احمد آباد طالب علم کا قتل: ’’کون ہے، کیا کرے گا تُو؟‘‘ اسکرین شارٹ وائرل


احمدآباد: 21؍اگست(ٹی او آئی) دسویں جماعت کے طالب علم نین ستانی کے قتل کے ملزم اور اس کے دوست کے درمیان واٹس ایپ چیٹس کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے ہیں، جن سے واردات کے بعد کے حالات پر روشنی پڑتی ہے۔چیٹس میں، جو ہندی میں لکھی گئی ہیں لیکن انگریزی میں ٹائپ کی گئی ہیں، ملزم نے مبینہ طور پر نین کو چاقو مارنے کا اعتراف کیا۔ جب اس کے دوست نے پوچھا کہ کیا اس نے متاثرہ پر چاقو سے حملہ کیا تھا تو ملزم نے جواب دیا:’’ہاں تو‘‘ اس نے متاثرہ کی شناخت بھی نام لے کر کی۔
اطلاعات کے مطابق ایک چیٹ میں ملزم یہ کہتے ہوئے نظر آ رہا ہے: ’’ارے، میکو بول رہا تھا کہ کون ہے، کیا کر لے گا تو‘‘۔ جواب میں اُس کے دوست نے اُس کو گالی دی اور کہا کہ اُسےنائن پر چھری سے حملہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔تقریباً چھ اسکرین شاٹس ان چیٹس کے بڑے پیمانے پر گردش کر رہے ہیں۔ ان پیغامات میں دوست نے ملزم کو مشورہ دیا کہ وہ چیٹس کو حذف کر دے اور روپوش ہو جائے، یہ کہتے ہوئے: ’’جو ہوا سو ہوا‘‘۔
پولیس ان وائرل چیٹس کی اصلیت کی جانچ کر رہی ہے تاکہ کیس کی تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔پولیس کے مطابق احمد آباد کے ایک پرائیویٹ اسکول کے دسویں جماعت کے طالب علم کو اُس کے ہی ہم جماعت نے جھگڑے کے بعد چاقو مار کر ہلاک کر دیا، جس کے نتیجے میں بدھ کے روز والدین اور مقامی لوگوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج اور توڑ پھوڑ ہوئی۔واقعہ کے فوراً بعد کم عمر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ متاثرہ طالب علم نَائن استانی منگل کی رات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے وضاحت کی کہ حملہ آور اور مقتول دونوں دسویں جماعت کے طالب علم تھے، اور اس طرح ریاستی وزیر تعلیم پرفل پینشریا کے اس دعویٰ کی تردید کی کہ حملہ آور نویں جماعت کا طالب علم تھا۔پولیس کے جوائنٹ کمشنر جے پال سنگھ راٹھور نے کہا: ’’کل سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ اسکول میں دسویں جماعت کے ایک طالب علم نے اپنے ہم جماعت کو چاقو مار دیا۔
متاثرہ علاج کے دوران رات میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے نابالغ ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔‘‘بدھ کی صبح، سینکڑوں افراد—جن میں مقتول کے اہل خانہ، دیگر طلبہ کے والدین اور سندھی برادری کے افراد شامل تھے—نے اسکول میں گھس کر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج جلد ہی پرتشدد ہو گیا اور مشتعل ہجوم نے اسکول کی بسوں، دو پہیوں اور چار پہیوں والی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور یہاں تک کہ اسکول کے عملے پر بھی حملہ کیا۔یہ احتجاج سڑکوں پر پھیل گیا، جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا، ٹریفک کو روک دیا اور پولیس و اسکول انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ واقعے نے فرقہ وارانہ رخ بھی اختیار کر لیا کیونکہ معلوم ہوا کہ ملزم ایک اقلیتی برادری سے تعلق رکھتا ہے جبکہ مقتول سندھی تھا۔مقتول کے ایک رشتہ دار نے کہا: ’’ہم انصاف چاہتے ہیں۔ آج ہم نے اپنا بچہ کھو دیا ہے، کل یہ کسی اور کے ساتھ ہو سکتا ہے۔ جب تک سخت کارروائی نہیں کی جاتی، ایسے واقعات ہوتے رہیں گے۔‘‘مقامی ایم ایل اے امول بھٹ نے لوگوں سے سکون کی اپیل کی اور کہا کہ اپنے مطالبات پُرامن طریقے سے پیش کریں اور پولیس کو کارروائی کرنے دیں۔ اسی دوران پولیس کے جوائنٹ کمشنر (کرائم برانچ) شرد سنگھل نے کہا کہ احتجاجیوں کے مطالبے پر تفتیش کرائم برانچ کو سونپ دی گئی ہے۔پولیس والدین کے ان دعوؤں کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ چھ سے سات دیگر افراد نے ملزم کی مدد کی اور اسکول انتظامیہ نے خون کے دھبے مٹانے کے لیے پانی کا ٹینکر بلوا کر ثبوت مٹانے کی کوشش کی۔ سنگھل نے کہا: ’’اگر دیگر افراد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘ (بشکریہ ٹائمز آف انڈیا)

Latest Indian news

Popular Stories