محمد اعظم شاہد
منی پور میں بھڑکتے شعلے اور بر بریت پر روایتی خاموشی، جے پو رممبئی چلتی ٹرین میں فائرنگ پر خاموشی، ہریانہ کے نوح ضلع اور گروگرام میں فسادات پر خاموشی، مسلمانوں سے نفرت اور کھلے عام نفرت کے اعلانات اور نعرے بازی پر خاموشی، یوگی مہاراج کی اتر پردیش بلڈوزر سیاست کی ہریانہ میں تقلید اور مسلمانوں پر ہوئے عتاب پر خاموشی، بڑے بڑے اجلاس میں دہاڑتی تقریریں، ملک میں جمہوریت کی کامیابی اور ترقی کے دعوے،مگرپارلیمان میں بیان دینے پر خاموشی، گویا ہونٹ سل گئے ہوں، ایسی خاموشی اور دوسری جانب ہندو پرست حکومت کی نا اہلی یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والے تمام طبقات میں سماجی تحفظ کے احساس کو قائم رکھنا مرکزی حکومت کی اوّلین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ کہ حالات کو ملک کے مفاد میں قابو میں رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات بھی ان سنی سی رہ جاتی ہے، | گودی میڈیا سے الگ متبادل میڈ یا جوحکومت سے سوال کرتا ہے، حکومت کی کارکردگی پر جوابدہ بناتا ہے، اس کی آواز بھی فراموش کر دی جاتی ہے۔ اس منظر اور پس منظر میں ملک کے آئین کے اصولوں کی پاسداری کہاں ہو پاتی ہے؟ جمہوریت کے اصولی تقاضے کہاں پورے ہو پاتے ہیں؟ نفرت کی کھیتی کی جارہی ہے،مسلسل نفرت کی فصلیں اگائی اور کاٹی جارہی ہیں، فائدہ پہنچ رہا ہے تو فرقہ واریت کو اور مذہب کے نام پر سیاست کرنے والے پاکھنڈیوں کو۔ ہندومسلم تفرقے کو اپنے مقاصدکے لیے بار بار ملک میں گر مایا جاتا رہا ہے۔ ہریانہ کے نوح میں بجرنگ دل اور دیگر ہندو تنظیموں کی سازش سے بھڑ کنے والے فساد کی آڑ میں زیادہ تر مسلمانوں کی دکانوں پر بلڈوزر چلایا جاتا ہے، برسوں سے کاروبار کر رہے تاجروں کو زمین کے غیر قانونی قبضہ کے نام پر ان کی دکانوں کو منہدم کر دیا جاتا ہے، پولیس اور عدلیہ کہتی ہے کہ نوٹس قبل از وقت دی گئی تھی،مگر دکاندار کہتے رہے ہیں کہ بغیر کسی اطلاع یا نوٹس کے بلڈوزر چلائے گئے۔ وہ بھی اتنی عجلت میں کہ دکان کا سامان بھی باہر نکالنا محال ہو گیا تھا۔ اب جبکہ ہریانہ پولیس نے یہ الزام مسترد کر دیا ہے کہ نوح میں ہوئے فسادات میں مسلمانوں کی کسی بھی طرح کی شمولیت ہی نہیں ہے اور نہ ہی پڑوسی ملک کا کوئی کنکشن رہا ہے، اب بھی حکومت خاموش ہے۔

جئے پورممبئی چلتی ٹرین میں ریلوے پولیس فورس کا نسٹیبل چیتن سنگھ کا اپنے سینئر اور تین مسلم مسافروں کو گولیوں کا نشانہ بنا کر اور کھلے عام دیوانہ وار یہ کہنا کہ ہندوستان میں ووٹ اگر دینا ہے تو صرف دوہی کو دینا ہے، یوگی اور مودی کو۔ خون میں لت پت لاشوں کے پاس ٹھہر کر یہ کہنا کہ آج کل ٹی وی پر بھی یہی کچھ دکھایا جارہا ہے۔ یہاں ٹی وی سے مراد وہی گودی میڈیا ہے جو حکومت کی خاموشیاں چھپا کر، حکومت کے جھوٹ کو سچ ثابت کرتا ہے۔ نفرت کی آگ پھیلاتا ہے، مذہب کے نام پر ہندو مسلم کے فرسودہ ایجنڈے کو کھلے عام دکھاتا رہتا ہے، ایسے واقعات جن کا یہاں تذکرہ کیا گیا ہے۔ یہ سب ملک کی ترقی اور اس ملک کے ہم وطنوں کی بقائے باہمی کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور حکومت ہے کہ خاموش ہے جیسا کہ کچھ ہوا ہی نہیں۔ ایسی پر اسرار خاموشی ملک کی سا لمیت اور استحکام کے لیے مہنگی ثابت ہوگی اور اس کا خمیازہ وہ بے قصور لوگ مسلسل اٹھاتے رہے ہیں جنہیں اپنی زندگی جینے کی روزانہ جنگ یا سنگھرش سے فرصت ہی نہیں ملتی۔ ہمارے مودی جی جہاں بولنا ضروری ہے، جہاں حالات کو فوری قابو میں لانے کے لیے فوری احکامات جاری کرنے ہیں، اور جہاں کسی بھی طرح کی بربریت سے باز رہنے کی باضابطہ تاکید کرنی ہے، وہاں خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، اور جہاں اعتدال پسندی اور خاموشی کی ضرورت ہو وہاں گرجتے دہاڑتے رہتے ہیں۔ ایسی خاموشی ہی ان کے لیے ہتھیار بن کر کام کرتی ہے، گویا سب کی سن اور اپنا کام کر، والی بات ہے۔
حاکمانہ تکبر سے بہتر ہے کہ سیاسی تدبر رو بہ عمل ہو، ایسی آرزو اور ایسی خواہش ہر امن پسند ہندوستانی کی ہے، مگر اس طرح کی آرزووں Aspirations کو سمجھنے اور قدر کی نگاہوں سے دیکھنے کی ہنر مند آنکھیں نہ ہوں، تو حالات کل وہاں بگڑے ہیں اور آ نے والے کل کسی اور جگہ بگڑیں گے، خاموشی احتجاج کی آوازوں کو خاموش نہیں کر سکتی۔ اگر زندوں میں شامل ہے تو دلیل یہی ہے کہ سنے اور بولے، اس طرح خاموشی ایک خاموش فلم ہی تو ہے۔

ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے
خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا
(ساحر)
کروڑوں ہندوستانیوں کے اعتماد کے ساتھ کھیلنا ایک ظلم ہی تو ہے۔ ان بے قصور لوگوں کا کیا قصور ہے کہ انہیں دن رات فسادات کی آگ میں جھلسایا جارہا ہے۔ خاموش تماشائی بن کر حالات سے بے خبر ہونے کا تاثر دینا اور پھیلتی آگ بجھانے سے آنکھیں چرا لینا، یہ محض ایک کھلواڑ ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہی ہے۔




