(محمد معاذ لالہ عمری)
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین نے گزشتہ دنوں یہ انکشاف کیا کہ ہیکرز نے کچھ عرصہ قبل فیس بک کو ہیک کرکے اس کے 106 ممالک سے تعلق رکھنے والے 53 کروڑ 30 لاکھ صارفین کا ڈیٹا چوری کر لیا تھا۔ جس میں فون نمبرز، تصاویر، لوکیشن سمیت دیگر ذاتی معلومات شامل ہیں۔ جس کو اب Have I Been Pwned آن لائن ٹول پر پوسٹ کر دیا گیا ہے۔
سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہیکرز فیس بک صارفین کے نام، لوکیشن، ای میل اور ذاتی معلومات کو استعمال کر کے جعلی اکاؤنٹس بنا کر فراڈ کرسکتے ہیں یا صارفین کو کسی بھی وجہ سے مشکل میں ڈال سکتے ہیں
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 1 کروڑ 10 لاکھ صارفین کا ڈیٹا لیک ہوا جبکہ امریکا کے 3 کروڑ بیس لاکھ اور انڈیا کے 60 لاکھ صارفین بھی اس میں شامل ہیں۔
فکرانگیز بات یہ ہے کہ فیس بک نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ اُن کے 53 کروڑ صارفین کا ڈیٹا آن لائن لیک ہوا ہے۔ کمپنی ترجمان نے بتایا کہ ہیکرز نے یہ ڈیٹا اگست 2019 میں چوری کیا تھا۔
آپ کو یہ سن کر خوشگوار حیرت ہو گی کہ خود فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا نجی ڈیٹا بھی اس میں شامل ہے۔ اس ڈیٹا میں مارک زکربرگ کا فون نمبر، ازدواجی حیثیت، لوکیشن، تاریخ پیدائش، فیس بک یوزر آئی ڈی اور دیگر معلومات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صرف مارک زکربرگ ہی نہیں بلکہ فیس بک کے دیگر دو بانیان کا ڈیٹا بھی اس فائل کا حصہ ہے۔




