سدارامیا کا انتخابی حساب غلط ہوگا: منی رتنا

بنگلور۔17/جنوری۔ کولار اسمبلی حلقہ میں کانگریس کا اب کوئی وجود نہیں ہے جہاں سے سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے انتخاب لڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ باغبانی اور کولار ضلع کے انچارج وزیر منی رتنا نے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ کولار ضلع میں بی جے پی اور جنتا دل ایس کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ کولار اسمبلی حلقہ میں ایک مخصوص طبقہ کے 40,000 ووٹوں کی وجہ سے سدارامیا نے اس حلقہ سے انتخاب لڑنے کا ارادہ کیا ہے، لیکن سدارامیا کا یہ انتخابی حساب غلط ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے کانگریس ایم ایل اے کو شکست کا خوف ستا رہا ہے۔ اس لیے انھوں نے اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لیے سدارامیا کو ضلع سے الیکشن لڑنے کی دعوت دی ہے۔ کانگریس لیڈروں کی گروہبندی سدارامیا کو شکست دینے کے لیے کافی ہے۔ بی جے پی کو انہیں ہرانے کے لیے کوئی اضافی کوشش نہیں کرنی پڑے گی۔

Latest Indian news

Popular Stories