محمد اعظم شاہد

رواداری اورہم آہنگی صدیوں سے ہمارے ملک کی مشترکہ وراثت کا حصہ رہی ہے۔مگر اس روایت کو داغدار کرنے کی کوششیں مفاد پرست عناصر کی جانب سے اکثر ہوتی رہی ہیں۔ملک میں بسے مسلمانوں کو غیرسمجھنا، درانداز، تصورکرنا، ان کے پہناوے، رہن سہن، کھانے پینے کو نفرت کی آنکھوں سے دیکھا جاتا ہے۔مسلمان حلال، گوشت کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس لیے ان کے شکوک وشبہات دورکرنے حلال کا لیبل استعمال کیا جاتارہا ہے۔شمالی ہندوستان میں کئی ہوٹلوں میں جو غیرمسلم اور سکھ احباب کی نگرانی میں چلتے ہیں وہاں ”جھٹکاکٹ“نمایاں طورپر بورڈ لکھا ہوتا ہے۔یعنی یہ حلال کے مذہبی عقیدے کے خلاف، جھٹکاکٹ سے یہ مراد کہ یہ اسلامی طریقے سے جانور ذبح نہیں ہوتا۔خیر کئی ریاستوں میں ”حلال“ سرٹی فکیٹس کے خلاف ہندوتوا وادیوں نے کئی بار ہنگامہ کھڑا کیا ہے۔اس پس منظر میں ابھی ابھی یہ خبر آئی ہے کہ ایئرانڈیا نے ہندوؤں اور سکھوں کو فلائٹ میں حلال کھانا نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پہلے، جو مسلمانوں کے لیے مسلم Muslim Meal ہوا کرتا تھا۔ اب وہ اسپیشل میل کے نام سے جانا جائے گا۔ حیرت اس بات کی ہے کہ ایئرانڈیا جو عرصہئ دراز سے مسلم مسافروں کے لیے بغیر پابندی کے حلال کھانا فراہم کرتا تھا۔ اب اس کی رواداری ایک سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ ا یئرانڈیا Air India کا یہ اقدام اس حالیہ تنازعہ کے زیر اثر ہے۔جب چند تعصب پسندوں نے کھانے پرہندو مسلمان کا تنازعہ کھڑا کیا تھا۔اس تنازعہ کی آڑ میں یہ سمجھا جارہا ہے کہ ایئرانڈیا آر ایس ایس کی سوچ کا شکار ہورہی ہے۔ ایئرانڈیا نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ ایئرانڈیا کی حج اوردیگر مسلم ممالک کی پروازوں پر باقاعدہ حلال سرٹی فکیٹس کے ساتھ کھانا فراہم کرے گا۔ ٹاٹا سنس تجارتی کمپنی جس نے حالیہ برسوں میں دوبارہ ایئرانڈیا کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔یہ کمپنی ملک گیر سطح پر روشن خیالی کی پاسداررہی ہے۔ ایسے میں اس نوعیت کی جانبداری ملک میں پھیلتے تعصب پسند رویہ سے ہم آہنگ ہوتی نظر آرہی ہے۔
ویسے سیاسی میدان میں بالخصوص بی جے پی کے اہل اقتدار وزراء، ارکان پارلیمنٹ یا پھر ارکان اسمبلی یا کوئی اور سطح کے سیاستدان مسلمانوں کے خلاف نفرت کی آگ بھڑکانے اشتعال انگیز بیانات دیتے رہے ہیں۔مسلمانوں کو ملک کی سا لمیت اورامن کے لیے دشمن ثابت کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف رہتے ہیں۔ایسے عناصر پورے ملک میں پھیلے ہوئے اور اپنے نفرت کے ایجنڈے کو پورا کرنے میں لگے رہتے ہیں۔ریاست کرناٹک کے چند اضلاع میں بی جے پی کے ایم پی اور ایم ایل اے کچھ ایسے شرپسند احباب ہیں جو بے لگام ہوکر مسلمانوں پر الزامات لگاتے رہے ہیں۔مسلمانوں کو اس ملک کے نہیں باہر سے گھس آئے تشدد پسند لوگ قرار دیتے ہیں۔مسلم دشمن اپنی تقریروں میں وہ کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ایسا ہی ایک واقعہ کرناٹک کے ضلع باگل کوٹ کے گاؤں تیروال میں پیش آیا۔