محمد اعظم شاہد

اسرائیل اپنی شرانگیزی سے باز آنے والا نہیں ہے۔دیوانہ وار وہ غزہ میں فلسطینیوں کو پریشان کرنے نئے نئے ہتھکنڈے تلاشتا رہتا ہے۔حماس اور اسرائیل کے درمیانی جب بھی جنگ بندی کا اعلان ہوا۔ جنگ بندی کی معیاد مکمل ہونے سے قبل ہی کسی نہ کسی طرح اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر بیٹھتا ہے اور غزہ میں دوبارہ بمباری اور فضائی حملوں سے ماحول بگاڑتا رہا ہے۔ 10/اکٹوبر 2025 ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے نام نہاد بیس نکاتی امن معاہدہ کے اعلان کے ساتھ دو سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کا نفاذ عمل میں آیا۔ حماس نے ضوابط کے مطابق تمام زندہ اسرائیلی یرغمالوں کو جہا ں رہا کیا وہیں تقریباً دو ہزار فلسطینی قیدیوں کی رہائی بھی عمل میں آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اب بھی تقریباً دس ہزار فلسطینی اسرائیلی قید خانوں میں بند ہیں۔ جاری جنگ بندی کے دوران غزہ میں ملبوں کے ڈھیر کے درمیان فلسطینی اپنی زمین کی جانب دوبارہ لوٹتے رہے۔ غزہ میں بسنے والے فلسطینی اور اسرائیل کے طریقہ کار اور سابقہ اس کی شر انگیزیوں سے واقف احباب کو اس بات کا اندازہ تھا کہ اسرائیل جنگ بندی کے دوران کوئی نہ کوئی بہانہ نکال لے گا۔ اور غزہ میں امن میں خلل ڈالنے اور اسرائیل سے خوف زدہ کروانے کا کوئی شوشہ چھوڑے گا۔ ایسی ہی کچھ اتوار 19/اکٹوبر کو واقعہ پیش آیا۔ نتن یاہو نے یہ الزام لگایا کہ رفح سرحد پر حماس نے اسرائیلی فوجوں پر حملے کیے۔ جس کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی مارے گئے۔ حماس نے ان حملوں سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے جبکہ رفح سرحد کا علاقہ اسرائیلی قبضے میں ہے۔نتن یاہو نے جوابی فوجی حملوں کے لیے احکامات جاری کیے۔ بیس مقامات پر غزہ میں اسرائیل نے فضائی حملے کیے۔ چالیس فلسطینی شہید ہوئے۔ غزہ پٹی علاقے میں جنگ بندی کی صورتحال انتہائی نازک اور غیر یقینی صورت اختیار کرتی گئی۔ حماس نے اپنا رد عمل ظاہرکرتے ہوئے اعادہ کیا ہے کہ جنگ بندی کے ضوابط پر وہ مکمل طور پر عمل کررہے ہیں۔ کہیں بھی ان سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔ جبکہ اسرائیل نے تاحال غزہ میں حماس اور اسرائیلی جنگ بندی کے دوران 47 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔
ٹرمپ کا غزہ امن معاہدہ ایک بار پھر بحث کا موضوع بنا۔ ٹرمپ نے اُمیدیں جتائی ہیں کہ جنگ بندی حماس اور اسرائیل کے درمیان پوری یکسوئی کے ساتھ جاری ہے۔ ٹرمپ کے انتباہ نے اسرائیل کو جنگ بندی پر دوبارہ آمادہ کیا ہے۔ اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ رفح سرحد سے، جو مال بردار ٹرک امدادی اشیا غزہ کے لیے لارہے تھے۔ ان کے لیے اب دوبارہ راستہ کھولا گیا ہے۔ روزمرہ کی ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے روزانہ چھ سو ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے۔ جنگ بندی کے دوران اسرائیل نے ایک اورمسئلہ اُٹھایا ہے کہ حماس فوت شدہ اسرائیلی یرغمالوں کی لاشیں لوٹانے میں تساہلی سے کام لے رہا ہے۔ جبکہ حماس نے اس تعلق سے بتایا ہے کہ اسرائیلی بم باری کے زیر اثر عمارتوں کے ملبے میں ممکن ہے کہ اسرائیلی یرغمالوں کی لاشیں ہوں جن کی تلاش جاری ہے۔ اب جب کہ جنگ بندی کے مراحل بتدریج روبہ عمل ہوں گے۔ ایسے میں نتن یاہو نے نے حماس پر نئے الزامات لگائے ہیں کہ جب تک وہ (حماس) مکمل طور پر غیر مسلم نہیں ہوں گے تب تلک جنگ ختم نہیں ہوسکتے گی۔ غزہ سے حماس کو بے دخل کرنا اور ایک نمائندہ ہم خیال جماعت کو غزہ کی تشکیل نو اور تعمیر کی ذمہ داری دینا یہ سب ٹرمپ کے امن منصوبے کے نکات ہیں۔ نہیں معلوم کہ ان پر کسی حد تک عمل درآمد ہوگا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد نے اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزی اور غزہ میں شہری زندگی میں دوبارہ کہرام مچانے کو حکومت کی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے تمام ممالک سے گزارش ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی بربریت سے فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اور اسرائیل نے حماس کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے قطر نے جہاں ثالثی کردار نبھاتا آیا ہے اسی پر فضائی حملہ کرنا اور وفد میں شامل حماس کے ارکان کو قتل کرنے کی کوشش کرنا یہ سب عالمی قوانین اور ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مستحکم کرنے کے خلاف ہے۔
عام طور پر جنگ دونوں فریقین کے درمیان ہوتی ہے۔ مگر اکٹوبر 2023 سے غزہ میں اسرائیل نے اپنی جارحیت کو ایک طرفہ جاری رکھا گوکہ حماس نے مزاحمت میں اپنے تحفظ کے لیے ابتدائی دنوں میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ مگر اسرائیل نے بہ شمول امریکہ اور دیگر ممالک کی تائید سے غزہ میں جو تباہی مچائی وہ انسانی تاریخ کا سب سے گھناو?نا باب ہے۔ اسرائیلی بربریت سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے دوران 68 ہزار فلسطینی مارے گئے اور غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ایک لاکھ ستر ہزار دو سو افراد زخمی ہوگئے۔ الجزیرہ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان امریکہ نے دس اکٹوبر سے، جو جنگ بندی جاری کروائیں اس کے بعد دس دنوں کے اندر اسرائیل نے غزہ میں سو سے زائد فلسطینیوں کو ہلاک کیا اور 230 بے گناہ افراد کو زخمی کیا۔ ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات کے درمیان اسرائیل نے ہر بار کوئی نہ کوئی فرضی بہانہ تلاش کرتے ہوئے غزہ میں فلسطینیوں کو اپنے ظلم و شکار کا نشانہ بنایا ہے۔ یہی روش کے تحت ابھی چند دن قبل 19/اکٹوبر 2025 کو اسرائیل نے غزہ پٹی کے کئی مقامات پر فضائی حملے کیے اور جاری جنگ پر کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔اسرائیل کی شر انگیزی اور اس کا تکبر سر اُٹھائے ہوئے ہے۔ جب تک امریکہ کی پشت پناہی اس کو حاصل رہے گی تب تک اسرائیل کی سرکشی عالمی قوانین اور ضوابط کو شرمسار کرتی رہے گی۔٭٭٭




