بیدر کی تازہ ترین خبریں

"رامانجن ریاضی پارک طلبہ کے لیے باعثِ تحریک”: ڈپٹی کمشنر شلپا شرما”

بیدر۔  10/  دسمبر۔ ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے کہا کہ شری‌نیواس رامانجن نے 3900 سے زائد ریاضیاتی فارمولوں کی تخلیق کے ذریعے عالمی ریاضی کی دنیا کو نایاب اور بے مثال سرمایہ عطا کیا ہے۔ ان کا سادہ طرزِ حساب اور پیچیدہ نکات کی آسان تشریح آج بھی دنیا بھر کے طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ وہ چہارشنبہ کے روز مرارجی دیسائی رہائشی اسکول، بگدل میں "شری‌نیواس رامانجن گنّت اُدھیان” (ریاضیاتی پارک) کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریاضی پارک طلبہ کو یہ سمجھانے میں مدد دے گا کہ ریاضی کوئی مشکل مضمون نہیں بلکہ نہایت آسان اور دل چسپ ہے۔ ڈیزائن اور نمونوں کے ذریعے پیچیدہ تصورات کو سہل انداز میں پیش کرنے کا یہ منفرد اقدام بچوں کی ذہنی استعداد اور حصولِ تعلیم میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسکول کے طلبہ زیادہ سے زیادہ نمبرات کے حصول کے ذریعے ضلع کا نام روشن کریں گے۔ ڈی سی نے بگدل کے مرارجی دیسائی رہائشی اسکول کے مسلسل سو فیصد نتائج کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے اس سال دسویں جماعت میں کم از کم تین رینک حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ محکمۂ پسماندہ طبقات فلاح کے ضلعی افسرہ سنیٹا پٹواڑی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاضی کو مشکل سمجھنا محض غلط فہمی ہے۔ اگر اسے شوق اور محبت سے پڑھا جائے تو اس سے زیادہ آسان مضمون کوئی نہیں۔ ریاضی انسان میں پیچیدہ مسائل حل کرنے کی ذہنی قوت اور مضبوطی پیدا کرتی ہے، اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ اسے پوری دل چسپی کے ساتھ سیکھیں۔ اس موقع پر پرنسپل چن بسوا  نے کہا کہ ریاضی پارک کے ذریعے مشکل تصورات کی آسان تفہیم ممکن بنائی گئی ہے، جو طلبہ میں تعلیمی رغبت بڑھانے کا ذریعہ بنے گا۔ اگر بچے اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تو یہ منصوبہ اپنی اصل غایت کو پہنچے گا۔ تقریب میں اسکول سے تبادلہ پانے والی ریاضی کی معلمہ ناظمہ پروین اور نو مقررہ نائب پرنسپل گوتم کدرے کا اعزاز بھی کیا گیا۔ افتتاح کے موقع پر طلبہ کی جانب سے تیار کردہ 25 ریاضیاتی ماڈلز کی نمائش اور وضاحت پیش کی گئی۔ تقریب میں محکمۂ پسماندہ طبقات فلاح کی تحصیل افسرہ سنگیتا برادر، کرس ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر شرنپا برادر، پرنسپل گووند تماگوڑے سمیت ویر بھدرپا ماشیٹی، وجے کمار اکنّا، ہاؤا پّا ابّیندے، پردیپ نڈودے، سدھ لِنگیا مٹھ پتی، اشوک راٹھوڑ، مانک ساگر، مدثّر علی، شری دیوی سالیمٹھ، ساوتی ماشیٹی، ویبھوی مانک، شراونتی امبسگے، شیو راج نلگیرے، وسنت راٹھوڑ اور دیگر معززین موجود تھے۔

"عالمی یومِ انسانی حقوق پر بیدر میں قانون آگہی و امداد پروگرام کا انعقاد”