ایک سنگھی بی جے پی ایم ایل اے جو مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے میں صف اوّل کے بی جے پی لیڈروں میں شمار ہوتا ہے۔اس نے ایک مندرکے افتتاح کے موقع پر فرقہ وارانہ باتیں شروع کردیں،جو واضح طورپر مسلمانوں کے خلاف تھیں۔مجمع میں شامل افراد نے اس شرپسند لیڈر کی تقریر پر یہ کہہ کر روک لگادی کہ یہاں سیاسی باتیں نہ کریں۔ اس نام نہاد لیڈر نے کہاکہ وہ حقیقت بیان کررہا ہے۔مجمع نے اس ایم ایل اے کو کھری کھر ی سنائی کہ اس مندرکی تعمیر میں سبھی مذاہب کے ماننے والوں نے برابر کا حصہ لیا ہے۔مسلمانوں نے مندرکی تعمیر میں چھ لاکھ روپیوں کا عطیہ دیا ہے۔یہاں سب مل جل کر رہتے ہیں۔یہ سننا تھاکہ آگ بگولہ ہوکر وہ بھڑکیلے بھاشن کرنے والا ایم ایل اے افتتاحی تقریب کے اسٹیج سے ناراض ہوکر اترگیا اورغصہ میں واپس ہوگیا۔
جانبدارانہ رویہ مسلمانوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ ہندوؤں میں ذیلی طبقات جیسے دلتوں کے ساتھ اور عیسائیوں کے ساتھ بھی روا رکھا جاتا رہا ہے۔ملک کے آئین میں تمام شہریوں کے لیے بلاتفریق مذہب یکساں حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔مگر ان آئینی مراعات کی پامالی اورحق تلفی برابر اعلیٰ ذات کے تنگ نظر ہندوؤں کی جانب سے ہر جگہ دیکھی جارہی ہے۔دلتوں کے مندروں پر داخلے پر اکثر ہنگامہ اور واویلا مچایا جاتا رہا ہے۔ دلتوں کے ساتھ متعصبانہ رویہ اور امتیازی سلوک برابر جاری ہے۔ان معاملات میں ملوث اعلیٰ ذات کے ہندوؤں پر قانونی جکڑ بھی کمزور سی نظر آتی ہے۔ دلتوں کو ہراساں کرنے کی وارداتیں بھی اب کوئی نئی بات نہیں رہ گئی ہے۔اسی طرح عیسائی طبقہ کو بھی مسلمانوں کے مخالف صف آرائی کے لیے بھی سازشیں اکثر ہوتی رہی ہیں.اس ضمن میں کیرلا کے ایک گاؤں میں مبینہ طورپر بی جے پی والوں نے انتخابی مہم کے دوران عیسائی برادری میں مسلمان مخالف پرچیاں تقسیم کیں کہ مسلمانوں سے عیسائیت کو خطرہ لاحق ہے۔ حسب معمول بی جے پی کے کارندے ایسی حرکتوں کی تردید کرتے رہے ہیں۔ایک بھارت شریشٹھ بھارت کی باتیں، نعرے اور وعدے کتنے سچے کتنے جھوٹے ہیں۔یہ تو واضح ہے ہی۔بھارت کے تمام واسیوں کو جنتا جناردھن کے نام سے مخاطب کرنے والوں نے دھاڑتے دھاڑتے دلیلیں دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ سب کو اپنا سمجھتے ہیں۔اور سب کے لیے فکر مند ہیں۔ سوآدمی کو بھی میسر نہیں انسان ہونا، کے مصداق آدمیت اورانسانیت کو شرمسار کرنے والوں کی اس مہان دیش میں کوئی کمی نہیں ہے۔من کی بات کرنے والوں نے دکھی دلوں کی بات کہاں سنی ہے۔ کہاں سن پائیں گے۔ آزاد ملک میں اپنے حقوق کی پامالی سے پریشان مجبور لوگوں کی دگرگوں حالت انہیں کہاں نظر آئے گی۔کان بند، آنکھیں بند، بے حس اور بے نیاز اپنے مفادات کے حصول میں وہ ہر طرح کا سمجھوتہ کرنے پر تیار رہنے والے رواداری، ہم آہنگی، یکجہتی، اخوت اور محبت جیسے اقدار کو کیا سمجھیں گے؟ سمجھنے کی صلاحیت سے قاصر ہیں۔ جانب داری، تعصب پروری کے رجحانات کو فروغ پاتا دیکھ کر وہ ملک کو کمزورکرنے پر تلے ہوئے ہیں۔




