محمد اعظم شاہد

اچھی اور با مقصد فلمیں بہت کم بنتی ہیں۔ یا پھر فنی اعتبار سے عمدہ فلمیں، جن میں حالات اور صداقتوں کی عکاسی ہو ایسی فلموں پر کم ہی توجہ دی جاتی ہے۔ یوں کہیں کہ تجارتی نقطہ نظر سے بنائی جانے والی فلموں کو فلم انڈسٹری میں کامیاب سمجھا جاتا رہا ہے۔ مگر ہندوستان میں شیام بنینگل جیسے فلم سازوں نے متبادل سنیماParallel Cinemaکو بین الاقوامی سطح پرمقبولیت سے رو برو کیا۔ شیام جی کی فلموں میں جاگیردار نہ نظام کی اتھل پتھل نسلی امتیازات، ذات پات کے تفرقے، سماج کے پچھڑے طبقات کا استحصال، دیہاتوں میں کسانوں کی بے بسی، ارباب اقتدار کی بے تو جہی ان کی خود غرضی کو جہاں فنی عمدگی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، وہیں اپنی شناخت کے تحفظ اور بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کے رجحان کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ ملک کی تکثیریت اور صدیوں پرانی تہذیب و ثقافت کی سر بلندی سے آشنا شیام بینگل فرقہ واریت اور عدم رواداری کے خلاف اُٹھنے والی آوازوں میں نمایاں نام رہا ہے۔ خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کی شناخت کو مستحکم رکھنے کی جستجو بھی ان کی کئی فلموں میں نظر آتی ہے۔ سیاسی اور علم تاریخ کے سلجھے ہوئے اور متوازن شعور کے حامل شیام بنیگل نے ٹیلی وژن کے لیے پنڈت جواہر لعل نہرو کی تاریخی دستاویز ڈسکوری آف انڈیا پر بنی”بھارت ایک کھوج 53” ایپی سوڈس میں پیش کیا تھا،جو ملک کی تاریخ کا روشن جھروکہ ہے۔ آپ نے باکمال فلم ساز ستیہ جیت رے پر ڈاکیومینٹری بنائی، گاندھی جی پر ”دامیکنگ آف مہاتما، سبھاش چندر بوس پر دی فرگاٹن ہیرو اور ملک کے آئین پر سمودھانی بنا کر با شندگان وطن کو اس کی عظمت رفتہ اور تاریخ کے حقیقی شعور و آگہی سے روشنا س کروانے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ ملک کی تحریک آزادی کے دوران ایک عشقیہ کہانی کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ فلم ”جنون” میں آپ نے پیش کیا ہے۔
شیام بنیگل میرے پسندیدہ فلم سازوں میں سے رہے ہیں۔ مجھے معیاری اور عمدہ فلموں کا ذوق رہا ہے۔ اس عہد ساز با کمال ہدایتکار کی کم و بیش تمام فلمیں میں نے دیکھی ہیں۔ ایک مرتبہ آپ نے کہا تھا انسانی زندگی کا ہر پہلو سنیما کے ذریعہ پیش کیا جاسکتا ہے۔ ان کے اجداد کا تعلق کرناٹک سے رہا ہے۔ حیدر آباد میں مقیم ان کے والد نامور فوٹو گرافر تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ 9 سال کی عمر میں ہی اپنے والد کی جانب سے تحفے میں ملے کیمرہ سے ا نھوں نے ایک مختصر فلم بھی بنائی تھی اپنے قریبی رشتہ دار فلم ساز گرودت کی فلموں سے ا نھوں نے فلم سازی کے رموز سیکھے۔ مگر ترغیب انھیں ستیہ جیت رے کی فلم ”پاتھر پنچالی ”سے ملی۔ آپ کی فلموں میں فلم سازی کے نئے نئے تکنیکی تجربے کامیابی کے ساتھ پیش کی گئیں، جہاں خواتین کے کرداروں پر مبنی فلمیں جیسے انکور، سشانت منتھن، منڈی، بھومیکا، آپ نے بنائی ہیں اور ان فلموں میں خواتین کی زندگی، استحصال، حقوق کی پامالی اور اجارہ داری کے پہلووں کو آشکار کیا گیا ہے۔ وہیں زبیدہ اور کل یگ“ جیسی فلموں میں سماج کے ثروت مند طبقات کی کشمکش اور دوغلے معیارات کو بھی آشکار کیا گیا ہے۔ آپ کی فلمیں جیسے ویلکم ٹو سجن پور اور ویل ڈن ابا ” آپ کی طنز و مزاحیہ حس کی آئینہ دار ہیں۔ مسلم خواتین کے کرداروں پر مبنی آپ کی تین فلمیں گویا ایک مثلثTriology کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ممو، زبیدہ اور سرداری بیگم یہ تینوں فلمیں مسلم معاشرے کے ہمہ جہت پہلووں کو فنی ایمانداری سے پیش کرتی ہیں۔ فلمی، سماجی اور سیاسی حلقوں میں،جہاں آپ کو بڑی قدر و منزلت سے دیکھا جاتا تھا وہیں روشن خیال اور ادبی حلقوں میں بھی آپ کو ایک ذمہ دار بیداری شعور کے خواہاں مخلص کے طور پر بھی آپ کا احترام کیا جاتا تھا۔ سنجیدہ طبیعت کے مالک،جن میں شرافت، خوش فکری، خوش دلی اور وسیع النظری سرائیت کرگئی تھی، آپ نیکبھی بھی خود کو جتانے کی ارادی کوشش نہیں کی۔ آپ کے سبھی قدردان شیام بابو کو عزیز رکھا کرتے تھے۔
ہمارے ہاں تفریح کے نام پر، جس طرح کی فلمیں بنتی رہی ہیں، اس پر، کچھ زیادہ لکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ مگر اس دور میں جبکہ روایتی طرز کی فارمولہ فلموں کا دور تھا، شیام بنیگل نے تجرباتی فلموں کی نئی لہر کا آغاز کیا۔ اچھی اور عمدہ فلموں کے باذوق احباب نے ملک کے کئی شہروں میں فلم سوسائٹیز قائم کی تھیں، تا کہ عام روش سے ہٹ کر بنائی جانے والی فلموں کو باذوق شائقین تک پہنچایا جائے۔ معاشیات میں اعلیٰ تعلیم یافتہ شیام بابو نے اپنی جائے پیدائش حیدر آباد میں فلم سوسائٹی قائم کی تھی۔ دس قومی ایوارڈز سے سرفراز اس فنکار کو پدم شری، پدم بھوشن اور دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ ہندوستانی معاشرے سے جڑی کہانیوں کو انتہائی مہارت اور خوبصورتی کے ساتھ فلموں میں پیش کر کے آپ نے نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر اپنے لیے ایک منفرد پہچان بنائی تھی۔ آپ کی پہلی فیچر فلم انکور (1974) کے اختتام پر ایک چھوٹا سا لڑکا جاگیردارانہ نظام کے ٹھیکہ دار کے گھر پر،جو زور دار پتھر پھینکتا ہے، وہ منظر سماجی استحصال کے خلاف شیام بابوکے احتجاج کا عکاس ہے۔ اس منظر کی باذوق فلمی شائقین اور ناقدین میں بے حد پذیرائی ہوئی۔ فنون لطیفہ اور ادب سے آپ کی دلچسپی کے باعث آپ کی فلموں میں کلاسکی شاعری کی جھلکیاں موقع محل کے مطابق پیش کی گئی ہیں۔ قلی قطب شاہ کی غزل پیا باج پیالہ پیا جائے نا نئی گلوکارہ پریتی ساگر کی آواز میں فلم ”شانت میں استعمال کی گئی تو فلم ”جنون میں جگر مراد آبادی کی غزل محمد رفیع کی آواز میں ”عشق نے توڑی سر پہ قیامت انتہائی نفاست کے ساتھ پیش کی گئی ہے۔ ایسی کئی مثالیں ہیں مگر طوالت تحریر کے پیش نظر احتراز کرنے پر اکتفا کر رہا ہوں۔ ابھی 14 /دسمبر کو آپ کے ارکان خاندان اور ساتھی فن کاروں کے ساتھ آپ نے اپنا 90 واں جنم دن خوشیوں کے بیچ منایا تھا۔ نہیں معلوم تھا کہ 9 دن بعد وہ اپنے پیچھے اپنی فنی وراثت کے بولتے نقوش کا کارواں چھوڑ کر بچھڑ جائیں گے۔ حساس اور ذمہ دارفن کار کے طور پر آپ کو یاد کیا جاتا رہے گا۔