بیدر۔  10/  دسمبر  عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقع پر آج بیدر ضلع لیگل سرو اتھارٹی، ضلع وکلاء ایسوسی ایشن اور محکمۂ تعلیم کے تحت دفترِ بلاک ایجوکیشن آفیسر کے اشتراک سے سرکاری ماڈل اسکول جنواڑہ بیدر میں قانون آگہی اور قانونی معاونت پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح سینئر سول جج اور ضلع لیگل سروس اتھارٹی کے ممبر سکریٹری پرکاش ارجن بنسوڈے نے پودا لگا کر کیا، جس کے بعد انہوں نے طلبہ کو انسانی حقوق اور پوکسو قانون کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔ بیدر ضلع وکلاء ایسوسی ایشن کے سَن مُکھیا بی. سوامی نے انسانی حقوق کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جب کہ وکیل اُدےکمار نے ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور عوامی فلاحی اقدامات کی تفصیل بیان کی۔ اس موقع پر سرکاری ماڈل اسکول جنواڑ ہ کے ہیڈ ماسٹر بابو راؤ سناتن، بی آر سی بیدر کے تاناجی کارباری، فیلڈ ایجوکیشن کوآرڈی نیٹر سنجیو کمار میٹی، ای سی او حیدر، ضلع لیگل سروس اتھارٹی کے اراکین، اسکول عملہ اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔

"بیدر اطلاعات و عوامی روابط محکمہ میں صحافت اپرنٹس ٹریننگ کیلئے درخواستیں طلب”

بیدر۔  10/  دسمبر ۔ بیدر ضلع کی اطلاعات و عوامی روابط محکمہ نے اعلان کیا ہے کہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے صحافت کے فارغ التحصیل امیدواروں سے 12 ماہ کی مدت پر مشتمل "میڈیا ایکٹیویٹی اپرنٹس ٹریننگ” کے لیے درخواستیں طلب کی جاتی ہیں۔ اس بات کی اطلاع محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر منجوناتھ سُلوّلی نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں دی۔ اعلامیہ کے مطابق وہی امیدوار درخواست دے سکتے ہیں جنہوں نے کرناٹک کی کسی مستند یونیورسٹی سے صحافت میں بیچلر یا ماسٹر ڈگری مکمل کی ہو، کمپیوٹر کی بنیادی معلومات رکھتے ہوں اور کنڑا زبان میں مہارت رکھتے ہوں۔ امیدواروں کا انتخاب میرٹ اور انٹرویو کی بنیاد پر ہوگا، جبکہ درخواست کی آخری تاریخ تک عمر 35 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصولہ درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ درخواست کے لفافے پر واضح طور پر یہ نوٹ درج کرنا ضروری ہے کہ یہ درخواست "اسپیشل کمپوننٹ پلان/ٹرائبل سب پلان کے تحت ایس سی/ایس ٹی امیدواروں کے لیے اپرنٹس ٹریننگ” کے سلسلے میں ہے۔ منتخب امیدواروں کو انٹرویو کے وقت اصل اسناد پیش کرنا ہوں گی اور ٹریننگ کے آغاز پر تمام اصل دستاویزات محکمہ اطلاعات و عوامی روابط بیدر میں جمع کرانی ہوں گی۔ پوسٹ گریجویٹ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی آخری سال کی مکمل مارک شیٹ کے ساتھ درخواست دیں؛ مارک شیٹ کے انتظار میں درخواست جمع کرانے کی اجازت نہیں۔ ٹریننگ کے دوران ماہانہ 15,000 روپے اسٹائپنڈ فراہم کیا جائے گا، جبکہ تربیتی اوقات صبح 10 بجے سے شام 5:30 بجے تک مقرر ہیں۔ یہ اپرنٹس ٹریننگ جنوری 2026 سے شروع ہوکر دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔ تربیت خالصتاً عارضی نوعیت کی ہوگی اور ٹریننگ ختم ہونے کے بعد ملازمت کے تسلسل یا تقرر کا کوئی مطالبہ نہیں کیا جا سکتا۔ ٹریننگ کے دوران کسی دوسری ملازمت کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر امیدوار تربیت کے درمیان دستبردار ہوتا ہے تو اس کی اصل اسناد مقررہ مدت سے قبل واپس نہیں کی جائیں گی۔ تاہم، اگر سرکاری یا نجی ادارے میں مستقل ملازمت مل جائے تو مخصوص شرائط کے تحت اسناد لوٹا دی جائیں گی۔ ایک مرتبہ فائدہ اٹھانے والے امیدوار کو دوبارہ اس اسکیم میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، اور غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں فوجداری کارروائی کی جائے گی۔ تمام شرائط کی پابندی کے لیے منتخب امیدواروں سے 20 روپے کے اسٹامپ پیپر پر تحریری بیان لیا جائے گا۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار 11 تا 26 دسمبر 2025 کے درمیان اپنی درخواست دفتر معاون ڈائریکٹر، اطلاعات و عوامی روابط محکمہ، ریلوے اسٹیشن احاطہ، سابق فوجی سنگھ کے دفتر کے قریب، بیدر میں جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست فارم اور دیگر تفصیلات کے لیے امیدوار مذکورہ دفتر سے رجوع کر سکتے ہیں یا فون نمبر: 9632511437 اور 9740594747 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

"بھالکی میں کارروائی؛ دو کم عمر مزدور برآمد، مالکان کے خلاف قانونی کارروائی جاری”


بیدر، 10 دسمبر ۔محکمۂ محنت کے کمشنر بنگلورو اور ضلع انتظامیہ کی ہدایات پر بھالکی تحصیلدار کی صدارت میں بچوں اور کم عمر مزدوروں کی جبری مشقت کے خاتمے سے متعلق دوسری سہ ماہی کمیٹی، ایگزیکٹیو کمیٹی اور بازآبادکاری کمیٹی کے اجلاس منعقد کیے گئے۔ اجلاس کے بعد اچانک مہم کے تحت امبیڈکر سرکل سے بس اسٹینڈ تک دکانوں، گیراجوں، ہوٹلوں، بیکریوں اور بس اسٹیشن کے اندر موجود تجارتی مراکز کی تلاشی لی گئی۔ اس موقع پر تاجروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ بچوں کو مزدوری پر نہ رکھیں اور آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ اس کارروائی کے دوران دو کم عمر مزدور پائے گئے جن کی اسکولی دستاویزات کی جانچ کے بعد متعلقہ دکان مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ اطلاع محکمۂ محنت اور ضلع چائلڈ لیبر ایلیمنیشن سوسائٹی کے ذمہ داران نے اپنے بیان میں دی۔ کارروائی میں مختلف محکموں بشمول محنت، خواتین و اطفال بہبود، تعلیم، شہری ادارہ، سماجی فلاح، صحت اور پولیس کے افسران، بچوں کی ہیلپ لائن اور این جی اوز کے کارکن شریک تھے۔

"ایس ایم–ایم ایس ایم ای صنعتوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بیدر میں آگاہی پروگرام”

بیدر، 10 دسمبر محکمۂ صنعت و تجارت، ڈائریکٹوریٹ آف ایم ایس ایم ای بنگلورو اور کرناٹک تکنیکی ترقیاتی کونسل کے اشتراک سے 14 اکتوبر 2025 کو سوہاردہ تربیتی مرکز، نوآباد بیدر میں ’رَمپ‘ منصوبے کے تحت ’’ESM ایم ایس ایم ای‘‘ صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری اور رفتار بڑھانے سے متعلق ایک روزہ بیداری پروگرام منعقد ہوا۔ بیدر چیمبر آف کامرس کے بی جی شیٹکار نے پروگرام کا افتتاح کر کے خطاب کیا۔ پروگرام کی صدارت بیدر ڈسٹرکٹ انڈسٹریل سینٹر کی جوائنٹ ڈائریکٹر محترمہ سریکھا منوّلی نے کی۔ اجلاس میں فارما ایسوسی ایشن، ایس سی/ایس ٹی ایسوسی ایشن بیدر اور چھوٹی صنعتوں کی انجمن کے نمائندے بھی شریک تھے۔

"بیدر میں ’BDSP ایم ایس ایم ای‘ صنعتوں کی استعداد بڑھانے پر آگاہی پروگرام”

بیدر، 10 دسمبر ایم ایس ایم ای ڈائریکٹوریٹ بنگلورو اور تکنیکی ترقیاتی کونسل کے تعاون سے 15 اکتوبر 2025 کو سوہاردہ ٹریننگ سینٹر نوباد میں ’’BDSP ایم ایس ایم ای‘‘ صنعتوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بیداری پروگرام منعقد ہوا۔ بیدر چیمبر آف کامرس کے بی جی شیٹکار نے پروگرام کا افتتاح کیا اور مقصد پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کی صدارت ڈسٹرکٹ انڈسٹریل سینٹر کی جوائنٹ ڈائریکٹر سریکھا منوّلی نے کی۔ اجلاس میں فارما ایسوسی ایشن، ایس سی/ایس ٹی ایسوسی ایشن اور چھوٹی صنعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

Latest Indian news

Popular Stories