آندولنجیوی

عظمیٰ زینب

حالیہ جاری مجلس قانون ساز کے سیشن میں ملک کےجملہ جیوی چوکیدار نے بیش قیمت
اطلاع فراہم کی۔ ” ہم شرمجیوی اور دانشور کے بارے میں جانتے ہیں لیکن اب کچھ لوگ آندولن جیوی ھو گۓ ہیں ملک میں کچھ بھی ھوتا ھے وہ وہاں نظر آجاتے ہیں ان کو پہچاننا ھوگا”اس جملہ سے خیال آیا کیوں نہ آندولن جیویوں کی تاریخ پر ک نظر ڈالی جاے۔
ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارا ملک ان آندولن جیویوں کی بدولت ہی آزاد ہوا ہے مثلاً اشفاق الله خان،خان غفار، گاندھی، شیخ الھند ابوالکلام آزاد، پنڈت نہرو، محمد علی جوہر، سبھاش چندر بوس، ، وغیرہ۔

آزادی کے بعد بڑھتی قیمتوں اور کرپشن میں اضافے کی وجہ سے 1973 میں اندراگاندھی کو زبردست احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ دسمبر 1974 میں احمدآباد کے ایم ڈی انجنیئرنگ کالج کے طلبا نے میس بل میں اضافے، گھٹیا معیار کا کھانا ملنے پر احتجاج کیا ھوتے- ھوتے یہ احتجاج دیگر کیمپس تک پھیل گیا ۔1974 کی ابتدا میں ہی آگ پورے شہر میں پھیل گئی ، جلد ہی اس احتجاج نے گجرات تعمیر نو کی شکل اختیار کر لی۔ حسب معمول پولیس نے طاقت کا استعمال کیا ۔ریاست بھر میں ہڑتال ہوئی ۔ آتشزنی ،لوٹ مار کے واقعات بھی پیش آے۔ طلبہ مظاہرین نے کارپوریٹرز کی گاڑیوں پر حملے کۓ اسی دوران‌ 18 مارچ کو پٹنہ میں اے۔بی۔وی۔پی اور دیگر دائیں بازو کی تنظیموں نےمظاہرہ کیا ۔جلد ہی سماج کے اک بڑے طبقہ نے اس احتجاج میں شمولیت اختیار کی۔ پولیس سے کشمکش کے بعد طلبہ نے سرکاری عمارتوں ایک عوامی گودام دو اخباری دفاتر کو نذر آتش کردیا۔

اس کے بعد جے پرکاش نارائن (عرف جے پی موصوف جنگ آزادی میں بھارت چھوڑو تحریک کے دوران جیل کی ہوا کھا چکے تھے) نے "سمپورن کرانتی”(مکمل انقلاب) کا صور پھونک کر اس تحریک کی سربراہی کی۔ 1974 میں مرحوم ارون جیٹلی نے طلبہ مظاہرین کی حمایت کے لئے پٹنہ اور احمدآباد کا سفر کیا۔ بعد میں جیٹلی کو ان طلبہ تنظیموں کی جدوجھد کمیٹی (سنگھرش سمییتی) کا قومی کنوینر مقرر کیا گیا۔

23 جون 1975 کو سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر اسٹے لگا دیا۔ جے پی نے دھلی میں ایک ریلی کا انعقاد کیا۔ حکومت کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی ہندوستانیوں سے اپیل کی گئی۔غیر قانونی احکامات کی خلاف ورزی کرنے کے لئے فوج اور پولیس سے اپیل کی گئی۔ اسی شام مرار جی دیسائی نے کہا کہ ہمارا ارادہ انکا تختہ الٹا نے کا ہے_ ہم میں سے ہزاروں افراد ان کے ہاں دن رات کیمپ لگا ئیں گے۔ ان سے استعفی کا مطالبہ کریں گے۔ 25 جون 1975 کو آدھی رات سے قبل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا۔
اس تحریک کو آر۔ایس۔ایس، سوشلسٹ، ناراض کانگریسییوں سمیت سبھی کی حمایت حاصل تھی۔

اے۔بی۔وی۔پی۔ نے انقلابی طلبہ کی ایک نئی پارٹی بنائی۔ اسی پارٹی کا سیاسی بازو 1980 میں بی۔جے۔پی کے نام سے پیدا ہوا۔

آندولن جیوی پرجیوی کا ادراک بی۔جے۔ پی سے زیادہ کس کو ہو سکتا ہےچنانچہ وزیراعظم نے ایک مرتبہ کہا تھا "ایمرجنسی کے دوران ایک نئی سیاسی نسل پیدا ہوئی ،اور جمہوریت مضبوطی کے ساتھ ابھری۔”
بی۔جے۔پی کا اصل جین (gene) سمجھ آنے کے بعد یہ سمجھنا مشکل نہیں کہ بی جے پی طلبہ احتجاج سے اتنا کیوں ڈرتی ہے؟ جے۔این۔یو اور جامعہ کی تحریک کو کچلنے کی کوششیں اسکا بین ثبوت ہے۔ طلبہ کو جیل بھیجنے سے لیکر اپنے غنڈے بھیجکر حملے کرانے کے تمام حربے استعمال کئے جاتے ھیں۔

آندولن جیوی ہندی کا لفظ ہے اردو میں ایسے تحریک پسند کو کہتے ہیں جو احتجاج میں بڑھ-چڑھ کر حصہ لے۔ پرجیوی ان کیڑے مکوڑوں کو کہتے ہیں جو دوسروں کے زخموں پر پلتے ہیں۔ یہ ہے مستقبل کے ‘وشوگرو’ کے ‘پردھان سیوک’ کی زبان۔ بلا شک و شبہ -80 – 70 کی دہائی کے ان احتجاجات میں مرحوم ارون جیٹلی اور وزیراعظم نریندرمودی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ امید ہے ‘آندولن جیوی پرجیوی’کا مطلب سمجھ آگیا ہوگا۔’آندولنجیوی’ کی اسی اہمیت کے پیش نظر بی۔جے۔پی ایمرجنسی کا ذکر تو بہت کرتی ہے مگر کبھی ایمرجنسی سے پہلے کے ان واقعات پر لب کھول نہیں سکتی ۔

قصہ مختصر- ہم سیدھے-سادھے ہندوستانی صرف اتنا جانتے ہیں کہ ہمارے آئین نے امن پسند احتجاج کا حق ہر ہندوستانی کو دیا ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories