اپنے ہی خانوں میں بٹے ہوئے ہیں ہندوستانی مسلمان

محمد اعظم شاہد

ہندوستانی مسلمانوں سے متعلق کئی کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ اوریہ سلسلہ ابھی بھی رواں دواں ہے۔ نہ صرف اردو بلکہ انگریزی کے علاوہ ملک کی علاقائی زبانوں میں بھی کتابیں اب بھی لکھی جارہی ہیں۔میرے اپنے مشاہدے کے مطابق پچھلے دو برسوں میں انگریزی،اُردو اورعلاقائی زبانوں میں دو درجن سے زائد کتابیں ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخ، ان کے مسائل، ان کی (مسلمانوں کی) پیش رفت، سماجی، تعلیمی معاشی پسماندگی،سیاسی نمائندگی جیسے موضوعات پر شائع ہوئی ہیں اورپچھلے دس برسوں میں ہندوستانی مسلمانوں کے ساتھ جس نوعیت کا متعصبانہ رویہ، عدم رواداری، مذہبی معاملات میں بے جا مداخلت، ہجومی تشدد کے واقعات ہوئے ہیں، اس پر پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا میں کافی بحث ہوئی ہے۔این ڈی اے حکومت کا مسلمانوں کے ساتھ دوغلہ اورمایوس کن رویہ اہل نظر پر واضح ہے ہی۔ ایک طرح سے مسلمانوں کو Marginalised کرکے حاشیہ پر رکھنے کی مذموم کوششیں ہوتی رہی ہیں۔قومی دھارے Mainstream میں مسلمانوں کی شمولیت پر روڑے اٹکائے جاتے رہے ہیں۔یوں کہنا چاہئے کہ ملک میں مجموعی طورپر ایسی فضا قائم ہے کہ مسلمانوں کا دائرہ حیات تنگ کیا جارہا ہے۔ ہندوستانی مسلمانوں کی وطن دوستی پر بھی اکثر سوال اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ ان تمام معاملات میں مسلمانوں سے بڑھ کر غیرمسلم دانشور تجزیہ نگاروں نے مسلمانوں کے ساتھ ہورہے سوتیلے سلوک اورحکومت کی عدم توجہی پر کھل کر نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ مسلمانوں کے ساتھ ہورہی ناانصافیوں کے تدارک کے لیے بھی اکثر وبیشتر آوازاٹھائی ہے، اس موضوع پر بات کرتے ہوئے یا پھر لکھتے ہوئے یہ خیال آرہا ہے کہ ہندوستانی مسلمانوں سے متعلق خود مسلمانوں کی کتنی آبادی آگہی رکھتی ہے؟مسلمانوں کا پڑھا لکھا طبقہ اکثرمسلمانوں کے مسائل پر غورکرنے اور بحث کرنے میں بیزاری محسوس کرتا ہے جو اس کی عدم توجہی، لاتعلقی اور بے نیازی کی ترجمانی کرتی ہے جو فکر مند اور روشن خیال طبقہ (جس کی تعداد بہت کم ہے) وہ حالات سے آگاہ بھی ہے اور اس کا مطالعہ اور مشاہدہ تقابلی طورپر بہتر بھی ہے۔ مگر فیصلہ سازی میں ان کی (روشن خیال طبقہ) کی شمولیت نہیں کے برابر ہے۔ اور اس طبقہ کے ساتھ مسلم ارباب اقتدار چاہے وہ پارلیمنٹ کے ارکان ہوں یا پھر ریاستوں میں اسمبلی کے ارکان ہوں یا مقامی بلدی اور دیہی اداروں میں مسلم نمائندے، ان کا تال میل، مشاورت، یا رہنمائی حاصل کرنا اور متعلقہ مسائل کی بروقت یکسوئی کے لیے اقدامات کرنا، ان معاملات میں دوریاں کم نہیں ہوپائی ہیں۔ اب رہی بات مزدور پیشہ اورپسماندہ مسلمان جو ر وزی روٹی کی آزمائشوں میں گھرے ہوئے ہیں۔ اِنہیں راست طورپر مسائل کی جانکاری اوران کے ساتھ ہورہے امتیازی سلوک کے بارے میں وہ واضح طورپر پریشان ہوں گے ہی مگر انہیں نہ مواقع حاصل ہیں اورنہ ہی فرصت کے وہ حالات سے آگاہ ہوں۔ ان حالات اورپس منظر میں تعلیم یافتہ اورباخبر مسلمانوں اور غیر تعلیم یافتہ پسماندہ مسلمانوں کے درمیان فاصلے ہیں اوران فاصلوں کو پاٹنے یا پھر کم کرنے کی عملی کوششیں کم ہی ہوئی ہیں۔اس پہلو پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
اکثر اُردو اخبارات میں ہندوستانی مسلمانوں سے متعلق شائع ہونے والے تجزیات، تبصرہ اور فکرانگیز مضامین پر ایک طبقہ کہتا آیا ہے کہ یہاں مسلمانوں میں محرومی اور انہیں (مسلمانوں کو) بے وقعت کرنے کا رونا رویا جاتا ہے۔واویلا مچایا جاتا ہے۔کبھی کبھی یہ بھی سننے میں آتا ہے کہ مسلمان اپنے حالات، اپنے مسائل اور اپنے ساتھ ہورہی ناانصافیوں کا تذکرہ وہ اپنے ہی حلقوں میں یا پھر اپنے اخبارات اورمیڈیا میں ہی کررہے ہوتے ہیں۔یعنی ہم ہی کہہ رہے ہیں۔ہم ہی لکھ رہے ہیں۔ ہم ہی پڑھ لیتے ہیں۔ ہماری بات جن سے ہم کہنا چاہتے ہیں کیا ان تک وہ پہنچ پاتی ہے۔کیا پہنچانے کے جتن بھی کیے جاتے ہیں۔اگر پہنچانے کی سکت اورسہولت ہمارے سیاسی نمائندوں کے پاس ہے بھی تو لگتا ہے کہ اپنی عافیت اسی میں سمجھتے ہیں کہ بس خاموش رہیں۔کچھ نہ بولیں۔اگر بولنے لگیں گے وہ تو خود کی سلامتی کے لیے خطرہ محسوس کرنے لگتے ہیں۔ ایسی عدم اعتمادی کا شکار ہمارے نمائندے آخر کیسے ہماری نمائندگی کرسکیں گے۔ایک طرف مسلمانوں کے حالات پرکتابیں شائع ہورہی ہیں۔ان کے مسائل پر مباحثے Debate ہورہے ہیں۔مگر ان تمام حالات سے بے خبر مسلمانوں کے نام نہاد نمائندے آنکھیں اور کان بند کیے ہوئے اپنے اقتدار کی بھول بھلیوں میں گم نظر آتے ہیں۔ایک طرف نظر رکھنے والے لکھ رہے ہیں۔کتابیں مستقل طورپر آرہی ہیں۔مباحثے ہورہے ہیں۔دوسری جانب سیاسی گلیاروں میں مسلم صحافیوں، دانشوروں اور تجزیہ نگاروں کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ایسی روش کل ملاکر خود مسلمانوں کے لیے نقصان دہ اور تشویشناک بھی ہے۔یوں بھی محسوس ہوتا ہے کہ تجزیہ نگار اورمسلم نمائندگی کے درمیان واقع دوریاں اورخلاء Gaps کم ہونے کی بجائے بڑھتا ہی جارہا ہے۔عام مسلمان اپنے ہی خول میں مشکلات اور مسائل کے ساتھ بند ہیں اورجو خوشحال اور سیاسی طورپر بااختیار ہیں وہ بھی اپنے مفادات کے خول میں قید ہیں۔اپنے مسلط کردہ Self imposed Circle سے باہر آنے کی انہیں (عوامی نمائندوں) کو پہلے سے زیادہ اب بہت زیادہ ضروری ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories