مسلمانوں، واپس آجاو

ظفر ہاشمی ندوی

ميرا نام رمضان هے۔ میں اسلامی کیلنڈر کا نواں مہینہ ہوں- اس لیے کہ انسانی بچہ بھی عام طور نویں مہینہ میں یا اس کے بعد پیدا ہوتا ہے- شاید اسی لیے اللہ تعالیٰ نے مجہے اسلامی کیلنڈر کا نواں مہینہ بنایا اور اسی نسبت سے مجھ میں قرآن کریم نازل فرمایا کہ تم مہینہ بھر مجھ میں رہو اور قرآن کریم سے جڑ جاؤ تو پھر سال بھر قرآن سےجڑے رہو گے مگر ہائے رے تمہاری نفس پرستی نہ خدا ہی ملا نہ وصال صنم     نہ ادھرکے رہے نہ ادہر کے رہے۔

میں اپنے نبی کے دور میں خصوصا اور اسکے بعد صحابہ، تابعین اور تبع تابعین کے دور تک ہر سال بڑی خوشی سے آتا تھا- اس وقت کے مسلمان میری آمد پر پورے شہر کو روشن نہیں کرتے تھے جیسے آج کے عرب جو رمضان میں شہروں کو روشن اور مسجدوں کو ویران کر بیٹھے ہیں یا آج کے عجمی مسلمان جو مجھے صرف سحری کھانے اور پھر افطاری کرنے کو رمضان سمجھ بیٹھے ہیں۔ بلکہ میرے سنھری دور میں بازار سے کہیں زیادہ مسجدیں صبح وشام آباد ہوا کرتی تھیں۔ ہر نماز، عید کا نظارہ پیش کرتی تھی- جس طرح آج کے گناہ بھرے دور میں راتوں کو نائٹ کلب اور رقص وسرور کی گندی محفلیں دن کا اجالا بن جاتی ہیں اسی طرح میرے سنھری دور میں ہر ملک کی مسجدیں دنیا بھر میں روحانیت کا سب سے اعلیٰ نمونہ پیش کرتی تھیں- گناہوں کے اڈوں میں شور و غل اور ناچ وگانا ہوتا ہے تو میری مسجدوں میں اللہ سے ڈر و خوف سے لوگوں کے رونے اور چیخنے کی آوازیں بلند ہوتی تھیں اور اللہ سے سچی محبت رکھنے والے تو اللہ کی یاد میں روتے تھے- کاش تم قرآن معنی کے ساتھ پڑھتے تو تمہیں معلوم ہوتا کہ( والذین آمنوا أشد حبا للہ) ایمان والوں کی محبت سب سے زیادہ اللہ سے ہوتی ہے- بہرحال تبع تابعین کے بعد ہر نیا سال مجھ سے دور ہوتا چلا گیا اور آج 1446 ھجری مطابق 2025تک خود مسلمانوں نے میری مٹی پلید کردی ہے۔ ایک عربی زبان کے شاعر نے میرے آنسو پونچھ کر :     لیس العید لمن لبس الجدید         انما العید لمن  خاف الوعید                 عید منانے کا حق اسکو نہیں ہے جو صرف نئے کپڑے پہن لے بلکہ یہ اس کا ہے جو اللہ کے وعدہ وعید کو سمجھ لے یعنی میرے پورے تیس دن کا حق ادا کرے اور تقوی اس کی سمجھ میں آجاے۔                   بہرحال اے مسلمانوں تم میرے ساتھ جیسا بھی سلوک کرو میں تمہاری ماؤوں کی طرح تمہیں سمجھانے اور سیدھے راستہ پر لانے کے لئے ہر سال آتا رہوں گا۔ اگر تم سدھر گئے تو وہ تمہارے ہی کام آۓ گا ورنہ آخرت میں بے موت مارے جاوگے۔ فرض کرو تم کسی جگہ جانا چاہتے ہو اور تم راستہ بھول گئے یا بھٹک گئے۔ اور بہت دورتک نکل گئے۔ پھر اچانک تمہیں راستہ بتانے والامل گیا اور اس نے تم سے کہا کہ ذرا سا آگے ایک U turn ہے تم وہاں سے یو ٹرن لے لو تو وہی سیدھا راستہ ہے ۔ اور تمہیں منزل تک پہونچا دے گا۔ بس میں وہی یو ٹرن بتانے کےلیۓ ہر سال تمہارے پاس آتا ہوں ۔ مگر ہاے رے تمہاری بد نصیبی تم میری قدر کرنا ہی نہیں چاہتے ہو تو مت کرو ۔میرے نبی ﷺ نے تم سب کو پہلے ہی وارننگ کب کی دے رکھی ہے کہ فرمایا ( جب میں نے خطبہ کے منبر کے  پہلے قدمچہ پر اپنا قدم رکھا تو جبرئیل علیہ السلام نے بد دعا کی کہ ہلاک ہوجاے وہ شخص جسے رمضان جیسا مہینہ ملےمگر وہ اللہ کو رضی نہ کرسکے اور اس کی مغفرت نہ ہو تو میں نے کہا آمین۔ میرے بھٹکے ہوے مسلمانوں سواے سحری اور افطاری میں طرح طرح کی ڈشیں کھانے کے علاوہ تم نے میری اور کیا قدر کی ؟ اے بے حس مسلمانوں کیا مہینہ بھر نمازپڑھنے، مہینہ بھر تھوڑی داڑھی رکھنے اور بعد میں اس عظیم سنت کو چہرہ سے کھرچ دینے اور صرف رمضان میں قرآن پڑھنے اور وہ بھی بغیر سمجھے سے میرا حق ادا ہوجاے گا۔ اگر برا نہ مانو تو تمہاری حالت کتے کی سی ہے جس کی دم ہر وقت ٹیڑھی کی ٹیڑھی رہتی ہے۔ اب یہی دیکھ لو : عید کا چاند اسلامی خوشیوں کے منانے کی خوشخبری لے کر آتا ہے۔ اب تم لوگ رات کا اعلان سنتے ہی عشاء کی نماز سے غائب ہوجاتے ہو ۔ آدھی رات سے زیادہ کپڑوں اور جوتوں کی خریداری میں مصروف رہتے ہو۔ نتیجہ میں تمہاری اکثریت فجر کی نماز میں جو فرض ہے غائب مگر عید کی نماز جو سنت موکدہ ہے اس میں حاضر ہوکر جو غائب ہوتی ہے  تو ہر دن کی پانچ نمازیں ( مسجدیں مرثیہ خواں ہے کہ نمازی نہ رہے) سچ بتاو کتے کی دم ٹیڑھی کی ٹیڑھی رہی کہ نہیں۔ آخر یہ غداری مجھ سے میرے قرآن سے میرے نبی سے اور میرے اللہ سے تم کب تک کرتے رہوگے؟ اگر تم سدھر جاو تو قیامت میں میرے نام کے دروازہ ( ریان ) کے ذریعہ جنت میں جاوگے۔ اور اگر نہ سدھرے اور ہر سال بے وفائی غداری ہی کرتے رہو تو بیوقوفوں نقصان صرف تمہارا ہے نہ میرے ذریعہ رحمت ملے گی نہ مغفرت اور نہ جنت ۔کیا میرے نبی ﷺ نے نہیں فرمایا کہ میرا پہلا حصہ رحمت ہے اور دوسرا حصہ جہنم کی آگ سے آزادی تو اب بتاو اس سال کیا ارادہ ہے؟ کیا سال بھر نماز پڑھوگے ؟ کیا سال بھر قرآن کی تلاوت کروگے؟ میں نے تمہیں مہینہ بھر حلال کھانے پینے سے روکا تاکہ تمہارے اندر نفس اور شیطان سے مقابلہ کی طاقت تقوی کا ہتھیار لیکر پیدا ہو تو کیا اس سال سے حرام کمانے ، حرام کھانے اور حلال کے نام پر فضول خرچی سے رک سکوگے؟ میرے آتے ہی تم میں سے سچے مسلمان پائی پائی کا حساب کرکے زکاة دیتے ہیں اور ہزارں غریب بھائیوں اور بہنوں کا گھر بھر دیتے ہیں تو کیا تم سال بھر اسی طرح اپنے غریب بھائیوں اور بہنوں کا خیال رکھ سکو گے؟  میرے عزیزو مجھ پر ایمان رکھنے والو اب بھی وقت ہے واپس آجاو اللہ اس کے رسول قرآن اور حدیث کی طرف واپس آجاو اس سے پہلے کہ تمہاری نماز جنازہ پڑھی جاے۔ تم خود پانچ نمازیں پڑھنا شروع کردو ۔ علامہ اقبال رحمة علیہ نے صحیح فرمایا :   نشان مرد مومن با تو گویم    چوں مرگ آمد تبسم بر لب اوست        میں تمہیں مرد مومن کی نشانی بتاتا ہوں ۔ مرتے وقت اس کے لبوں پرمسکراہٹ ہوتی ہے۔ اے اللہ اس سال ہر مسلمان مرد عورت کی ہدایت کا فیصلہ فرما اور صراط مستقیم پر چلنا آسان فرما ۔ آمین

Latest Indian news

Popular Stories