اعظم شاہد
پارلینٹ کی قدیم عمارت سے نئی عمارت کی منتقلی کے دوران وزیر اعظم نے اعلان کیا تھاکہ 75 سال کی جمہوریت کو نئی عمارت میں تقویت ملے گی۔ ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ کے چار روزہ خصوصی اجلاس کے آخری دن یعنی 21 ستمبر 2023 اس نئی عمارت میں ایک نئی شرانگیزی کا آغاز ہوا، پہلی بار جمہوریت کی مان مریادا کو بدکلامی، بدچلنی اور بے ہودگی سے داغدار کیاگیا۔ یہ شرمناک واقعہ لوک سبھا میں ہوا، جو موالی، غنڈے اورجاہل قسم کے بدچلن لوگ سڑکوں اور بازاروں میں اپنی گالی گلوچ اور بدکرداری سے جس طرح انسانیت کو شرمسار کرتے ہیں، اسی طرح کا مظاہرہ بی جے پی کے ایم پی رمیش بدھوڑی کی جانب سے ہوا۔ پارلیمانی اصول و ضوابط کو اپنی غیر ذمہ داری سے پامال کرتے ہوئے جس طرح کی زبان اور جملے اس بیہودہ شخص نے استعمال کئے وہ نہ صرف لائق مذمت ہیں، بلکہ قانونی کارروائی (تادیبی اقدام) کے مستحق بھی ہیں، اترپردیش کے امروہہ حلقہ پارلیمان کی نمائندگی کرنے والے بی ایس پی کے کنور دانش علی کو جن عامیانہ القاب سے ورغلایاگیاا ور کھلے عام دہشت گرد کہتے ہوئے دھمکی بھی دی کہ باہر آ تجھے دیکھ لوگوں گا، ایک رکن پارلیمان کو اپنے ہم منصب ساتھی کے ساتھ اس طرح کا نازیبا سلوک کرنا جمہوری اقدار اور پارلیمانی نظام کی توہین ہے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بدھوڑی کی بکی گالیوں کو پارلیمانی کارروائی کے ریکارڈز سے خارج کرنے کے احکام جاری کئے۔ دانش علی کی تحریری شکایت جس میں دستور کے متعلقہ دفعات کے حوالہ دے کر بدھوڑی کی اشتعال انگیزی ہیچ اسپیچ نفرت آمیز تقریر پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ باور کروایاکہ اگر مناسب کارروائی نہ ہو تو وہ اپنی پارلیمانی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے، وہ اس لئے بھی کہ ان کے حلقہ انتخاب کے ووٹرس نے انہیں گالیاں سننے نہیں بلکہ ان کی بھرپور اور معقول نمائندگی کیلئے ایوان بھیجا ہے۔ لوک سبھا اسپیکر نے بدھوڑی کو محض تاکید کی ہے کہ آئندہ اس طرح کی بے قاعدگیاں اس سے دوبارہ ہونے نہ پائیں۔
دلی سے تین مرتبہ ایم ایل اے اور ساؤتھ دلی سے دوسری مرتبہ ایم پی بننے والا بدھوڑی جب لوک سبھا میں دانش علی کو نشانہ بناتے ہوئے Un Parliamentary زبان استعمال کرتے بے تحاشا گالیاں بک رہا تھا، ساتھ بیٹھے روی شنکر پرساد اور ڈاکٹر ہرش وردھن، یہ دونوں مرکزی وزیر رہ چکے ہیں اور بی جے پی کے نامور چہروں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ یہ دونوں ہی اس دوران ہنستے نظر آئے،گویا اس پورے منظر کا لطف لے رہے ہوں۔ کھلے عام مسلمانوں سے بی جے پی اور آر ایس ایس کی دشمنی …… یہ تو جگ ظاہر ہے۔ مگر اندرون پارلیمان مسلم دشمنی کا اظہار کرتے ہوئے نفرت انگیز گالی گلوچ کا مظاہرہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے پہلے سیشن کے آخری دن پارلیمانی تاریخ میں سیاہ دن کے طورپر یاد رکھا جائے گا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ہونے کے ناطے معافی تو مانگ لی۔ بی جے پی نے اپنے اہم رکن پارلیمان بدھوڑی کو وجہ بتلاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے موقع فراہم کیا ہے کہ معینہ مدت میں اپنی تاویلات پیش کریں۔ وزیر اعظم اکثر ایسے معاملات پر خاموش رہتے ہیں۔ ان کا کوئی رد عمل اب تک سننے میں نہیں آیا۔ سادھوی پرگیہ جو بی جے پی کی لوک سبھا ایم پی ہے، جب اس نے ایک بار بیان دیاتھاکہ گاندھی جی کے قابل ناتھورام گوڈسے دیش بھکت ہیں، اس پر مودی نے کہا تھاکہ میں نے دل سے انہیں معاف نہیں کیا ہے۔ ایسا ہی کچھ بیان شاید وہ عنقریب دے ڈالیں، اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں ہے۔
ایک مسلم ایم پی کے ساتھ اس طرح ناروا سلوک اور پارلیمنٹ کے اسپیکر کی جانب داری بھی عجیب لگتی ہے۔ اس لئے بھی کہ گزشتہ پارلیمانی سیشن کے دوران کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری، ترنمول کانگریس کے ڈریک اوبرائن، عام آدمی پراٹی کے سنجے سنگھ اور رگھو چڈھا کو وفقہ سوالات کے دوران جواب طلب کرنے کی کارروائی کے دوران ان کی ہلکی سی مداخلت کو کاررائی میں خلل ڈالنے کی پاداش میں معطل کردیاگیا تھا۔ بدھوڑی کی شرمناک شرانگیزی پر دوغلے معیار کا رویہ ان کہے بہت کچھ کہتا ہے۔ دلی میں این آر سی اور سی اے اے قانون کی مخالفت کرتے مسلمانوں پر ایم پی انوراگ ٹھاکر (جو اب مودی کابینہ میں وزیر ہے) نے کھلے عام یہ دھمکی دی تھی کہ دیش کے غذاروں کو گولی مارو سالوں کو۔ اس موقع پر پولیس بھی موجود تھی۔ مگر کارروائی کچھ بھی نہیں ہو پائی۔ایک اور ایم پی (اب وزیر) گری راج سنگھ نے مسلمانوں پر نئے نئے الزامات لگانا اور پاکستان چلے جانا کا احمقانہ مشورہ دینے کا ٹھیکہ لے لیا ہے۔ ہر کوئی اپنی زبان سے ایم پی رہتے اور کابینہ میں وزیر ہوتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں۔ مگر کوئی ان کا کچھ بگاڑتا نہیں ہے حوصلے ان کے بلند ہی رہتے ہیں۔
ہر معاملے میں ہندو مسلمان کی تفریق اور نفرت کی آگ چاروں طرف عام ہے۔ مگر پارلیمان میں بھی اب ہندو مسلمان کی مذموم تفریق ملک کی وراثت کے خلاف ہے۔ دانش علی نے اپنے ساتھ ہوئی بداخلاقی کو ”لفظی لنچنگ“ کہا ہے۔ اپوزیشن دانش کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ مگر بی جے پی کا اصلی رنگ کئی بار ظاہر ہوا ہے۔ اس بار پارلیمان میں جو ہمارے ملک کا سب سے اعلیٰ جمہوری ادارہ ہے۔ یہاں مسلم دشمنی کا کھلے عام مظاہرہ قانون اور جمہوری نظام کی اجارہ داری پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔




