محمد اعظم شاہد
ملک کی نامور مؤرخ ومصنف مسز رومیلا تھا پر سے مشہور ٹیلی ویژن اینکر اور صحافی کرن تھا پر نے ’دی وائر‘کے لیے ایک خصوصی انٹرویو کیا ہے۔ چند مہینے پہلے لیے گئے اس انٹرویو کو یوٹیوب پر دیکھا جا سکتا ہے، مفصل گفتگو پر مشتمل اس انٹرویو کے اختتام پر مسز رومیلا جی کو جب پوچھا گیا کہ جس طرح کا بھارت اب مودی حکومت کے دوران تشکیل پا رہا ہے، کیا آپ اس صورتحال سے مطمئن ہیں؟ کیا یہ آپ کے خوابوں کا اور آپ کے تصور سے میل کھاتا ہوا یہ بھارت ہے؟ نہیں ہرگز نہیں! فوری اپنا جواب دیتے ہوئے مسز رومیلا جی نے برملا یہ کہا۔ اس کی وجوہات بیان کرتے ہوئے آپ نے کہا کہ مودی کے دور میں ہندوستان سکڑتا ہوا محسوس ہوتا ہے، بہت ہی محدود اور تنگ نظر بھارت لگتا ہے، یہ صرف ایک طرفہ سوچ کا بھارت بن گیا ہے، اس لیے بھی کہ وہ روایتی ثروت مندی فکر و عمل کی فضا اب معدوم ہونے لگی ہے، عوام کے لیے کھلے ماحول میں ترقی کرنے اور ان کے وسائل کے معقول استعمال کی راہیں بند ہوتی نظر آرہی ہیں، پروفیسر رومیلا تھا پر کا ملک کے موجودہ حالات اور حکومت کی کارکردگی پر یہ بے لاگ تبصرہ دعوتِ فکر دیتا ہے، حالات کا تجزیہ کرنے اور سمجھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ ویسے روشن خیال اور حقیقت پسند مؤرخین، دانشور اور مصنفین سے فاصلے بنائے رکھنا، مودی اور ان کی حکومت کی عادت رہی ہے، ان (مودی اور ان کے رفقا) کے نزدیک خوشامد کرنے والوں کا اور اپنے اصولوں سے سمجھوتہ اور سودا کرنے والوں کا ایک ہجوم سا جمع رہتا ہے، حکومت کی ہاں میں ہاں ملانا ہی ان کے لیے باعث ِعافیت ہے۔ ہر بڑے عہدے پر فائزہونے والا شخص مودی کی مہربانیوں کا قرض اُتار نے ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔ ایک مثال دیکھئے نیشنل کونسل فار پروموشن آف اُردو لنگویج (قومی کونسل برائے فروغ زبان اُردو) نے آرایس ایس کے سربراہ شری موہن بھاگوت کی تحریروں پر مشتمل ایک کتاب اور مودی کی ’من کی بات‘ ریڈیو پروگرام کی تقاریر پر مبنی کتاب بڑے ہی اہتمام سے شائع کی ہے، اس قدر چاپلوسی کی روش اس سے پہلے کم سے کم این سی پی یو ایل میں دیکھی نہیں گئی۔ اُردو زبان و ثقافت کے فروغ کے کام ادھورے رکھ کر آر ایس ایس اور بی جے پی کی حمایت کرنا اب اس ادارے کا نصب العین بن گیا ہے۔
91 سالہ مسز رومیلا تھا پر بے خوف و خطر اپنے فکری موقف کا اظہار کرتی رہی ہیں، مرکزی حکومت کے زیر نگرانی وزارت ترقی انسانی وسائل (ایم ایچ آرڈی) جس کے تحت محکمہ تعلیمات کام کرتا ہے، اس محکمہ میں تعلیمی نصاب میں تاریخی حقائق حذف کر کے من گھڑت قصے کہانیوں کو تاریخ کے نام پر شامل کرنے کی کارستانیوں پر رومیلا جی نے حکومت کو کئی بار آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ تاریخ سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی زعفرانیت کی روش پر کھلے عام اپنا موقف جتاتے ہوئے آپ نے اسے تعلیمی شعبے میں طالب علموں کے ذہنوں کو پراگندہ کرنے کی سازش بتایا ہے، پورے ملک کے اہل نظر آپ کی تحریریں اور آپ کی لکھی کتابوں کو لائق اعتبار سمجھتے ہیں اور نہایت ہی احترام سے آپ کی فکر و صلاحیتوں کی قدرکی جاتی ہے۔ آپ کی تعلیمی خدمات کا باذوق لوگ اعتراف کرتے ہیں، مگر رومیلا جی ایسی شخصیات دیگر روشن خیال دانشوروں اور مؤرخین کی طرح (مودی) حکومت کو ایک آنکھ نہیں بھاتیں۔ البتہ ایسی ہستیوں کو جنھوں نے آزادی سے قبل اس ملک کو دیکھا اور حصول آزادی کے بعد ملک کو بڑھتے سنورتے دیکھا ہے، انھیں اپنی آزاد خیالی اور بے باکی کے باعث معیوب سمجھا جانے لگا ہے۔ حکومت کا اس طرح کا منفی طرز ِعمل اس عظیم ملک کی بے داغ وراثت کے خلاف ہے، یہ آج کے بھارت کا ایک المیہ ہے (المیات کی فہرست کافی طویل ہے)
مودی کی مخالفت میں نہیں مگر ان دنوں کے حالات اور آج کے حالات کا موازنہ کرتے ہوئے اپنے اس انٹرویو کے دوران ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کی روشن خیالی اور علم دوستی کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر رومیلا تھا پر ایک واقعہ بیان کرتی ہیں، واقعہ یہ ہے کہ جب وہ نئی نئی شعبہ تدریس سے بیس بائیس سال کی عمر میں وابستہ ہوئیں۔ انھوں نے اپنی ایک تحریر پنڈت نہرو کو ڈاک سے بھجوائی تھی، جس پر پنڈت نہرو نے ا نھیں ایک خط لکھا یہ کہتے ہوئے کہ وہ شکر گزار ہیں کہ انہیں یہ تحریر بھجوائی گئی اور بتایا گیا کہ وہ اپنی فرصت میں اُسے ضرور پڑھیں گے اور اپنے تاثرات لکھ بھیجیں گے، حالات کا تقابلی تجزیہ کرتے ہوئے مسز رومیلا جی نے کہا کہ کہاں وہ (پنڈت نہرو) وزیر اعظم نے جو ایک نوجوان کی لکھی تحریر پر خط کے ذریعہ جواب لکھنے کی زحمت گوارا کی تھی۔ اور آج کا یہ ماحول!! بس ایک چھوٹا سا واقعہ ہی بہت کچھ کہہ جاتا ہے۔ رومیلا جی کی حقیقت پسندی نے ان کے ایک وسیع حلقہ احباب کو پورے ملک میں اور بیرون ملک بھی متاثر کیا ہے۔ اب جبکہ یہ روش چل پڑی ہے کہ چپ ہو جا کچھ بول نہیں ایسے میں بول کہ لب آزاد ہیں تیرے، بول زبان اب تک تیری ہے بول کہ بیچ زندہ ہے اب تک، بول جو کچھ کہنا ہے کہہ لے (فیض احمد فیض) اس فکر پر کارفرما احباب کا بولنا حکومت کے لیے گراں گزرتا ہے، اور اہل نظر کے لیے ایسی بے باکی گویا تقویت کا باعث ہوتی ہے۔




