آر ایس ایس حقیقی قوم پرستی سے دور رہی

محمد اعظم شاہد

گزشتہ ہفتے ’وجے دشمی‘ تہوار پر وزیراعظم مودی نے آر ایس ایس کی صدسالہ تقریبات کے موقع پر ریزرو بینک آف انڈیا RBI کی جانب سے جاری کردہ سو روپیوں کا یاد گار سکہ جاری کیا اور ساتھ میں محکمہئ ڈاک کی جانب سے یاد گار ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔یادگار سکہ کی دوسری جانب بھارت ماتا کو دیوی کے روپ میں دکھایاگیا ہے، جس کے آگے آر ایس ایس کے کارندے پرنام کررہے ہیں۔ پہلی بار کسی سکہ پر بھارت ماتا کے تصور کو پیش کیا گیا ہے۔ مودی نے آر ایس ایس کی سو سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے کہاکہ ملک کی نوجوان نسل خوش نصیب ہے کہ وہ آر ایس ایس کے سوسال کی تکمیل کا مشاہدہ کررہی ہے۔ ملک کی تعمیر وتشکیل اور تحریک آزادی میں آر ایس ایس نے اہم اور عہد ساز کردار نبھایا ہے۔ آر ایس ایس کے بنیادگزاروں نے انگریزی سامراجیت کے خلاف آواز اٹھائی تھی، انہیں جیلوں میں بند رکھاگیا، مگر آر ایس ایس کے خلاف غلط پروپیگنڈہ پھیلانے والوں نے آر ایس ایس کے قائدین کی خدمات کو فراموش کردیا ہے۔ مودی نے اپنی پرجوش تقریر کے دوران مزید کہا کہ سال 2047 میں بھارت مکمل طور پر ترقی یافتہ ملک بن جائے گااور ملک کی ترقی میں آر ایس ایس کی خدمات ناقابل فراموش ہوں گی۔ اس موقع پر جاری کردہ یادگار ڈاک ٹکٹ میں دکھایا گیا ہے کہ 1963کے یوم جمہوریہ کے دوران آر ایس ایس کے کارندے ملک کی عظمت کے تحفظ کے لئے قومی خدمت میں جڑے ہوئے ہیں۔ آر ایس ایس کے بانی ڈاکٹر ہیڈگیوار کو مجاہد آزادی قراردیتے ہوئے مودی نے بتایاکہ انگریزوں نے انہیں قید میں رکھا، اس طرح آر ایس ایس کے کئی قائدین نے تحریک آزادی میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ آر ایس ایس کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر جس طرح کی تاریخ پیش کی جارہی ہے اور جس نوعیت کا بیانیہ Narrativeملک کے روبرو پیش کیا جارہا ہے وہ سراسر گمراہ کن اور حقیقت سے کسی بھی طرح میل نہیں کھاتا۔
اصل تاریخ یہ ہے کہ آر ایس ایس اپنے قیام سے لے کر یعنی 1925ء سے 1947ء میں ملک کی آزادی تک کسی بھی طرح نہ حصہ لیاتھا اور نہ ہی اپنے کارندوں کو شمولیت پر راغب کیا۔1925 سے قبل 1921 کے آس پاس خلافت تحریک کی حمایت میں انگریزوں کے خلاف تقریر کرنے کی پاداش میں ہیڈگیوارکی گرفتاری عمل میں آئی تھی اور قید میں رکھاگیا تھا۔ ان دنوں آر ایس ایس کے بانی ہیڈگیوار کانگریس کے فعال رکن تھے۔ تاریخی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ جب بھی آر ایس ایس کے بنیادگزار انگریزوں کے دور میں جیل میں بند تھے، انہوں نے کانگریسی اور دیگر پارٹیوں کے کارکنوں کو آر ایس ایس میں شمولیت کی جانب راغب کرنے کی کوششیں کی تھیں۔ سبھاش چندر بوس نے ہیڈگیوار سے ملاقات کا منصوبہ بنایاتھا، مگر ہیڈگیوار نے خرابیئ صحت کی فرضی وجہ بتلاکر ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔ آر ایس ایس اپنے ایک اور مجاہدین آزادی ساور کرکی تعریف کرتے نہیں تھکتی۔ ساورکر کو جب انڈومان میں قید میں رکھاگیا تھا، ان دنوں ساور کرنے انگریزی سامراج سے معافی مانگی۔ رہائی کے بعد ساورکر ہندوؤں کو انگریزوں کی فوج میں شامل ہونے کی رائے ہموار کرنے لگے۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران ہندوؤں کو فوجی مہارت سے آراستہ کرنے کی غرض سے ساورکرنے انگریزوں کی حمایت کرنے آمادہ کیا۔ ہندومہاسبھا کے سربراہ کے طور پر ساورکر نے انگریزوں کی حکومت سے حمایت کرنے کا وعدہ کیاتھا اور ہندو مہاسبھاا ورآر ایس ایس کے کارکنان کو انگریزوں کے خلاف ہونے والی کسی بھی تحریک میں حصہ نہ لینے پر آمادہ کیاتھا۔ ساورکرکی اس وفاداری پر انگریز انہیں وظیفہ (پنشن) بھی دیتی رہی۔ تحریک آزادی میں شامل تمام قائدین بالخصوص کانگریسیوں اور مسلم لیگ کو اپنا دشمن ماننے والے ساورکر حصول آزادی سے قبل ہی مذہب کے نام پر ملک کی تقسیم کے حامی تھے۔ وید ساور کر جی جنہیں ہیرو قراردیتے ہیں آر ایس ایس والے۔ خود کو وطن پرست کہنے والی آر ایس ایسنے کبھی بھی قومی سطح پر اہمیت کی حامل کسی بھی مزاحمت یا کسی بھی تحریک میں حصہ لینے سے باز رہی۔ تاریخی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ آر ایس ایس کے کرتا دھرتا شاذ ونادر ہی انفرادی طور پر انگریزوں کے خلاف محاذآرائی میں شامل ہوتے اور اپنی آئیڈیالوجی کو ہندو مذہب کے نام پر پھیلانے خفیہ طور پر کام کرتے رہے۔ مہاتما گاندھی کے طرز فکر اور ان کے ہندو مسلم اتحاد کے نظریات سے آر ایس ایس ہمیشہ ناراض رہا کرتی تھی۔ ہندو مہاسبھا سے وابستہ ہندو وادی نتھو رام گوڈسے نے گاندھی جی کا قتل کیاتھا، جو ویرساورکر کا قریبی ساتھی تھا۔ ہندوؤں کی دھرتی کے نام پر اکھنڈ بھارت کا نظریہ پیش کرنے والی آر ایس ایس نے ملک کی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو ہندوؤں کے لئے دائمی خطرہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔ ملک کے پہلے جنرل الیکشن (1950-51) میں ہندو نواز تنظیموں بشمول ہندو مہاسبھا کے صرف دس اراکین لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے۔ یہ اس بات کا زندہ ثبوت تھا کہ خود روشن خیال ہندوؤں نے بھی ہندو وادی نظریات کو رد کردیاتھا۔ مؤرخ شمس الاسلام نے اپنے ایک حالیہ تجزیہ میں تاریخی شواہد کی روشنی میں کہا ہے کہ آر ایس ایس کے کسی بھی لیڈر نے تحریک آزادی میں حصہ نہیں لیاا ور نہ ہی کسی طرح کی قربانی دی تھی۔ انگریریزوں کی خوشامد میں عافیت تلاش کرنے والی آر ایس ایس کے حوالے سے آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے وزیراعظم پنڈت نہرو کو باخبرکیا تھا کہ آر ایس ایس ملک کی سالمیت اور روا داری کے لئے خطرہ پیدا کرنے والی جماعت ہے۔ آج وہی بھاجپا جو آر ایس ایس کی گود سے اٹھی ہے سردار پٹیل کے گن گاتی ہے، اس طرح وہ منصوبہ بند طور پر سردار پٹیل کو ہتھیا رہی ہے۔ دیش بھکتی اور وطن پرستی کی حامی ہونے کا دعویٰ کرنے والی آرایس ایس نے 55سال تک ملک کے قومی پرچم ترنگا کو تسلیم نہیں کیاتھا۔ ان کا بھگوا زعفرانی پرچم ہی ایک ملک ایک رنگ کا ترجمان مانا جاتا ہے۔ ملک کے قومی پرچم میں تین رنگوں کے استعمال کو بے معنی قرار دینے والی آر ایس ایس3کے ہندسہ کو نشان ملامت سمجھتی تھی۔ سال 2002 کے بعد آر ایس ایس نے ترنگا تسلیم کیا۔ اس لئے بی جے پی مرکز اور ریاستوں میں اقتدار پر فائز ہوتی رہی۔ یہ بھی کتنی مضحکہ خیز بات ہے کہ ملک کی آزادی کے 75ویں جشن کے دوران بھاجپا نے ”گھر گھر ترنگا“ کا نعرہ دیا۔ موقع و محل کے مطابق اپنے مفاد کو مستحکم کرنے کی خواہاں آر ایس ایس اپنی تمام ذیلی تنظیموں کے ساتھ پورے ملک میں مذہب کے نام پر تفرقے عام کرنے کی کوششوں میں ملوث رہتی ہے۔ آر ایس ایس کے موجودہ سربراہ ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ رواداری کی باتیں کرتے ہیں اور مساجد میں مندروں کی تلاش پر روک تھام کے بیان دیتے ہیں۔ مگر باوجود ان باتوں کے مسلمانوں کے گھروں، مساجد اور مدرسوں پر غیر قانونی تعمیرات کے فرضی مقدمات کے نام پر بلڈوزر چلائے جاتے ہیں۔ مودی حکومت کا اہم کارنامہ یہی ہے کہ وہ بالخصوص مسلمانوں کو کسی نہ کسی مسئلہ پر الجھائے رکھنے میں کامیاب نظر آتی ہے۔ آر ایس ایس اپنے اصل مشن اور اصل چہرہ پر ملک کی خدمت کا چہرہ لگائے پھرتی ہے۔ جو تعریف وتوصیف آر ایس ایس کے سوسال مکمل ہونے پر کی جارہی ہے۔ چاہے وہ مودی ہوں یا کوئی اور ذمہ دار یوں لگتا ہے کہ تاریخ کو اپنے مفاد اور مطمحہئ نظر کے مطابق از سر نو پیش کیاجارہا ہے۔ تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اب ہمارے ملک میں کوئی نئی بات نہیں رہ گئی ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories