معراج شریف (اسراء)

از:بلقیس فاطمہ ٹی سی ایچ، ایم اے، ایم ایڈ، بیدر

حضوراکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے آسمانی معجزات میں سے معراج کا واقعہ بہت زیادہ اہمیت کاحامل ہے۔ ہماری مادی دنیا سے بالکل ہی الگ عقل انسانی کے قیاس وگمان کی سرحدوں سے بہت زیادہ بالاتر ہے۔
معراج کادوسرانام ”اسراء“ بھی ہے۔اسراء کے معنی رات کو چلانا یا رات کو لے جانا ہے۔ چونکہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے واقعہء معراج کو خداوند عالم نے قرآن مجید میں ”سبحن الذی اسریٰ بعدہ لیلا“ کے الفاظ سے بیان فرمایاہے۔ اسلئے معراج کانام ”اسراء“ پڑگیا۔ چونکہ حدیثوں میں معراج کاواقعہ بیان فرماتے ہوئے حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ”عَرَج می“یعنی مجھ کو اوپر چڑھایاگیا کالفظ ارشاد فرمایا۔ اسلئے اس واقعہ کانام معراج پڑا۔
احادیث و سیرت کی کتابوں میں اس واقعہ کو بہت کثیر تعداد میں صحابہ کرامؓ نے بیان کیاہے۔
٭معراج کب ہوئی؟:۔ معراج کی تاریخ، دن اورمہینہ میں بہت زیادہ اختلافات ہیں۔ لیکن اتنی بات پر بلااختلاف سب کا اتفاق ہے کہ معراج نزول وحی کے بعد اورہجرت سے پہلے کاواقعہ ہے۔ جو کہ مکہ معظمہ میں پیش آیا۔ رجب کے مہینے میں واقعہ معراج ہوا۔
معراج بحالت بیداری جسم وروح کے ساتھ صرف ایک بار ہوئی۔ جمہورصحابہ وتابعین اور فقہا محدثین نیز صوفیائے کرام کا بہی مذہب ہے کہ معراج بحالت بیداری جسم وروح کے ساتھ ہوئی۔ لہٰذا جو شخص یہ کہے کہ معراج فقط روحانی ہوئی یامعراج فقط خواب میں ہوئی۔ وہ شخص بدعتی وگمراہ اورگمراہ کن وفاسق ہے۔ جو اس طرح کی من گھڑت باتیں وغیرہ منسوب کرتاہے۔
کیا معراج میں حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خداوندتعالی ٰ کو دیکھا؟ اس مسئلہ میں سلف صالحین کااختلاف ہے۔ حضرت عائشہ ؓ اور بعض صحابہ نے فرمایاکہ معراج میں آپؐ نے اللہ تعالیٰ کو نہیں دیکھا۔ اور ان حضرات نے فرمایاکہ آپ نے خدا کو نہیں دیکھا بلکہ معراج میں حضرت جبرائیل کوان کی اصل شکل وصورت میں دیکھاکہ ان کے چھ سو پر تھے۔ مگر صحابہ کرام اور تابعین کی ایک جماعت نے یہ فرمایاکہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سرکی آنکھوں سے اللہ تعالیٰ کو دیکھا۔
مختصر تذکرہ ء معراج:۔ معراج کی رات آپ فرماتے ہیں کہ اس شب کو ام ہانی کے گھر میں بعدنمازعشاء سورہاتھاکہ جبرئیل نے آکے مجھ کو نیند سے اٹھایا۔ میں نے دیکھاکہ جبرائیل اورمیکائیل دونوں میرے سرہانے کھڑے ہیں اور مجھ کو نیند سے جگارہے ہیں کہ حبیب مقبول اٹھو! آج کی شب آپ کی معراج ہے۔ اور آپ ؐ کو حرم کعبہ میں لے جاکر آپؐ کے سینہء مبارک کو چاک کیا۔ اور قلب انور کو نکال کر آبِ زمزم سے دھویا۔پھرایمان وحکمت سے بھرے ہوئے ایک طشت کو آپ کے سینے میں انڈیل کر شکم کا چاک برابر کردیا۔ پھر آپ کو براق پر سوارکیا۔ اور بیت المقدس تشریف لائے۔ براق کی رفتار کی تیزی کا یہ عالم تھاکہ اسکا قدم وہاں پڑتاتھاجہاں اس کی نگاہ کی آخری حد ہوتی تھی۔ بیت المقدس پہنچ کر براق کو آپ نے اس حلقہ میں باندھ دیا۔ جس میں انبیاء علیہ السلام اپنی اپنی سواریوں کوباندھاکرتے تھے۔ پھر آپ نے تمام انیباء او ررسولوں کو دورکعت نفل جماعت سے پڑھائی۔
جب آپ یہاں سے نکلے تو جبرائیل ؑ آپؐ کو لے کر آسمان پڑچڑھے۔ پہلے آسمان پر حضر ت آدم سے، دوسرے آسمان پر حضرت یحییٰ ؑ وحضرت عیسیؑ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اور کچھ گفتگو بھی ہوئی۔ تیسرے آسمان میں حضرت یوسف علیہ السلام، چوتھے آسمان میں حضرت ادریس علیہ السلام، اور پانچویں آسمان میں حضرت ہارون علیہ السلام اور چھٹے آسمان پر موسیٰ علیہ السلام سے ملے۔ اور ساتویں آسماں پر پہنچے تو وہاں حضرت ابراھیم علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔ وہ بیت المعمور سے پیٹھ لگائے بیٹھے تھے۔ جس میں روزانہ ستر ہزار فرشتے داخل ہوتے ہیں اور کعبہ کاطواف کرتے ہیں۔ بوقت ملاقات ہر پیغمبر نے خوش آمدید ا ے پیغمبر صالح کہہ کر آپؐ کااستقبال کیا۔ پھر آپ کو جنت کی سیرکرائی گئی۔ اس کے بعد آپ ؐ سدرۃ المنتہیٰ پر پہنچے۔ اس درخت پر جب انوارِ الٰہی کاپرتو پڑا تو ایک دم اس کی صورت بدل گئی۔ اوراس میں رنگ برنگے انوارکی ایسی تجلی نظر آئی کہ بیان کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔یہاں پہنچ کر حضرت جبرائیل ؑ نے یہ کہہ کر ٹہرگئے کہ اس سے آگے میں نہیں بڑھ سکتا۔ پھر حق جل جلالہ نے آپ ؐ کو عرش کے اوپر جہاں تک اس نے چاہا بلاکر آپ کو باریاب فرمایا۔ اور خلوت گاہ راز میں نازونیاز کے وہ پیغام اداہوئے جن کی لطافت ونزاکت الفاظ کے بوجھ کو برداشت نہیں کرسکتی۔ چنانچہ قرآن مجید میں ”فا وحی الیٰ عبدہ ما اوحیٰ“ کے رمز واشارہ میں خداوندقدوس نے اس حقیقت کو بیان فرمایاہے۔
بارگاہ ِ الٰہی میں بے شمار عطیات کے علاوہ تین خاص انعامات سے سرفراز فرمایا۔ جن کی عظمتوں کواللہ ورسول کے سوا اور کون جان سکتاہے؟
