جاوید اختر کے کھرے بیان پر ہنگامہ آرائیاں

گزشتہ ہفتے لاہور (پاکستان) میں فیض احمد فیض کی یاد میں منعقدہ ساتویں فیض میلے میں نغمہ نگار شاعر جاوید اختر سے جب کہا گیاکہ وہ اپنے ساتھ امن کا پیغام لے جائیں، اور ہندوستانیوں کو بتائیں کہ ان کا ملک (پاکستان) مثبت، دوستانہ اور محبتوں کا ملک ہے، اس پر جاوید اختر نے سامعین سے مخاطب ہوکر برملا کہا کہ ایک دوسرے پر الزام تراشی سے کچھ حاصل نہ ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان یہ جو گرم فضاء ہے، کشیدگی ہے، اسے کم کرنا چاہئے، میں اس موقع پر تکلف سے کام نہ لوں گا، ہم ممبئی میں رہتے ہیں، ہم نے دیکھا ہے کہ 26/11 کو کس طرح دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا، وہ لوگ ناروے یا مصر سے تو نہیں آئے تھے، وہ آج بھی آزاد پھر رہے ہیں، آپ کے ملک میں، اگر کسی ہندوستانی کے دل میں یہ شکایت ہو تو آپ کو برا نہیں ماننا چاہئے، جبکہ ہم نے ہندوستان میں نصرت فتح علی اور مہدی حسن کے بڑے پروگرام کئے اور آپ کے ملک میں لتا منگیشکر کا ایک پروگرام بھی نہ ہوسکا، پاکستان کی فلمی شخصیات جو جاوید اختر کی آمد پر اپنی محبتوں کا اظہار اور شفقتیں نچھاور کر رہی تھیں، اس بیان پر وہ اپنے غم و غصہ اور ناراضی کا اظہار کرنے لگیں، وہاں کے چند ٹی وی چینلز اور سوشیل میڈیا پر جاوید اختر کے بیان پر بحث ہو رہی ہے اور سخت مذمت کا سلسلہ چل پڑا ہے۔ ٹوئیٹر پر اچھے برے تبصرے ہو رہے ہیں، اس دوران ہندوستان میں فرقہ پرستوں نے اس بیان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جرأتمندانہ قرار دیا، یعنی دونوں ملکوں میں آج بھی کچھ ایسے افراد موجود ہیں جو کشیدگی کو برقرار رکھنے کے آرزومند ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ تعلقات میں سدھار آئے اور باہمی امن فروغ پائے۔
جاوید اخترکے ”فیض میلہ“ میں فیض صاحب کے نواسے عادل ہاشمی سے گفتگو کے سیشن کے دوران وہاں موجود سامعین نے جاوید اختر کے کھرے اظہار پر جم کر تالیاں بجائیں، گویا حقیقتوں اور صداقتوں کا انہوں نے خیر مقدم کیا، جاوید اختر نے گفتگو کے دوران بتایاکہ لاہور صرف دو دن کیلئے آیا ہوں، اگلی بار بلائیں تو ایک ہفتے کیلئے بلائیں،تاکہ یہاں چاہنے والے لوگوں کے درمیان رہ سکوں، وطن واپسی پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان دوستی کے طلبگار ہیں، وہ آپ سے کھل کر گلے ملنا چاہتے ہیں، یہ سوچ لینا اور مان لینا کہ حکومت کی حکمت عملی اور پالیسی سب کیلئے قابل قبول اور لائق عمل ہوتی ہے، یہ غلط ہے۔ اور وہ جو میں نے کہاکہ وہ ایسا کونسا تیر مار لیا جس پر اتنی زیادہ توجہ اور رد عمل ہو رہا ہے۔ اس صورتحال سے مجھے کوفت ہو رہی ہے۔
پاکستان میں جاوید اختر کے بیان کو لے کر ملا جلا تاثر ہے۔ مگر تاثرات میں اکثریت ان احباب کی ہے جو اپنا موقف، اپنے مطمح نظر کو ہی مقدم اور درست مانتے ہیں، غلط فہمیوں کے ازالے کیلئے دونوں ممالک کے چند حلقوں میں کوئی مثبت پہل کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں، باوجود ان حالات کے کچھ ایسے بھی شاعر، فنکار اور دانشور ہیں جو آرٹ اور کلچر کے ذریعہ حالات میں تبدیلی کے خواہاں اور امن کے طلبگار ہیں، مگر سرحدوں کے درمیان تناؤ برقرار ہے۔ سیاست نے اپنا الگ رنگ اوڑھ لیا ہے، جاوید اختر نے جس بے باکی اور کھلے ذہن کا مظاہرہ کیا ہے کہ وہ امید افزاء فکر کی نمائندگی کرتا ہے، مگر دونوں ممالک میں اس امید افزاء فکر و رجحان کی حمایت اور مخالفت کے لوگ واضح طورپر نظر آتے ہیں۔ جو نظر نہیں آتے ان کی تعداد تو بہت ہی ہوگی۔ ویسے اپنے ملک ہندوستان میں ایک خاص حلقہ یا طبقہ وہ ہے جو عرصہ دراز سے پاکستان کو ہندوستان کا دائمی دشمن Permenant Enemy کے طورپر نمایاں کرنا چاہتا ہے تاکہ ان کا خفیہ ایجنڈا چلتا رہے، وہ سلسلہ جو علی سردار جعفری کی نظم کے حوالے سے شروع ہوا تھا، کہ”گفتگو بند نہ ہو بات سے بات چلے“، یہ سلسلہ اب رکا رکا سا ہے۔ وہ لوگ جو دونوں ممالک کے مابین نفرتوں کے خاتمے اور امن کی امیدوں کو ہر سو پھیلانے کے متمنی تھے، اور امن کی آشاء کی تحریک کی حمایت میں آگے بڑھے تھے، بڑھتی کشیدگی سے وہ خاموش ہوگئے تھے، جاوید اختر کے اس بیان سے دیکھنا ہے کیا رنجشیں کم ہوں گی اور دلوں کے دروازے کھلیں گے، شاید فوری طور پر حالات تبدیل نہ ہوپائیں، مگر کوششیں دونوں جانب سے ہوں تو بہتری کی امیدیں رواں رہ پائیں گی۔

Latest Indian news

Popular Stories