ہندوستان والا گاؤں

میر مشتاق علی

میں جس صبح گھر سے اسکول جانے کے لیے نکلا، اُس دن مجھے معلوم نہ تھا کہ یہ دن مجھے صرف ایک سروے کا حصہ نہیں بنائے گا بلکہ ایک پورے گاؤں، ایک پورے سماج اور دراصل ایک پورے ہندوستان سے روبرو کر دے گا۔ گھر کے باہر دو عورتیں بجلی کے میٹر پر ایک چِٹّی چسپاں کر رہی تھیں۔ استفسار پر معلوم ہوا کہ یہ کسی آنے والے سروے کی تیاری ہے۔ انہیں خود بھی زیادہ علم نہ تھا، بس “اوپر سے حکم آیا ہے” — یہی جملہ ہمارے عہد کی سب سے بڑی دلیل بن چکا ہے۔ میں سلطان ہوں، پیشے سے استاد۔ تدریس میری ذمہ داری ہے، مگر ہمارے نظام میں استاد کو ہر وہ کام سونپ دیا جاتا ہے جو فوری ہو، جس کے لیے اعتماد چاہیے، اور جس میں سوال کم اور اطاعت زیادہ مطلوب ہو۔ امتحانات جلد ختم ہوئے، دسہرہ قریب تھا، چھٹیاں پہلے دے دی گئیں، اور ہم نے ابھی سکھ کا سانس بھی نہ لیا تھا کہ اعلان ہوا: پورے کرناٹک میں سماجی و تعلیمی سروے ہوگا، اور اس کی ذمہ داری اساتذہ کے کندھوں پر ہوگی۔ یوں چھٹیاں کاغذوں میں رہ گئیں، اور عملی زندگی میں ہمیں ٹریننگ، ایپس، ہدایات اور ڈیڈ لائنز کے ایک نہ ختم ہونے والے سلسلے میں جھونک دیا گیا۔

میں شہر میں رہتا ہوں، مگر جس گاؤں میں سروے ملا وہ ایک چھوٹا سا گاؤں تھا، پنچایت کے ماتحت، شہر سے کوسوں دور۔ میں سمجھ رہا تھا کہ چونکہ میں اسی علاقے کے اسکول میں پڑھاتا ہوں، اس لیے کام آسان ہوگا، مگر جلد ہی یہ خوش فہمی دور ہو گئی۔ میپ کچھ اور کہتا تھا، زمینی حقیقت کچھ اور۔ نہ گھروں پر وہ چِٹّیاں تھیں، نہ نمبرز کی ترتیب۔ کہیں میٹر پر مارکر سے لکھا گیا ہندسہ تھا، کہیں دروازے پر بے ڈھنگی لکیر۔ یوں معلوم ہوا کہ منصوبہ بندی کاغذ پر مکمل تھی، مگر زمین پر ابھی جنم ہی لے رہی تھی۔گاؤں نیا تھا، زبانیں نئی تھیں، اور چہروں پر احتیاط کی جھریاں۔ میں نے پہلی بار شدت سے محسوس کیا کہ زبان محض ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ اعتماد کی کنجی ہوتی ہے۔ یہاں کنڑا، تیلگو، اردو، ہندی، مراٹھی اور لمباڈی ایک ہی گاؤں میں سانس لے رہی تھیں۔ لوگ ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش تو کرتے تھے، مگر نظام انہیں خانوں میں بانٹنے پر تُلا ہوا تھا۔ سوالات ذاتی تھے، شناخت سے جڑے تھے، ذات، زبان، آمدنی، سہولتیں — اور جواب دینے والا ایک عام دیہاتی، جس نے زندگی میں اتنے سوال کبھی خود سے بھی نہ پوچھے تھے۔

کبھی سرور بند، کبھی ایپ اپڈیٹ، کبھی آئی ڈی کا مسئلہ۔ ایک گھر میں بیٹھ کر دو گھنٹے باتیں ہوئیں، چائے پی گئی، عزت افزائی ہوئی، مگر فارم سبمٹ نہ ہو سکا۔ کہیں سپروائزر کی کال، کہیں ڈی سی آفس کی کانفرنس، اور ہر جگہ صرف ایک ہی صدا: رفتار بڑھاؤ، تعداد بڑھاؤ۔ کسی نے یہ نہ پوچھا کہ جن گھروں میں ہم جا رہے ہیں، وہاں انسان بھی رہتے ہیں، محض ڈیٹا نہیں۔ان دنوں طنز خود بخود جنم لیتا رہا۔ کسی استاد کو درخت پر چڑھ کر سرور ڈھونڈتے دیکھا، کسی کو نالے میں کھڑے ہو کر نیٹ ورک پکڑتے۔ نوٹس بھی جاری ہوئے، مگر مسئلے وہیں کے وہیں رہے۔ بھوک لگی تو ہوٹل سے کھانا لیا، مگر گاؤں کی گلیوں کے “آوارہ مگر منظم” کتوں نے پہلے ہی دسترخوان سجا لیا۔ حیرت یہ کہ اسی دن ایک اجنبی گھر نے اپنے دسترخوان پر بٹھا کر کھانا کھلایا۔ تب سمجھ آیا کہ گاؤں کی غربت میں بھی ایک امیری ہے — دل کی امیری۔

