بیدر ۔22 /ستمبر ۔اسکل ڈیولپمنٹ، انٹرپرینیورشپ اور ذریعہ معاش کے محکمے کی سرپرستی میں کرناٹک انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ سینٹر (سی آئی ڈی اے سی) بیدر، جو کہ حکومتِ کرناٹک کا ایک ادارہ ہے، کی جانب سے دس روزہ انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ تربیت اُن مرد و خواتین کے لیے ہے جو اپنا ذاتی کاروبار یا ذریعہ معاش شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔ سی آئی ڈی اے سی، بیدر کے جوائنٹ ڈائریکٹر نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ یہ پروگرام اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہوگا۔ ٹریننگ میں کاروبار کے قیام کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا جائے گا، جن میں ڈیری فارمنگ، سرکاری خود روزگار اسکیمیں، بینکنگ سے متعلقہ امور، قرض و سبسڈی کی سہولتیں، پروجیکٹ رپورٹ کی تیاری، مارکیٹ سروے، جی ایس ٹی اور ٹیکس کے بنیادی اصول شامل ہیں۔ اہلیت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 18 سے 50 سال کی عمر کے امیدوار، چاہے انہوں نے ایس ایس ایل سی کامیاب کیا ہو یا ناکام رہے ہوں، اس پروگرام میں حصہ لے سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 3 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار دفتر میں بذاتِ خود یا موبائل نمبر 7847846784 پر رابطہ کرکے اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔




