اقلیتی اصلاحاتی فورم (MRF)  بیدر کی تعلیمی پیش رفت

ایس ایس ایل سی نتائج کی بہتری کے لیے مؤثر اور جامع اقدامات

 بیدر۔ 29 / دسمبر۔  اقلیتی اصلاحاتی فورم (MRF) بیدر کی جانب سے ایس ایس ایل سی نتائج میں نمایاں بہتری اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے مقصد سے ایک منظم، سنجیدہ اور نتیجہ خیز تعلیمی مہم کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت 22 دسمبر کو بیدر شہر کے 37 ہائی اسکولوں کے منتظمین کو مدعو کرتے ہوئے الامین کیمپس میں بیدر میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد ہائی اسکول انتظامیہ کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال کے ذریعے درپیش تعلیمی مسائل کی نشاندہی کرنا اور ایس ایس ایل سی نتائج کو بہتر بنانے کے لیے عملی حکمتِ عملی تیار کرنا تھا۔ اجلاس میں تمام مدعو اسکولوں کی انتظامیہ نے شرکت کی اور تدریسی معیار، طلبہ کی کارکردگی اور تعلیمی نظم و نسق سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس کا آغاز قرأتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت جناب مقصود شیخ صاحب (کوآرڈینیٹر، ایم آر ایف) نے حاصل کی۔ اس کے بعد جناب ڈاکٹر مقصود چندا صاحب (چیئرمین، ایم آر ایف) نے فورم کا تعارف پیش کرتے ہوئے ایم آر ایف کے اغراض و مقاصد، تعلیمی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں اجلاس میں شریک تمام معزز منتظمین نے اپنا تعارف کرایا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب سید فرقان صاحب (سبجیکٹ انسپکٹر، ڈی ڈی پی آئی آفس بیدر) نے محکمۂ تعلیم کے نئے قواعد و ضوابط، امتحانی نظام اور تعلیمی اصلاحات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اساتذہ و انتظامیہ کو عملی رہنمائی فراہم کی۔ اجلاس کے اختتام پر یہ اطلاع دی گئی کہ 27 دسمبر کو الامین کیمپس میں بیدر ضلع کے تمام ہائی اسکولوں کے سبجیکٹ اساتذہ کے لیے ایک اہم تعلیمی پروگرام منعقد کیا جائے گا، تاکہ تدریسی سطح پر بھی اصلاحی اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔اس پروگرام میں 35 سے زائد ہائی اسکولوں کے منتظمین نے شرکت کی۔ بعد ازاں 27 دسمبر کو الامین کیمپس میں ایک بڑا تعلیمی پروگرام منعقد ہوا، جس میں جناب ڈاکٹر مقصود چندا صاحب (چیئرمین، ایم آر ایف)، ایم آر ایف کے معزز اراکین، جناب سید فرقان صاحب (سبجیکٹ انسپکٹر، ڈی ڈی پی آئی آفس بیدر) اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ اس پروگرام میں جناب ڈاکٹر گلسین صاحب (سنئیر لیکچرر ڈائٹ بیدر)، جناب سید فرقان صاحب اور جناب ڈاکٹر مقصود چندا صاحب سمیت دیگر ماہرینِ تعلیم نے خطاب کیا اور اساتذہ کو تعلیمی بہتری کے لیے قیمتی تجاویز پیش کیں۔اس تعلیمی پروگرام میں مختلف اسکولوں سے 150 سے زائد اساتذۂ کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم آر ایف کی جانب سے ٹی ای ٹی کوچنگ میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کی حوصلہ افزائی کی گئی، انہیں اسناد پیش کی گئیں اور گلپوشی کے ذریعے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ علاوہ ازیں، تمام شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ 22 دسمبر کے اجلاس کی کامیابی کو بنیاد بناتے ہوئے اقلیتی اصلاحاتی فورم بیدر کے بینر تلے بسواکلیان کے آئیڈیل پبلک اسکول میں بھی اسی نوعیت کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں 40 سے زائد اسکولوں کی انتظامیہ نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں جناب مجاہد پاشا صاحب (چیئرمین، آئیڈیل پبلک اسکول)، جناب ڈاکٹر مقصود چندا صاحب (چیئرمین، ایم آر ایف)، جناب سید فرقان صاحب اور دیگر معزز شخصیات موجود رہیں۔ ان تمام تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے اقلیتی اصلاحاتی فورم (MRF) بیدر نے نہ صرف ایس ایس ایل سی نتائج میں بہتری کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں بلکہ ضلع میں معیاری تعلیم کے فروغ کی سمت ایک مضبوط اور مثبت قدم بھی اٹھایا ہے، جسے تعلیمی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories