خونِ شہیداں رنگ لایا

محمد اعظم شاہد

7/اکتوبر 2023 کو چھڑی حماس اوراسرائیل کی جنگ کا پندرہ مہینوں کے بعد خاتمے کا اعلان ہوا ہے۔تقریباً ایک سال کی مدت میں قطر، مصر نے امریکہ کے اہلکاروں کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے جنگ بندی کے لیے ثالثی کردار ادا کیا ہے۔ معاہدے کے مطابق یہ جنگ بندی عارضی ہے،جس کا دورانیہ چھ ہفتوں پر مشتمل ہوگا۔ 17/جنوری 2024 کو جنگ بندی معاہدے پر حماس اور اسرائیل نے اتفاق کیا ہے۔19 /جنوری کو معاہدے کا عملی اطلاق شروع ہوگیا ہے۔جنگ بندی معاہدہ تین مراحل سے گزرے گا۔پہلے مرحلے میں حماس 30 اسرائیلی یرغمالوں کو رہا کرے گا،جس کے بدلے میں ایک سو(100) غزہ کے فلسطینی قیدی اسرائیل کی جانب سے رہا ہوں گے۔ ہراسرائیلی یرغمالی کے بدلے 30 فلسطینی رہا کرے گا۔ اسرائیل ہر خاتون فوجی قیدی کے بدلے پچاس (50) فلسطینی قیدی رہا کرے گا۔پہلے مرحلے میں جو /19 جنوری سے شروع ہوچکا ہے۔حماس 19 سال سے کم عمر یرغمالوں کو رہا کرے گی۔ اوراسی طرح معاہدے کے مطابق اسرائیل 7 /اکتوبر 2023 کے بعد گرفتار 19 سال سے کم عمر افراد (فلسطینیوں) کو رہا کرے گا۔ اسرائیل یومیہ 600 امدادی اشیاء سے لدے ٹرکوں کو غزہ پٹی میں داخلے کی اجازت دے گا۔ دوسرے مرحلے میں حماس کی جانب سے اسرائیلی فوجی یرغمالوں کو رہا کرے گا۔ اوراسرائیل غزہ سے وابستہ فلسطینی یرغمالوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے گا۔تیسرے مرحلے میں حتمی طور پر غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء کے لیے راہیں ہموار ہوں گی۔یعنی یہ طے ہوگا کہ غزہ پر انتظامیہ کی باگ ڈور کن کے پاس ہوگی۔ظاہر ہے اسرائیل حماس کے زیرنگرانی غزہ کا انتظامیہ قبول نہیں کرے گا۔یہ سجھاؤ سامنے آرہا ہے کہ مختلف فلسطینی مزاحمتی تحریکیں مشترکہ طور پر عالمی سطح پر،جس طرح فلسطینی اتھارٹی کو تسلیم کیا گیا ہے۔اسی طرح غزہ پٹی میں بھی مشترکہ نگرانی قائم ہو۔جنگ زدہ غزہ کے حالات پر رنجیدہ اور سنجیدگی سے غوروفکر کرنے والوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان مکمل جنگ بندی اور غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کی باز آبادکاری کی اُمیدیں لگائی ہیں۔امریکہ کی سرپرستی میں اسرائیل ہوش کھو بیٹھا تھا۔ اقوام متحدہ اور عالمی عدالت برائے انصاف اور دُنیا بھر کے ممالک میں اسرائیل کے خلاف مذمت کے باوجودبھی اسرائیل غزہ میں تباہی مچانے اورنسل کشی کے مشن پر قائم رہا۔ 9/ نومبر کو امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد اس نے الٹی میٹم جاری کیا تھا کہ 20 /جنوری کو اس کی حلف برداری سے پہلے حماس اسرائیلی یرغمالوں کو غیرمشروط طورپر رہا کردے، ورنہ وہ غزہ میں قیامت خیز حالت پیدا کردے گا۔ ٹرمپ کی ہی ساجھے داری ہے کہ اسرائیل معاہدے پر راضی ہوگیا۔ اور ویسے بھی غزہ میں پندرہ مہینوں سے خون ریزی اورتباہی مچانے کے بعد بھی اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے حماس کی مکمل بے بسی اورخاتمہ اوراسرائیلی یرغمالوں کی رہائی کا مقصد پورا نہ کرسکا۔ اوردوسری جانب اسرائیل کی مخلوط حکومت میں انتشار اور اسرائیلی عوام میں نیتن یاہو کے خلاف مزاحمت نے اسرائیل کو قطراورمصرسے آگے اپنے آقا امریکہ کی ہاں میں ہاں ملانی پڑی۔ اب چونکہ جنگ بندی کا معاہدہ طے ہوگیا ہے۔پہلا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔اب دونوں فریقین پر یہ ذمہ داری عائد ہوجاتی ہے کہ وہ آپسی خیرسگالی کے جذبے کو مقدم سمجھیں اور جنگ زدہ خطہ میں امن وامان کا ماحول دوبارہ قائم کرنے میں مستعد ہوجائیں۔
امریکہ کے رخصت پذیر صدر جوبائڈن اپنی حکومت کی کوششوں کی دہائی دیتے رہے کہ حماس اسرائیل جنگ کا خاتمہ ان کی کوششوں کا نتیجہ ہوگا۔ ادھر ڈونالڈ ٹرمپ نے 20 /جنوری اپنی حلف برداری کے دن ہی یہ جتایا کہ ان کی الیکشن میں کامیابی کے بعد (نومبر2023) انھوں نے جنگی معاہدے کی کوششیں کیں جو کامیاب ہوگئیں۔یہاں تک ٹرمپ نے اپنی پیٹھ خود تھپتھپائی کہ اگر وہ صدر کے عہدے پر پہلے ہی فائز رہتے تو حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ ہی نہ چھڑتی۔ بہرحال پوری دُنیا کے امن پسند اور حقوق انسانی کے تحفظ کے آرزومند عوام میں اطمینان کا احساس قائم ہوگیا ہے۔یہ تاثر بھی محسوس کیا جارہا ہے کہ حماس اسرائیل جنگ سے مکمل نجات کے لیے ابھی مزید کوششیں ثالثی کردار نبھانے والے قطر، مصر اور امریکہ کو اس ضمن میں پوری دانشمندی اور بروقت اقدامات سے کرنے ہوں گے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان اب تک جتنی بھی جھڑپیں اورجنگیں ہوئی ہیں،ان میں سب سے زیادہ ہولناک جنگ ان پندرہ مہینوں کے دوران ہوئی ہے۔اقوام متحدہ اورحماس کی اطلاعات کے مطابق 46 ہزار سے زائد فلسطینی غزہ میں شہید ہوچکے ہیں۔جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ رہی ہے۔ ایک لاکھ سے زیادہ غزہ کے باشندگان زخمی اور زیرعلاج ہیں۔اسپتال تقریباً تباہ ہوچکے ہیں۔23 لاکھ کی غزہ کی آبادی میں 90 فیصد بے گھر ہوگئے ہیں۔70 فیصد کے قریب عمارتیں، جن میں مکانات، تعلیمی ادارے، اسپتال اوردیگر تعمیرات تباہ کردی گئی ہیں۔ کھنڈرات کے ملبے میں تبدیل شدہ غزہ کی باز آبادکاری کے لیے بہت وقت درکار ہوگا۔اطلاعات کے مطابق غزہ کی 85 فیصد آبادی کھانے پینے کی اشیاء سے محروم قحط سالی کا سامنا کررہی ہے۔ اب جبکہ جنگی معاہدہ زیر عمل ہے۔ غزہ کے ستم رسیدہ باشندوں کو عالمی رسد کے لیے راہیں کھولی جارہی ہیں۔ اسرائیل اب بھی رسد سے لدی گاڑیوں کی آمدورفت کی نگرانی کررہا ہے۔
ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے
خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا
(ساحر)
اپنے ہرے بھرے غزہ کو کھنڈرات میں تبدیل ہوتے دیکھنے کے باوجود غزہ کے مکینوں میں اُمیدرنگ لاتی نظر آرہی ہے۔ اپنے مسمار گھروں کی طرف لوٹتے وہ نعرے لگاتے رہے کہ، خون شہیداں رنگ لایا، فتح کا پرچم لہرایا، جنگ خود ہی ایک مسئلہ ہے۔جنگ کیا مسئلوں کا حل دے گی۔ یہ بات فریقین کی سمجھ میں اگر آجائے تو ناحق خون بہہ نہیں پائے گا اور انسانیت شرمسار نہ ہوپائے گی۔

Latest Indian news

Popular Stories