بیدر ۔(محمد امین نواز)-ریاستی حکومت کی طرف سے کلیان کرناٹک خطہ میں تعلیمی منظر نامے کو بہتر بنانے کے لیے تشکیل دی گئی آٹھ رکنی کمیٹی کے چیرمین ماہر اقتصادیات چھایا دیگاونکر کی قیادات میں کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر عبدالقدیر ،ملیکارجن ایم ایس، فرانسس باشیام، ردریش ایس،این بی پاٹل،یشونت ہرسور ناگا بائی بی. بڑلانے اپنی عبوری رپورٹ میں کئی تجاویز دی ہیں۔ کمیٹی کے چیئرمین اور ماہر اقتصادیات چھایا دیگاؤںکر نے کہا کہ کمیٹی ستمبر کے پہلے ہفتے میں اپنی حتمی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔ کمیٹی نے اپنی عبوری رپورٹ میں تین کیٹیگریز میں اہم سفارشات کی ہیں، جن میں اس تعلیمی سال اور اگلے سال کے دوسرے اور تیسرے امتحانات میں فوری طور پر لاگو کی جانے والی مختصر مدت کی سفارشات، 26-2025 تعلیمی سال تک لاگو کی جانے والی مختصر مدت کی سفارشات، اور درمیانی مدت کی سفارشات کو اگلے تین سال کے عرصے میں نافذ کیا جائے گا۔ کمیٹی نے 40 فیصد سے کم نتائج والے اسکولوں میں اضافی کلاسیں قائم کرنے، کم کارکردگی والے مضامین پر توجہ مرکوز کرنے، تحریری صلاحیتوں کو بہتر بنانے، 34 موجودہ بلاک ایجوکیشن آفیسرز (بی ای او) کے علاوہ 14 نئے بی ای اوز کی تقرری، اساتذہ کی مخلوعہ جائیداد کو پر کرنے، اگلے دو سالوں میں کرناٹک کے 200 نئے سرکاری اسکولوں کے قیام اور دوسرے دو سالوں میں طلباء کی کمی کی شرح میں اضافہ کرنے کی سفارش کی ہے۔ کمیٹی نے اپنی عبوری رپورٹ میں جون میں اسکول کے آغاز پر طلباء کی کلاس کے لحاظ سے سیکھنے کی صلاحیتوں کی تشخیص کے لیے ابتدائی تشخیص پر زور دیا ہے۔ اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ ایک مسلسل عمل ہونا چاہیے۔ رپورٹ کے مطابق اساتذہ کے غیر تعلیمی کام کے بوجھ کو کم کرنے، انگریزی زبان میں تدریسی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور کنڑ زبان میں سیکھنے اور لکھنے کی مہارت کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔




