(محمد معاذ لالہ عمری )
بنگال میں دوسرے مرحلے میں ووٹنگ کے ایک روز قبل ممتا بنرجی نے اپوزیشن کے رہنماؤں کو ایک خط لکھا ہے۔ اس خط کے ذریعے ممتا نے اپوزیشنس سے جمہوریت کو بچانے کے لئے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔منگل کی شام نندی گرام میں انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد ، ممتا بنرجی نے کل بدھ کے روز غیر بی جے پی 15 قائدین کو ذاتی خط بھیجا۔ ممتا بنرجی نے خط میں لکھا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو جمہوریت کو بچانے کے لئے بی جے پی کے خلاف متحد ہونا چاہئے۔
تو دوسری جانب انتخابی مہم کے دوران ممتا بنرجی کے ذریعہ ”گوتر” بیان کرنے کے بعد بی جے پی اور ترنمو ل کانگریس کے درمیان لفظی جنگ تیز ہوگئی ہے۔ ممتا بنرجی کے ذریعہ اپنا گوتر بیان کیے جانے کے بعد مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہا کہ ممتا بنرجی کا تعلق روہنگیائی مسلمانوں سے ہے۔ ممتا بنرجی جب نندی گرام میں انتخابی مہم کے دوران مندر میں گئیں تو پجاری نے پوچھا کہ آپ کا گوتر کیا ہے؟ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں شنڈیلا ہوں۔ ”شنڈیلا” برہمنوں کا اعلیٰ طبقہ کہلاتا ہے۔
بی جے پی کے سینئر رہنما گری راج سنگھ نے کہا کہ وزیر اعلی مایوسی میں اپنے گوتر کا اعلان کر رہی ہیں۔ وہ براہ کرم مجھے بتائیں کہ کیا روہنگیا اور درانداز بھی شنڈیلا گوتر سے ہیں?.
اس تبصرے پرترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مہووا موئترا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈران کا تعلق چوٹیا والا کلان سے ہے۔ موئترا کے اس تبصرے کے بعد بی جے پی لیڈران میدان میں آگئے ہیں ۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ چوٹیا (پونی ٹیل) ہندوستان کی سناتن تہذیب اور ثقافت کا لازمی جز رہا ہے اور اس کی خاطر سناتن کے ساتھ بدسلوکی کرنا مناسب نہیں ہے۔ اس بدسلوکی کا عوام جواب مانگیں .
جیسے جیسے انتخابی مہم شباب پر پہنچ رہی ہے پولرائزیشن تیز ہوتا جا رہا ہے۔ اس سے قبل شوبھندو ادھیکاری نے بھی نندی گرام میں ہندو مسلم کرکے ووٹروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیگم جیت گئیں اور تیسری مرتبہ اقتدار میں آئیں تو بنگال منی پاکستان بن جائے گا۔




