بی جے پی کانگریس حکومت کو گرانے کی سازش کر رہی ہے

بیدر۔5/فروری۔لیبر اور دھارواڑ ضلع کے انچارج وزیر سنتوش لاڈ نے کہا کہ کئی عوام نواز اسکیموں کو نافذ کرنے کے باوجود بی جے پی ریاست میں کانگریس حکومت کو گرانے کی سازش کررہی ہے۔انہوں نے ریلوے گراؤنڈ میں ہبلیدھارواڑ مشرقی اسمبلی حلقہ اور ہبلی-دھارواڑ مرکزی اسمبلی حلقہ میں گارنٹی اسکیموں کے مناسب نفاذ پر ضلع انتظامیہ، ہبلی دھارواڑ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی طرف سے منعقدہ گارنٹی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے پروگرام سے خطاب کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی نے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ گارنٹی اسکیموں کے لئے پیسہ نہیں ہے لیکن ان اسکیموں کے ذریعہ مستحقین کو 58 ہزار کروڑ روپے دیئے جارہے ہیں۔ ریاست کی کانگریس حکومت غریبوں کی خیر خواہ ہے۔ ہمارا مقصد ریاست کو ایک ماڈل کے طور پر تیار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کہتی ہے کہ مرکزی حکومت مفت میں چاول دے رہی ہے۔ یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اس سے پہلے یو پی اے حکومت نے ملک میں فوڈ سیکورٹی ایکٹ نافذ کیا تھا۔ کانگریس نے رائٹ ٹو کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ، نریگا جیسی عوامی بہبود کی اسکیمیں نافذ کیں۔ آج ملک میں 27 کروڑ لوگ NREGA کے ذریعے مزدوری کر رہے ہیں۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کوویڈ کی وجہ سے 47 لاکھ لوگوں کی موت ہوئی ہے، لیکن مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ صرف 4.70 لاکھ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ 2019 سے 2021 کے درمیان ملک میں 13.47 لاکھ خواتین لاپتہ ہوئی ہیں۔ عوام کو اس بارے میں صحیح معلومات دینے کے ساتھ ساتھ اس پر عوام میں بحث بھی ہونی چاہیے۔کرناٹک سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین پرساد ابیا نے کہا کہ بی جے پی نے گارنٹی اسکیموں کو رقم کی تقسیم قرار دے کر ان کا مذاق اڑایا تھا لیکن وعدے کے مطابق حکومت نے پانچ گارنٹی اسکیموں کو مناسب طریقے سے نافذ کرکے غریبوں تک پہنچنے کا کام کیا ہے۔ ریاست کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے غریبوں کو معاشی طور پر ترقی دینے کا کام کیا جا رہا ہے۔ پروگرام میں گارنٹی سکیموں سے مستفید ہونے والوں کو سرٹیفکیٹ دیے گئے۔75ویں یوم آئین کے موقع پر آئین بیداری ریلی پبلسٹی وہیکل کا آغاز کیا گیا۔ضلع مجسٹریٹ دیویا پربھو جی آر جے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سی ڈی گیتا۔ہبلی دھارواڑ میٹروپولیٹن کارپوریشن کمشنر، ہبلی سٹی تحصیلدار، دیہی تحصیلدار، میونسپل کارپوریشن کے کونسلر موجود تھے۔

Latest Indian news

Popular Stories