
محمداعظم شاہد
عام آدمی کے مسائل حل کرنے اور اس کی زندگی بہتر بنانے کے نام پر انتخابات کے دوران بڑے بڑے وعدے کئے جاتے ہیں۔مصیبت زدہ لوگوں کو ان کی راحت کے سبز باغ جملہ بازی میں دکھائے جاتے ہیں۔گویا پریشان لوگوں کو ان کی زندگی بدل جائے گی ایسے خواب دکھائے جاتے ہیں۔جس طرح کسی روتے ہوئے بچے کو ہاتھوں میں کھلونے دے کر بہلایا جاتا ہے، جیسے ہی انتخابات کا موسم ختم ہوا اقتدار کے حصول کا کھیل شروع ہوتا ہے۔وعدے کرنے والے وعدوں کو برے خواب کی طرح بھول کر اقتدار کی بھول بھلیاں میں گم ہوجاتے ہیں۔بے چارے عام لوگ اپنی روز مرہ زندگی کے بکھیڑوں میں اس قدر الجھ جاتے ہیں کہ انہیں سیاسی موسمی وعدے بھول کر جینے کی عادت ہوجاتی ہے۔ایوان اقتدار میں پارلیمنٹ ہو یا پھر ریاستی اسمبلیوں میں جب اپوزیشن یاد دلاتا ہے برسر اقتدار نام نہاد خدمت گزاروں کو کہ انہوں نے جو وعدے، خوشحالی اور زندگی کے معاملات بہتر بنانے کے لئے تھے،ان وعدوں سے منہ پھیر لینا ووٹروں کے اعتماد کے ساتھ حق تلفی کے مترادف ہے۔جب بھی اپوزیشن نے بروقت گھیرا برسر اقتدار پارٹی کے ذمہ داروں کو، حاصل تو کچھ نہ ہوا، سوائے لفظی جمع خرچ کے۔بحث ومباحثے گرم رہتے اور خاموش ہوجاتے ہیں۔کچھ فرض شناس میڈیا اور عوامی حقوق کے لئے لڑنے والے چند رضاکارانہ ادارے اپنے اپنے پلیٹ فارم سے حکومت کی غفلت اوربے نیازی پر آوازیں اٹھاتے ہیں تو ان آوازوں کو اَن سنی کردیا جاتا ہے۔حکومت کی تساہلی اور اس کے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی ہوڑ میں لگا گودی میڈیا حکومت وقت کا ترجمان بن کر جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلانے میں جٹ جاتا ہے۔حق وصداقت کے لئے اٹھنے والی آوازیں حکومت کی نظر میں معیوب لگتی ہیں۔خوشامد کرنے والے مفاد پرست انعام واکرام سے نوازے جاتے ہیں۔وہ سرمایہ کار جو انتخابات میں سیاسی پارٹیوں کے اخراجات سنبھالتے ہیں، وہ انتخابات میں جیت کے بعد ارباب اقتدار کے ساتھ اپنی ساجھے داری بنائے رہتے ہیں۔نفع و نقصان کی کسوٹی پر کاربند سرمایہ کار گودی میڈیا کے بھی مالکان ہیں، جو حکومتوں کی بے نیازی اور عوام سے وعدہ خلافی کی پردہ پوشی کے لئے راہیں ہموار کرتی ہیں۔حکومت کے اشتہارات اور سرپرستی میں پھلتے پھولتے رہتے ہیں۔فرض شناس اور حکومت کی کارکردگی پر حکومت کو جوابدہ بنانے والے میڈیا کے لئے نئی نئی اڑچنیں پیدا کرکے جھوٹے مقدمات میں انہیں پھانس کر کمزور کیا جاتا رہا ہے۔حکومت کی ستائش میں حکومت کے ترجمان کی طرح دن رات پالتو طوطے کی طرح رٹ لگانے والے میڈیا کے اینکروں کو حکومت کی پوری مشینری ان کی حمایت میں لگ جاتی ہے۔ریپبلک ٹی وی کے ارنب گوسوامی جب کسی مقدمے میں گرفتار ہوتا ہے تو اس کی ضمانت کے لئے عدالت رات دیر گئے تک کام کرتی ہے اور اس کے لئے راحت فراہم کرتی ہے۔حکومت وقت کے حامی اس کی ضمانت منظور ہونے پر رات کے آخری پہر سڑکوں پر جشن مناتے ہیں۔پولیس خاموش تماشائی بنی رہتی ہے، جبکہ عمر خالد اور دیگر جو زیر التوا مقدمات کا سامنا کرتے ضمانت کی منظوری کے لئے تاریخ پہ تاریخ کا انتظار کرتے جمہوریت اور عدلیہ نظام کے رنگ دیکھتے جیلوں میں ساز گار وسود مند فیصلوں کے منتظرہیں۔ہماری مرکزی حکومت نے جو ترجیحات اپنائے ہیں وہ اپنی بقاء اور سلامتی پر مرکوز ہیں،نہ کہ عوامی فلاح پر۔مفاد پرست سرمایہ کاروں کی ٹیکس چوری پر کوئی کارروائی نہیں۔بینکوں سے کروڑوں اور اربوں روپیوں کے قرضے اٹھاکر فرار ہونے والوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔کالا دھن ملک واپس لانے اور مستحق لوگوں میں برابر تقسیم کرنے کا جگمگاتا وعدہ بھی اندھیروں میں گم ہوکر رہ گیا۔ملک کے سرکاری بینکوں میں نئے نئے قوانین بتدریج عام لوگوں کے لئے نئی پریشانیاں پیدا کررہے ہیں، چھوٹے تاجر اپنے چھوٹے قرض کی بروقت ادائیگی کی تاخیر میں افزود سود کی جکڑ میں جکڑے جاتے ہیں، مگر بڑے بڑے سرمایہ کار حکومت کی آنکھوں کے سامنے ملک سے فرار ہوجاتے ہیں، بڑھتی مہنگائی اور روز مرہ کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ نئے نئے ٹیکس کے اطلاق کے باعث روز افزوں بڑھتا ہی جارہا ہے۔مہنگائی کی شرح میں اضافہ ترقی کررہا ہے، روز گار کی شرح میں کمی بتدریج ہر گزرتے ماہ وسال کے ساتھ واقع ہورہی ہے۔جبکہ ہمارے خدمت گزار اپنی صحت کے تحفظ کے لئے بیرونی ممالک سے قدرتی سبزیاں برآمد کرنے میں لگے ہیں۔سادگی کے نام پر دن میں چار چار تقریبات میں شرکت کے لئے چار بار اپنا شاندار لباس بدلنا اب ان کا معمول بن گیا ہے۔عوام کی فکر میں ڈوبے ہوئے ہمارے پردھان سیوک اپنی آرائش، زیبائش اور سجنے سنورنے میں ان کی جو دلچسپی ہے، وہ کاش کہ عام آدمی کو دکھائے گئے خوابوں کی تعبیر کے لئے خلوص ونیت سے کام بھی کرپاتے۔جب ہم یہاں خلوص وخدمت کی بات کررہے ہیں تواہل عقل ودانش یہی کہیں گے غلط لوگوں سے اچھی امیدیں لگائے رکھنا بہت بڑی غلطی ہے۔مذہب کے نام پر سیاست کرنا بھاجپا کا نشان امتیاز بن گیا ہے۔پچھلے دس برسوں سے اس روش میں تیزی آئی ہے۔مذہبی معاملات میں بالخصوص ہندوتوا کے ایجنڈے کو تقویت فراہم کرنے سرکاری سطح پر کھل کرکوششیں ہوتی آرہی ہیں۔ابھی حال ہی میں یعنی اکتوبر میں آر ایس ایس کی صدسالہ تقریبات سرکاری طور پر منائی گئیں اور نومبر کے پہلے ہفتہ میں وندے ماترم کی 150 ویں سالگرہ بھی اسی ایجنڈے کے تحت منائی گئی۔ابھی کل ہی کی بات ہے کہ25 نومبر 2025 ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر مکمل ہونے پر مندر پر بھگوا پرچم لہرایاگیا۔پردھان منتری نے سخت سکیورٹی کے درمیان یہ فریضہ انجام دیا ہے۔ایسی ترجیحات حکومت کے نزدیک اہم ہیں۔جبکہ منی پور میں جاری داخلی تنازع کا معقول اور بروقت حل آج تک انہیں اہم نظر نہیں آیا۔ہمارے ہاں جو دنیا کی بڑی جمہوریت کہلاتی ہے یہاں جمہوری قدریں کس قدر مستحکم اور صالح ہیں یہ حالات بتارہے ہیں۔حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھانے والے ملک دشمن قرار دیئے جاتے ہیں۔اپوزیشن کے ساتھ حکومت وقت کا رویہ کیسا رہا ہے، یہ سب جانتے ہیں۔ملک کے اہم معاملات پر کھلے ذہن کے ساتھ گفتگو کیلئے ہمارے ہاں دوستانہ ماحول ہی نہیں ہے۔ایک دوسرے کو کم تر دکھانے میں لگی ہے ہماری سیاست۔امریکہ میں نیویارک شہر کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کے ساتھ حالیہ خیر سگالی گفتگو خبروں میں رہی ہے۔ممدانی کے الیکشن کے دوران ٹرمپ نے جس طرح مخالفت کی تھی اور عدم تعاون کا اشارہ دیاتھا اور اب ممدانی کی غیر معمولی جیت کے بعد ٹرمپ کے رویہ میں تبدیلی اور مملکت امریکہ کی جانب سے نیویارک کے فلاحی منصوبوں کے لئے بھر پور تعاون دینے کا تیقن حیرت انگیز ثابت ہوا ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کی کئی خامیوں اور ہمہ رخی جارحانہ پالیسیوں کے باوجود امریکہ میں جمہوریت کا اب بھی بول بالا ہے اور قدریں سلامت ہیں۔مگر ہمارے ہاں اجارہ داری نے اقتدار کو گہن آلود بنارکھا ہے۔فراوانی ہے تو بس وعدوں کی اور خواب دکھانے کی۔درحقیقت جو کچھ ہورہا ہے اور ہوتا رہا ہے وہ اس کے برعکس ہے۔




