دہلی ۔یکم /ڈسمبر۔ (ٹی ایچ جی نیوز بیورو )۔کرناٹک کے دیہی ترقی کے وزیر اور بی جے پی رہنما کے ایس ایشورپا نے ایک متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کسی بھی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دے گی۔ ہندوؤں میں کسی بھی ذات سے قطع نظر، بی جے پی انہیں ٹکٹ دے گی۔ اسی کے ساتھ ہی اسدالدین اویسی نے اس بیان کو شرمناک قرار دیا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے ایشورپا کے بیان کو شرمناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ہے کہ یہ ناگوار اور شرمناک ہے لیکن حیرت کی بات نہیں ہے۔ ہندوتوا کا خیال ہے کہ صرف ایک برادری کو سیاسی طاقت کا حق حاصل ہے اور باقی سب محکوم ہیں۔ یہ نظریہ ہمارے آئین کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہے، جو آزادی، برادری، مساوات اور انصاف کی بات کرتا ہے۔