(۱) سورہ بقرۃ کی آخری دوآیتیں۔ (۲) یہ خوشخبری کہ آپ کی امت کا ہر وہ شخص جو شرک نہ کیاہو بخش دیاجائے گا۔(۳) امت پر 50وقت کی نمازیں۔ ان 50نمازوں کو آسمانی دنیا پر حضرت موسیٰ علیہ السلام نے روک دیا اور کہاکہ یہ امت ان50نمازوں کابار نہیں اٹھاسکے گی۔ اللہ نے ان نمازوں کومعاف کردیااور آخرکارجب پانچ وقت کی نمازیں رہ گئیں۔ تو فرمایامیرے محبوب! آپ کی امت کے لئے یہ پانچ نمازیں بھی پچاس ہوں گی یعنی نمازیں تو پانچ رہیں گی لیکن میں آپ کی امت کی ان پانچ نمازوں پر 50نمازوں کااجروثواب عطا کروں گا۔
پھر آپ ؐ عالم الملکوت کی اچھی طرح سیر فرماکر اور آیات ِ الٰہیہ کامعائنہ ومشاہدہ فرماکر آسمان سے زمین پر تشریف لائے۔ اور بیت المقدس سے مکہ مکرمہ تک تمام منزلوں اور قریش کے قافلے کو بھی دیکھا۔ ان تمام مراحل کے طئے ہونے کے بعد آپ مسجد حرام میں پہنچ کر دیکھاکہ رات کا کافی حصہ باقی ہے سوگئے۔اور صبح کو بیدار ہوئے۔ اور جب رات کے واقعات کا آپ نے قریش کے سامنے تذکرہ فرمایا تو رؤسا قریش کو سخت تعجب ہوا۔ بعض نے آپؐ کو (نعوذباللہ) جھوٹاکہا۔ اور بعض نے مختلف سوالات کئے کیونکہ بہت رئیس لوگوں نے بیت المقدس کو کو باربار دیکھاتھا۔ اوروہ چاہتے تھے کہ آپ کبھی بیت المقدس نہیں گئے تھے۔ امتحان کے طورپر ان لوگوں نے آپؐ سے بیت المقدس کے درودیوار اور اس کی محرابوں وغیرہ کے بارے میں سوالوں کی بوچھار شروع کردی۔ اس وقت اللہ تعالیٰ نے فوراً ہی آپؐ کی نگاہ نبوت کے سامنے بیت المقدس کی پوری عمارت کانقشہ پیش فرمادیا۔ چنانچہ کفار قریش آپؐ سے سوالات کرتے جاتے تھے اور آپ ؐ نشانات دیکھ دیکھ کر ان کے سوالوں کے ٹھیک ٹھاک جواب دیتے جاتے تھے۔
سفرمعراج کی سواریاں:۔ امام علائی نے اپنی تفسیر میں تحریر فرمایاہے کہ معراج میں حضورؐ نے پانچ قسم کی سواریوں پر سفرفرمایامکہ سے بیت المقدس تک براق پر، بیت المقدس سے آسمانِ اول تک نورکی سیڑھیوں پر۔ (۳) آسمان اول سے ساتویں آسمان تک فرشتوں کے بازوؤں پر (۴)ساتویں آسمان سے سدرۃ المنتہیٰ تک حضرت جبرئیل ؑ کے بازو پر (۵) سدرۃ المنتہیٰ سے مقام قاب قوسین تک رفرف پر۔
الغرض حضور اقدس صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عطاکی ہوئی طاقت سے آسمانی کائنات میں بھی تصرفات فرماتے ہیں۔ اور آپ ؐ کی خداداد سلطنت کی حکمرانی زمین تک ہی محدود نہیں بلکہ آسمانی مخلوقات میں بھی آپؐ کی حکومت کا سکہ چلتاہے۔ چنانچہ ترمذی شریف کی حدیث ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ہرنبی کے لئے دووزیر آسمان والوں میں اور دو زمین والوں میں ہواکرتے ہیں۔ اور میرے دونوں آسمانی وزیر ”جبرئیل ومیکائیل“ ہیں اور میرے زمین کے دونوں وزیر ابوبکرؓ وعمر فاروق ؓ ہیں۔(مشکوٰۃ جلد ۲، صفحہ 560، باب مناقب ابوبکر ؓ)

Latest Indian news

Popular Stories