ایچ ایم پی وی …اب چین سے نئے وائرس کی تشویش

محمد اعظم شاہد

پچھلے ہفتے سے خبریں عام ہورہی ہیں کہ چین کے واہان علاقے سے ایک نیا وائرس HMPV پھیل رہا ہے۔ہیومن میٹانیومووائرس (ایچ ایم پی وی) سانس لینے میں (تنفس) تکلیف پیدا کرنے والا وائرس جو متعدی (پھیلنے والا) (Infections) ہوسکتا ہے اوریہ تمام عمر کے لوگوں کو سردی اور جاڑوں میں اوربعد کے دنوں میں متاثر کرسکتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ یہ معمولی قسم کا متعدی وائرس ہے، جس سے چند احتیاطی تدابیر کے ذریعہ دوری اختیار کی جاسکتی ہے۔اس سے متاثر ہونے والے زیادہ تر ننھے بچے اورعمررسیدہ لوگ ہوتے ہیں، جن میں سردی اور فلو جیسے بخار کے آثار نظر آتے ہیں۔ چھینکنے کے دوران اور کھانسی سے جو ذرات ہوا میں شامل ہوجاتے ہیں اورآس پاس کے لوگ اس کے انفیکشن کا شکار ہوجاتے ہیں۔سانس لینے میں دشواری کے آثار شروع ہونے لگتے ہیں۔عام طورپر سردی اوربخار کے لیے لی جانے والی دوائیوں سے اس کا علاج ہوجاتا ہے۔ احتیاطی تدابیر اپنانے وزارت صحت، حکومت ہند نے ملک کی تمام ریاستوں کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ چھینکتے اور کھانستے ہوئے اپنے منہ اورناک کو ہینڈکرچیف (دستی) یا ٹشو پیپر سے ڈھک لیں۔صابن یا سینی ٹائزر سے ہاتھ دھویا کریں، پرہجوم مقامات پر جانے سے احتیاط برتیں، سردی، بخار اور کھانسی کے دوران عوامی مقامات سے دور رہیں۔مرض روکنے کی کے لیے گھروں میں دریچے کھلے رکھیں، بخار سردی کی حالت میں گھروں پر رہیں اور زیادہ مقدار میں پانی پئیں – احتیاط برتنے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپنی دستی اور ٹشو کاغذ دوبارہ استعمال نہ کریں۔ متاثرہ احباب سے دوری بنائے رکھیں – تولیہ انفرادی طورپر استعمال کریں، بار بار منہ، آنکھوں اور ناک کو چھونے سے احتراز کریں۔ دسمبر 2024 تک ہندوستان میں اس نئے وائرس سے کوئی متاثر نہیں ہوا تھا۔اب یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ ملک کی الگ الگ ریاستوں میں دوچار لوگ خصوصاً بچے اس سے متاثر ہورہے ہیں۔مرکزی اور ریاستی حکومتیں یہ انتباہ کررہی ہیں کہ اگر فلو جیسا بخار، سردی اورکھانسی عام روایتی دوائیوں سے اس کا علاج ہونے میں مشکل ہورہی ہوتو اسپتالوں کا رُخ کریں۔
ایچ ایم پی وی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسا وزارت صحت بتارہی ہے۔ بشمول کرناٹک ملک کی دیگر ریاستوں میں اکا دکا سانس لینے میں تکلیف اوربخارکے معاملات درج ہوئے ہیں۔دیگر ممالک میں بھی ایسے ہی حالات نمودار ہورہے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ وائرس نیا نہیں ہے بلکہ 2001 میں نیدرلینڈس میں بھی یہ رونما ہوا تھا۔تب سے کئی ممالک میں اس کا اثر دیکھا گیا ہے۔ کرناٹک، مہاراشٹرا اوردلی کی ریاستی حکومتوں نے عوام کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر لوگ کاربند رہیں اور اس طرح نئے وائرس کے شکار ہونے سے بچیں۔ چینئی اورگجرات میں بھی فی شہر دو نونہالوں میں اس وائرس کے آثار دیکھے گئے ہیں۔انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ ICMR اور وزارت صحت اس وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ پر نگرانی کررہی ہے۔یہ HMPV وائرس تنفس (سانس لینے سے) جڑا ہوا ہے -جن نو نہالوں میں (عمر چار مہینے اور آٹھ مہینے) اس وائرس کے آثار نظر آئے ہیں ان کی فیملی کی کوئی بیرونی ممالک کے سفر کی کوئی ہسٹری نہیں ہے۔بچوں میں سانس لینے کی تکلیف اور سردی سے متاثرہ بچے ڈاکٹروں کے پاس علاج کیلئے گئے ہوئے تھے۔ان میں اس نئے وائرس کی علامتیں نظر آئیں۔علاج کے بعد انہیں گھروں کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ پانچ سال کی عمر سے کم کے بچوں اور 65 سال سے زیادہ والے احباب جن میں قوت استثنیٰ Immunity کم ہوتی ہے وہ ممکن ہے کہ احتیاط کے بغیر اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔یہ بھی مانا جارہا ہے کہ سردی کے دنوں میں سانس لینے میں تکلیف کی شکایتیں کم سن بچوں اورمعمر احباب میں رہتی ہیں۔ ایچ ایم پی وی عام طورپر سانس کی نالی کے اوپری (بالائی) حصے میں انفیکشن کے باعث متاثر کرتا ہے۔ اورکبھی کبھی نمونیا بخار اور دمہ کی طرح سانس کی نالی کے نچلے حصے کو بھی متاثر کرتا ہے – متاثرہ بچوں یا معمراحباب سے راست ربط کے باعث دوسروں کو بھی اس کا انفیکشن ممکن ہے۔ عام طورپر سردیوں میں کھانسی، سردی، بخار، بہتی ناک، گلے میں خراش، سانس لینے میں تکلیف پر خاص توجہ دینی ضروری ہے -جن ریاستوں میں اس وائرس سے متاثر ہوے کی خبریں آئی ہیں وہاں متاثرین بچوں کا کامیاب علاج ہوا ہے۔
پانچ سال بعد کووِڈ (کورونا- 19) کی دہشت کے بعد موسم سرما میں چین کے شہروں میں لوگوں کی بھیڑ کے مناظر سے دنیا بھر میں ایک نئی تشویش کا آغاز ہوا ہے۔ WHO عالمی ادارہ صحت چین کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے -حکومت ہند کی وزارت صحت نے ICMR کو پوری ذمہ داری سونپ رکھی ہے کہ HMPV کے انفیکشن کو قابو میں رکھا جائے۔ملک بھر کے طبی اداروں Hospitals کو تنبیہ کروادی گئی کہ وہ ممکنہ علاج کے لیے تیار رہیں۔ICMR کے ساتھ IDSP انٹیگریٹیڈ ڈسیزسرولینس پروگرام نیٹ ورک نے ILI انفلونیزالائک النیس اور SARI شدید تنفسی مرض کے اب تک ملک میں کوئی آثار نہیں ہیں۔ جاپان اور ملیشیا میں بھی اس نئے وائرس کے چند معاملات سامنے آئے ہیں۔ان حالات میں اپنے بچوں اور خاندان کے معمر احباب کی مکمل نگرانی اور نگہبانی پر خاص توجہ دینی ضروری ہے۔کیونکہ احتیاط ہی مو ثر علاج کی پہلی صورت ہے۔ عالمی اور قومی سطح پر جوکچھ اس وائرس سے بچنے کے لیے کہا جارہا ہے اس کے پس منظر میں کسی بھی نئے یا پرانے وائرس Virus سے محفوظ رہنے کے لیے خود ہمیں ذمہ دارفرد کی حیثیت سے اپنے گھروں میں اپنے کمر عمر بچوں (نونہالوں) اورمعمر احباب کی نگہبانی کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھناچاہئے۔باخبر احباب ہی باصلاحیت انداز سے زندگی بسر کرسکتے ہیں۔ اس لیے اپنے معاشرے میں باخبر احباب بے خبر لوگوں کو بھی خبرگیر بنائے رکھیں، تاکہ صحت کی حفاظت ممکن ہوسکے۔

Latest Indian news

Popular Stories