ان دس دنوں میں میں نے وہ ہندوستان دیکھا جو خبروں میں نہیں آتا۔ وہ بوڑھی عورت جو پنشن کے لیے رو رہی تھی، وہ دادی جو چھاچھ پلا کر اپنے گھر کا سروے کروانے لے گئی، وہ لڑکی جو ذات کے نام پر بھیک مانگنے پر مجبور تھی، وہ لوگ جو “مودی گیس” اور “سدھارامیا کی بجلی” کہہ کر اپنی فلاحی اسکیموں کو پہچانتے تھے، مگر اپنی ذات اور حقوق سے ناواقف تھے۔ میں نے دیکھا کہ کاسٹ سسٹم آج بھی سانس لے رہا ہے، شکل بدلی ہے مگر زنجیریں باقی ہیں۔ یہاں لوگ سیاست کو بھی رشتے کی طرح نبھاتے ہیں۔ جس سے فائدہ ملا، اُسے یاد رکھا جاتا ہے۔ ووٹر آئی ڈی ہر گھر میں ہے، مگر مواقع ہر گھر تک نہیں پہنچے۔ زمین ہے تو اتنی تھوڑی کہ گزارا مشکل، نہیں ہے تو قرض کا بوجھ۔ سود، مذہب، رسم و رواج — سب مل کر غربت کو اور گہرا کر دیتے ہیں۔ اس کے باوجود لوگ خوش ہیں، وہ خوشی جو شہر کی سہولتوں میں کہیں کھو گئی ہے۔ جب سروے ختم ہوا تو میں بدلا ہوا تھا۔ جو سلطان پہلی بار اس گاؤں میں آیا تھا، وہ واپس نہیں لوٹا۔ میں نے جانا کہ ہندوستان کسی ایک زبان، ایک مذہب یا ایک ذات سے نہیں بنتا۔ یہ ملک ہزاروں آوازوں، لاکھوں گاؤں اور کروڑوں کہانیوں سے مل کر بنتا ہے۔ اگر ہم واقعی ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں صرف سروے نہیں، سوجھ بوجھ چاہیے؛ صرف ڈیٹا نہیں، درد کی سمجھ چاہیے۔ کیونکہ ہندوستان کی اصل پہچان انہی گلیوں، انہی گھروں اور انہی لوگوں میں پوشیدہ ہے، جن کے دروازوں پر کبھی چِٹّی لگتی ہے، اور کبھی صرف انسانیت دستک دیتی ہے۔

یوں یہ سروے محض خانوں میں معلومات بھرنے، ایپس میں ڈیٹا اپلوڈ کرنے یا سرکاری ہدف پورا کرنے کا عمل نہیں رہا، بلکہ میرے لیے ایک ایسا آئینہ بن گیا جس میں میں نے اپنے ملک، اپنے سماج اور خود اپنے آپ کو صاف صاف دیکھ لیا۔ مجھے احساس ہوا کہ ہندوستان دراصل فائلوں میں بند کوئی منصوبہ نہیں، نہ ہی یہ محض اعداد و شمار، گراف اور رپورٹس کا نام ہے، بلکہ یہ ان تھکے ہوئے ہاتھوں، ان امید بھری نگاہوں، ان خاموش آنسوؤں اور ان ان کہی دعاؤں کا مجموعہ ہے جو گاؤں کی مٹی میں رچی بسی ہیں۔ یہ وہ ملک ہے جہاں ایک طرف ذات پات کی دیواریں آج بھی کھڑی ہیں تو دوسری طرف انسانیت کے دروازے اب بھی کھلے ہیں؛ جہاں غربت کے پنجے مضبوط ہیں مگر خودداری ابھی زندہ ہے؛ جہاں نظام اکثر بے حس دکھائی دیتا ہے مگر عام آدمی کا دل اب بھی نرم اور کشادہ ہے۔ اس سفر نے مجھے یہ بھی سکھایا کہ ترقی کا راستہ صرف شہر کی روشنیوں سے نہیں گزرتا بلکہ ان کچی گلیوں سے ہو کر آتا ہے جہاں سہولتیں نہیں ہوتیں مگر احساسات ہوتے ہیں، جہاں وسائل کم ہوتے ہیں مگر رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔ اگر ہم واقعی ایک منصفانہ اور باوقار ہندوستان کی تعمیر چاہتے ہیں تو ہمیں ان گاؤں کو محض سروے کے نقشوں پر نہیں، بلکہ اپنی ترجیحات کے مرکز میں لانا ہوگا؛ لوگوں کو صرف مستفید کنندہ نہیں بلکہ شریکِ سفر بنانا ہوگا؛ اور ذات، زبان، مذہب اور فرقوں کی خانہ بندی کے بجائے انسان کو انسان کی حیثیت سے دیکھنا ہوگا۔ کیونکہ جس دن ہم نے ان گلیوں کی آواز کو سن لیا، ان گھروں کے دکھ کو سمجھ لیا اور ان چہروں کی امید کو اپنی پالیسی کا حصہ بنا لیا، اسی دن یہ ملک حقیقی معنوں میں آگے بڑھے گا۔ اور تب شاید کوئی سلطان جب کسی گاؤں میں دوبارہ قدم رکھے گا تو وہ صرف سروے کرنے نہیں آئے گا، بلکہ ایک باخبر، باحس اور باوقار سماج کی گواہی دینے آئے گا۔

Latest Indian news

Popular Stories