محمد ندیم الدین‘پرتاپ گڑھی
آج ہم ایک اہم مسئلہ کی طرف آپ حضرات کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں۔وہ مسئلہ یہ ہے کہ آج مسلمان بلکہ پوری اُمتِ مسلمہ میں لوگ 14/فروری کو خوشی کے دن کے طورپر منانے لگے ہیں۔اس دن لوگ ایک دوسرے کو کارڈ و پھول بھیجتے ہیں‘ملاقات کرتے ہیں۔اس دن کو ویلٹائن ڈے کہا جاتا ہے۔جب ہم نے اس بارے میں ریسرچ کیا تو پتہ چلا کہ یہ تہوار ان لوگوں کا ہے جو شیطان اور آگ کی پوجا کرتے ہیں۔ایلو مناٹی جس کی تنظیم کا کام ہی لوگوں کو اللہ کی عبادت سے ہٹا کر شیطان کی عبادت پر لگانا ہے۔وہ بڑی محنت سے اس کام میں لگے ہیں۔کیا مسلمان بھائی بہن اب شیطان کے ماننے والوں کے تہوار کو منائیں گے۔ یہ بہت بڑا سوال ہے۔مسلمان آج کل اس دو ر سے گزر رہے ہیں جس کے بارے میں محمدؐ نے ارشاد فرمایا تھا کہ مسلمانوں پر ایک دور ایسا آئے گا کہ وہ اس دور میں یہودیوں اور کافروں کے ساتھ اعلانیہ زنا کرچکا ہو تو اس دور کے بعض مسلمان اس طرح کریں گے۔دورِ حاضر میں تقریبا مسلمانوں پ روہی حالت طاری ہوچکی ہے۔کبھی یہودیوں کی آگ کی عبادت کرنے والے‘کبھی شیطان کی عبادت کرنے والوں کے مذہبی تہوار کو بڑے اہتمام سے اور حوشی کے ساتھ مناتے ہیں۔حد تو یہ ہوگئی ہے کہ سیکولر ہونے کے نام پر ہاتھ جوڑ کر سلام کرنا‘ان کے مشرکہ تہواروں میں شریک ہوکر مبارک باد دینا۔اور سیکولر ہونے کے نام پر اسلامی شعار‘ایمان کو اسلامی قانون کو مسلمان نظر انداز کرنے لگے ہیں۔ہمارے نوجوان غیر مسلموں کے ایجاد کردہ گناہوں سے بھر پور رسم رواج اور تہواروں کی غلاظت میں ملوث ہورہے ہیں۔ان غیراسلامی طور طریقوں میں سے ایک آج کے دور میں محبت کے نام پر ”ویلنٹائن ڈے“ منانا ہے، اس تہوار کا آغاز مغربی ممالک سے ہوا،جہاں غیرمسلم مادر پدر آزادی کے ساتھ رہتے ہیں اور فحاشی و عریانی اور جنسی بے راہ روی کو وہاں ہر طرح کا قانونی تحفظ حاصل ہے۔ اور اس تہوار کے منانے کا انداز یہ ہوتا ہے کہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے بے پردگی و بے حیائی کے ساتھ میل ملاپ، تحفے تحائف کا لین دین سے لے کر فحاشی و عریانی کے ہر مظاہرہ کا جتنا ہوسکے کھلے عام یا چوری چپکے ارتکاب کیا جاتا ہے۔اسلامی معاشرہ میں نوجوان اس دن کھلم کھلا گناہوں کا ارتکاب کرکے نہ صرف یہ کہ اپنے نامہ اعمال کی سیاہی میں اضافہ کرتے بلکہ مسلم معاشرہ کی پاکیزگی کو بھی ان بے ہودگیوں سے ناپاک و آلودہ کرتے ہیں۔ بدنگاہی، بے پر دگی، فحاشی و عریانی، غیر محرم لڑکے لڑکیوں کا میل ملاپ، فحش ہنسی مذاق اور پھر اس ناجائز تعلق کو مضبوط کرنے کیلئے تحائف کا تبادلہ اور آگے بڑھ کر بدکاری تک کی نوبت جیسی برائیاں اس دن کے منانے کے نتائج ہیں۔ دوسروں کی بہن، بیٹی کی عزت تار تار ہوتی ہے، اس دن رقص، موسیقی، مے خوری اور بدکاری کے ریکارڈ توڑے جاتے ہیں۔اسلامی تعلیمات کا سر عام مذاق اڑایا جاتا ہے۔ اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا کہ غیرم محرم کے ساتھ دوستی کا ناطہ جوڑا جائے بلکہ اسلام نے ہمیشہ حیاء و پاکیزگی کی تعلیم دی ہے چنانچہ اللہ تعالی نے سورہ نور میں ارشاد فرمایا ”(اے نبی) مسلمان مردوں کو حکم دو کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں یہ ان کیلئے بہت پاکیزہ (حکم) ہے بے شک اللہ کو ان کے کاموں کی خبر ہے اور مسلمان عورتوں کو حکم دو کہ وہ (بھی) اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اوراپنی پاک دامنی کی حفاظت کریں اور اپنی زینت کو ظاہر نہ کریں۔ اور ایک مقام پر فرمایا اے نبی اپنی ازواج، اپنی بنات اور تمام مسلمانوں کی عورتوں سے فرمادو کہ اپنی چادروں کا ایک حصہ اپنے منہ پر ڈالے رہیں یہ اس سے نزدیک تر ہے کہ ان کی پہچان ہو پس وہ تکلیف نہ دی جائیں اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔ ایک اور مقام پر فرمایا (تمہارے لئے پاکدامن عورتیں اس وقت حلال ہیں) جب تم ان کے مہر ادا کرکے نکاح میں ان کے محافظ بنو، اور سورہ نساء میں مومن عورتوں کے اوصاف بیان کرتے ہوئے فرمایا (مومن عورتیں) پاکدامن (رہتی ہیں) نہ شہوت پرست (ہوتی ہیں)، نہ خفیہ دوست بنانے والی۔ اور حدیث پاک میں ہے کہ ہاتھ کا زنا (نامحرم کو) پکڑنا ہے پاؤں کا زنا (حرام کی طرف) چل کر جانا ہے اور منہ کا زنا بوسہ لینا ہے۔ (ابوداؤد شریف) ایک مقام پر آپﷺ نے فرمایا تم میں سے کسی کے سر میں لوہے کا گرز گھونپ دیا جائے تو یہ اس کیلئے اس سے بہتر ہے کہ وہ ایسی عورت کو چھوئے جو اس کیلئے حلال نہیں۔ اور شراب نوشی کے بارے میں حدیث قدسی میں ہے کہ اللہ تعالی فرماتا ہے میری عزت کی قسم جو میرا بندہ شراب کا ایک گھونٹ بھی پئے گا میں اسے اتنی ہی (جہنمیوں) کی پیپ پلاؤں گا۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جو شخص شراب پئے گا اس کی چالیس روز کی نماز قبول نہ ہوگی۔(ترمذی) زنا کی بارے میں قرآن میں ارشاد باری ہے اور بدکاری کے قریب نہ جاؤ بے شک وہ بے حیائی ہے اور بہت ہی برا راستہ ہے۔اللہ تعالی نے قرآن میں ارشاد فرمایا بے شک وہ لوگ جو پسند کرتے ہیں کہ ایمان والوں میں بے حیائی پھیلے ان کیلئے دنیا و آخرت میں درد ناک عذاب ہے۔ نیزآج کا نوجوان یاد رکھے اگر وہ آج ہنس ہنس کر گناہ کرے گی تو کل اس کی اولاد گناہوں کی نحوست کا شکار ہو گی۔کتنی افسوس ناک بات ہے کہ مسلمان لڑکے لڑکیاں بھی مصنوعی محبت کے جذبہ میں یہ دن منائیں اور ویلنٹائن کارڈ، سرخ غبارہ، چاکلیٹ، مصنوعی دل اور سرخ پھول سے لے کر بے حیائی و بے پردگی کے میل ملاپ تک تمام فحاشی و عریانی کو بخوشی قبول کریں۔ یہ محبت کا مذاق ہے محبت تو ایک پاکیزہ انسانی جذبہ ہے جو بندہ مومن کے دل میں اللہ اور اس کے رسول کیلئے پیدا ہوتا ہے اہل مغرب نے اس کو اپنی خواہشات نفسانی کے حصول میں بدنام کیاایسی دنیاوی محبت و دوستی کے بارے میں اللہ تعالی نے قرآن میں ارشاد فرمایا ”گہرے دوست اس (قیامت کے) دن ایک دوسرے کے دشمن ہوں گے سوائے پرہیز گاروں کے“ یعنی اسلامی تعلیمات کے مطابق محبت و دوستی کرنے والے قیامت میں ایک دوسرے کے دشمن نہ ہونگے کیونکہ اسلام میں قانون یہ ہے کہ اگر کسی سے محبت کی جائے تو وہ اللہ کی رضا کی خاطر اور اگر کسی سے بغض رکھا جائے تو وہ بھی اللہ کی رضا کی خاطر،اس سے واضح ہوا کہ اسلام محبت کا درس دیتا ہے لیکن ایسی محبت نہیں جو ہوس پرستی میں رنگی ہو بلکہ خالص اللہ کیلئے محبت ہو،نبی کریم ﷺ نے فرمایا کوئی بندہ اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک وہ مجھ سے اپنے والدین، اپنی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبت نہ کرے، معلوم ہوا بندہ مومن کی محبت سطحی نہیں ہوتی آخرمیں اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں نبی کریم کی سچی محبت کے ساتھ خاتمہ نصیب کرے اور تمام بے راہ روی کا شکار نوجوانوں کو توفیق دے کہ وہ بے حیائی اور فسق فجور والی زندگی سے توبہ کرکے شریعت کے احکامات کی پابندی اور پاکیزہ اسلامی زندگی گزارنے کا عزم کریں۔