نکسلیوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کا اعلان!

(محمد معاذ لالہ عمری)

چھتیس گڑھ میں نکسلیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 24 سیکیورٹی اہل کاروں کی ہلاکت کے بعد حکومت نے فورسز کو نکسلیوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن شروع کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
پیر کو وزیرِ داخلہ اُمت شاہ نے سیکیورٹی فورسز کو ہدایت کی کہ وہ نکسلیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں۔

اس فیصلے کا اعلان اُمت شاہ نے ہلاک ہونے والے سیکیورٹی اہل کاروں کی آخری رسومات کی اعلٰی سطحی اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں ریاستی سیکیورٹی فورسز کے حکام نے شرکت کی اور ریاست کی مجموعی سیکیورٹی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ملک کے سیکریٹری داخلہ اجے بھالا ،انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ اروند کمار اور دوسرے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اُمت شاہ نے بتایا کہ پورا ملک ان سیکیورٹی فورسز کے اہل کاروں کی قربانیوں کو یاد رکھے گا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نکسلیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کن موڑ آ گیا ہے۔ لہذٰا اب کسی کو نہیں بخشا جائے گا اور جیت آخر کار ہماری کی ہو گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کو ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بجاپور میں نکسلیوں کے خلاف آپریشن مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق آپریشن میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کوبرا یونٹ، ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈز اور اسپیشل ٹاسک فورس کے اہل کاروں نے حصہ لیا تھا لیکن باغیوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس سے 24 سیکیورٹی اہل کار ہلاک ہوئے۔
ملک میں جماعتیں سیکیورٹی اہل کاروں کی ہلاکت کو انٹیلی جنس ناکامی قرار دے رہی ہیں۔

کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہل کاروں کی ہلاکت پر سیکیورٹی حکام کو جواب دہ ٹھیرانا چاہیے۔

تاہم ‘سی آر پی ایف’ کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ نے اس الزام کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے کہ یہ انٹیلی جنس کی ناکامی تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیکیورٹی فورسز کی اس مشترکہ کارروائی میں 25 سے 30 نکسلی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

Latest Indian news

Popular Stories