
شریف احمد شریف بیلگام
ایک زمانہ تھا جب لوگوں کے پاس بہت زیادہ مال و دولت یا پیسے نہیں ہوا کرتے تھے۔ اکثر لوگ محنت مزدوری کر کے اپنا گزارا کیا کرتے۔ شارٹ کٹ کے آپشنس نہ کے برابر تھے۔ایک آدھ لوگ اس وقت امیر ہوا کرتے تھے۔ اس دور کی خصوصیت یہ تھی کہ لوگ ایک دوسرے کی قدر کیاکرتے اور زبان کے بڑے پکے تھے، اکثر لین دین زبانی ہوا کرتے، ایک بار زبان دے دی تو دے دی، وعدہ خلافی یا بات سے مکرنا نہیں ہوتا تھا۔ انسان۔انسان کے کام آتا۔ لوگ ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں شریک ہوتے، کسی کے گھر شادی ہوتی تو پورے محلے کے لوگ اس شادی میں شریک ہوتے، شریک کامطلب آج کی طرح نکاح کے دن نہیں بلکہ شادی سے پہلے کئی سارے رسم و رواج میں شریک ہوکر انکا ہاتھ بٹاتے۔ اسی طرح کسی کے گھر اگر موت ہوتی تو سارے گاوں میں ماتم سا چھا جاتا، محلے کے لوگ کئی دن اپنے گھر ٹی وی تک لگانا مناسب نہیں سمجھتے۔ اگر کسی کو ٹی وی دیکھنا بھی ہوتا تو بہت دھیمی آواز کے ساتھ دیکھتے یعنی ایک طرح سے پڑوسی کا حق ادا کرتے۔ ایک دوسرے کی خوشی اور غم کا پاس و لحاظ کرتے۔ یہی وجہ تھی کہ لوگوں میں محبت اور بھائی چارے کا چلن عام تھا۔
رفتہ رفتہ دن بدلتے گئے انسان حسب معمول ترقی کرتا گیا۔ ریڈیو سے، ٹیپ ریکارڈ، ٹیلی ویژن، پھر موبائل، موبائل میں الگ ترقیاں ہوئیں۔ انٹرنیٹ، اور اب جو کچھ بھی ترقی ہوئی وہ ہم سب جانتے ہیں اور ہم اس کے عادی بھی ہو چکے ہیں۔ یہ سائینٹفک ترقی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انسان کے رہن،سہن میں بھی ترقی ہوئی۔ کچے مکان پختا عمارتوں میں بدل گئے۔ گھروں میں زیب و زینت کی مہنگی چیزیں آ گئیں۔ اس طرح انسانی زندگی نے کروٹ لی۔جینے کا انداز بدل گیا۔ اور اسے مادرن لائف کے طور پر پیش کیا گیا اور تسلیم بھی کیاگیا۔ لوگوں کے پاس پیسہ، مال و دولت بھی خوب آ گیا۔ شارٹ کٹ پیسے کمانے کے راستے بھی انسان نے ڈھونڈ نکالے، یعنی کم وقت میں امیر بننے کے فن سے لوگ واقف ہوتے گئے۔
اب ذرا ہم غور کرتے ہیں کہ اس ترقی اور تبدیلی سے ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا؟ ترقی کے فائدے بے شمار ہیں۔ اور اکثر ان فائدوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہی ہم ترقی کرنے کی کوشش دن رات کرتے رہتے ہیں۔ سائینٹیفکل اس ترقی سے آسانیاں پیداہوئی ہیں۔ محنت اور مشقت میں کمی آئی ہے۔ پیدل سفر یا گھڑ سواری سے نکل کر ہوائی جہاز تک کے سفر تک کی رسائی۔ مہینوں یا سالوں کا سفر اب گھنٹوں میں کیا جاتا ہے۔ موبائل کے ذریعہ ایک ہی لمحے میں دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھے شخص سے بات کی جا سکتی ہے۔ اور اسے دیکھ بھی سکتے ہیں۔ ایسے کئی فائدے سائنس کی ترقی سے انسانی زندگی کو ملے ہیں۔لیکن ان فائدوں کے ساتھ ساتھ کچھ نقصانات بھی ہیں جن پر اکثر غور نہیں کیا جاتا یا اسے مناسب نہیں سمجھا جاتا۔ سب سے بڑا نقصان یہ ہوا ہے کہ انسان نے اپنی قدر کھو دی ہے۔ ترقی یافتہ تہذیب کے چلتے انسانیت دم توڑ رہی ہے۔ زندگی اتنی تیز رفتار ہو گئی کہ اب ایک دوسرے کی فکر کرنا گویا وقت ضائع کرنا ہے۔ سب کو اس ریس میں آگے بڑھنے کی فکر ہے۔ کسی کے پیچھے چھوٹنے کا افسو کسی کو نہیں ہوتا۔ کسی کی خوشی میں شامل ہونا بھی فارمیلٹی ہے۔ اب محلے والوں کو شادی کی رسم و رواج میں شریک ہونے کا موقع بھی اکثر نہیں ملتا۔ اب شادیاں بڑے مہنگے ہالس میں ہوتی ہیں۔ جہاں ڈھول بجا کر روایتی گانا گانے والی دادی نانیاں نہیں ہوتیں بلکہ بڑے بڑے ساونڈ سسٹم پر فلمی گانے یا آرکیسٹرا کے سنگرس نے ان کی جگہ لے لی ہے۔ شادی کا کارڈ(دعوت نامہ) بھی اب ڈجیٹل ہو گیا ہے۔ گھر آکر دعوت دینے کی پرانی تہذیب نہیں رہی اب سیدھے واٹس اپ پر دعوت نامہ بھیج دیا جاتا ہے۔ اسی کو دعوت جان کر سیدھے ہال پہنچ کر مختلف ڈشیز سے لطف اندوز ہونا اور گھر چلے جانا ہے۔ وہیں غم میں شریک ہونے والوں کی تعداد بھی بہت کم ہو گئی ہے۔ اور جو کم لوگ شریک بھی ہوتے ہیں تو وقتی طور پر ہوتے ہیں۔ اس پر ستم یہ ہے کہ مرنے والے کے گھر بھی اب مہینوں ماتم دیکھنے کو نہیں ملتا۔ شہروں میں تو صبح تدفین ہوتی ہے اور شام میں اس گھر میں لوگ ٹی وی دیکھتے رہتے ہیں۔ اگر ٹی وی نہ بھی دیکھیں تو نم آنکھون سے موبائل پر فیس بک یا واٹس اپ ضرور دیکھتے ہیں۔ مرنے والے کہ حق میں دعا کی گزارش بھی فیس بک اور واہٹس پر ہی ہوتی ہے۔ اور وہیں سے لوگ مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔ اور اس کے لئے دعا کا یاد ہونا ضروری نہیں اور لکھنے کا جھنجٹ بھی نہیں۔ دعائے مغفرت کے اسٹیکرس پہلے سے ہی موجود ہوتے ہیں بس نکالیں اور چسپاں کریں۔ حق ادا ہو جائے گا۔ اب لوگ مصروفیت کے چلتے جنازے میں شرک نہیں ہو پاتے۔ لیکن مرنے والے کے آخری دیدار کی خواہش بھی ہوتی ہے تو اس کے لئے ویڈیو کال کے ذریعے میت کا دیدار کروایا جاتا ہے۔ پہلے کی طرح میت رکھ کربیٹا، بیٹی یا کسی رشتے دار کا انتظار بھی کرنا نہیں پڑتا۔ اس لئے کہ ہم نے ترقی کر لی ہے اور اس تیز رفتار دور میں سائنس کی ترقی کا بھر ہور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔
اب یہاں انسانی زندگی کی اہمیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ترقی کے نام پر ہم کس طرح ایک مشینی زندگی جی رہے ہیں۔ قدرتی نظام سے بغاوت کر کے بڑی آسانی سے زندگی کو مصنوعی بنائے ہوئے ہیں۔ انسان نے ہر شعبے میں ترقی تو خوب کر لی لیکن افسو کہ اپنی ہی قدر کھو دیا۔ آج انسان ایک مشین بن گیا ہے۔ اور اس کی زندگی کا نظام ایک سافٹ ویر کی طرح کام کر رہا ہے۔ اور اس طرح انسانیت دم توڑ رہی ہے۔ان تمام حالات پر غور کرنے پر محسوس ہوتا ہے کہ یہ ترقی کے نام پر دراصل تنزلی ہے۔ اور ذہن یہ سوچنے لگتا ہے کہ ہم کہاں سے کہاں تک آ گئے۔




