بیدر۔15/جون۔ بیدر ضلع انچارج منسٹر اورجنگلات ماحولیات کے وزیر ایشور کھنڈرے نے چیف منسٹر سدارامیا پر زور دیا ہے کہ وہ کلیان کرناٹک (حیدرآباد کرناٹک) خطہ میں ایک میگا اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر قائم کریں تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرکے خطے کے معاشی، سماجی اور تعلیمی چیلنجوں سے نمٹا جاسکے۔ کلیان کرناٹک ایریا ڈیولپمنٹ بورڈ (کے کے آر ڈی بی) کی چیف منسٹر سدارامیا کی صدارت میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، کھنڈرے نے کلیان کرناٹک کے نوجوانوں کو نجی شعبے کی ملازمتوں کے لیے تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ علاقے کے کسی ایک ضلعی ہیڈ کوارٹر میں میگا سکل ڈیولپمنٹ سنٹر قائم کیا جائے۔کھنڈرے نے کہا کہ کلیان کرناٹک کو 371(J) آئینی ترمیم کے تحت خصوصی درجہ حاصل ہے۔ علاقے میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے محکمہ خزانہ سے پیشگی منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم اب بھی فائلیں منظوری کے لیے بھیجی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔ کھنڈرے نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ اس عمل کو تیز کرنے کے لیے واضح ہدایات جاری کریں، جس کا وزیر اعلیٰ نے مثبت جواب دیا۔کھنڈرے نے کلیان کرناٹک خطہ کے لیے علیحدہ صنعتی پالیسی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ یہ خطہ اس وقت صنعتوں، خام مال اور قدرتی وسائل کی کمی کی وجہ سے پسماندہ ہے۔ انہوں نے خطے میں 6,639 مخلوعہ تدریسی جائیدادوں کو فوری طور پر پر کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے سات ضلعی ہیڈکوارٹرز میں سے ہر ایک میں ایک گورنمنٹ ویمن ڈگری کالج کے قیام کی بھی درخواست کی۔بیدر شہر کے لیے سول پروازوں کی حالیہ بند کئے جانے پر روشنی ڈالی اور حکومت پر زور دیا کہ وہ بیدر میں سول ایوی ایشن سروسز کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

Latest Indian news

Popular Stories