصد کے حصول کیلئے کافی جدوجہد کرنی پڑی کیونکہ کمپیوٹر کا زمانہ نہیں تھا۔ تمام ریاست بھر سے درخواستیں طلب کرنا پڑتا تھا پھر ہائیر اسکورر کیلئے اخبارات میں تشہیر کرنا و دیگر ذرائع سے ہائیراسکورر تک رسائی  حاصل کرنا پڑتا تھا۔انھوں نے بتایا کہ ٹرسٹ کی جانب سے پہلا طلائی تمغہ 1990ء میں سید عمران طالبِ علم انجمن ہائیر سکنڈری اسکول ہبلی نے حاصل کیا، اس کے بعد باگل کوٹ،ہاسپیٹ،گدگ،ہبلی،دھارواڑ،بیدر،بلگام،الکل،بیجاپور،رٹی ہلّی، ڈانڈیلی،ہاویری،کڑچی(بلگام)،گلبرگہ،جمکھنڈی،گوکاگ وغیرہ غرض کرناٹک کے تقریباً تمام اضلاع کے اُمیدواروں نے سلیمان خطیب گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ 2003ء میں شاہین ادارہ جات بیدر کی طالبہ مجتبیٰ نوشین نے چودھواں گولڈ میڈل حاصل کیا۔اس طرح یہ طلائی تمغہ ریاست بھر کے اُردو میڈیم مدارس میں بہت مقبول و مشہور ہوگیا۔ 1990ء سے 2019تک 30تمغہ جات دئے جاچکے ہیں۔2020میں کوویڈ۔2019کی وجہ سے آن لائن کلاسس نے ایس ایس ایل سی کے نتائج کو متاثر کیا جس کی وجہ سے یہ قابلِ قدر تمغہ ہم کسی اُمیدوار کو نہیں دے سکے۔2021ء میں 31گولڈ میڈل گلبرگہ کی رکن اسمبلی محترمہ کنیز فاطمہ کے ہاتھوں تفویض کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ آج  ہم دیکھ رہے ہیں کہ لڑکیاں تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کررہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لڑکیوں کو والدین کی محنتوں کی قدر ہے،لڑکیا ں تعلیمی کے معاملہ میں بہت محنتی ہوتی ہیں اور والدین کی شفقت و ان کی محنت کا حساس ہی کی وجہ سے لڑکیاں تعلیمی میدان میں اپنے مقاصد کو حاصل کررہی ہے۔پروگرام میں طلباء کے علاوہ اولیائے طلباء کی کثیر تعداد  موجود تھی۔

Latest Indian news

Popular Stories