بیدر کی تازہ ترین خبریں

بیدر ضلع پولیس شکایات اتھارٹی میں ارارکین کی تقرری کے لیے درخواستیں مطلوب

بیدر۔6/جنوری ۔ڈپٹی کمشنربیدرشِلپا شرما نے ایک اعلامیہ میں بتایا ہے کہ بیدر ضلع پولیس شکایات اتھارٹی میں خالی اراکین پر نامزدگی کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں شہری خدمات سے وابستہ ایک ممبراور سول سوسائٹی سے ایک ممبر کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق شہری خدمات کے زمرے میں ایسے ریٹائرڈ افسر کو نامزد کیا جائے گا جواسسٹنٹ کمشنر کے عہدے سے کم درجے کا نہ ہو۔ اسی طرح سول سوسائٹی کے زمرے میں ایسے معزز عوامی شخصیت کو منتخب کیا جائے گا جو تعلیم، صحت، غربت کے خاتمے اور دیگر عوامی فلاحی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے چکے ہوں، سماج میں شہرت و وقار رکھتے ہوں اور کسی بھی سیاسی جماعت یا نظریاتی گروہ سے وابستہ نہ ہوں۔ڈپٹی کمشنرنے بتایا کہ مذکورہ دونوں اراکین کی نامزدگی کر کے حکومت کو ارسال کی جائے گی۔ اس سلسلے میں بیدر ضلع کے اہل امیدواروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی اہلیت سے متعلق دستاویزات کے ساتھ 23 جنوری 2026 تک تحریری درخواست بذریعہ ڈاک یا بذاتِ خودصدر، ضلع پولیس شکایات اتھارٹی وڈپٹی کمشنر بیدر کے دفتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔یہ اقدام پولیس نظام میں شفافیت، عوامی اعتماد اور جوابدہی کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ضلع کے بہترین کسان اور بہترین خاتون کسان ایوارڈ کے لیے درخواستیں مطلوب

بیدر۔6/جنوری۔ رائچور زرعی علوم یونیورسٹی کی جانب سے زرعی شعبے میں نمایاں خدمات اور غیر معمولی کارکردگی انجام دینے والے کسانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے جنوری 2026 میں منعقد ہونے والے زرعی میلے کے موقع پر اعزازات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہر ضلع سے ایک بہترین کسان اور ایک بہترین خاتون کسان کا انتخاب کر کے انہیں زرعی میلے میں ضلع شریشٹھ کسان اورضلع شریشٹھ خاتون کسان کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق اس ایوارڈ کے لیے خواہش مند کسان اور کسان خواتین مقررہ درخواست فارم زرعی سائنس مرکز، بیدر کے سینئر سائنسداں و سربراہ کے دفتر سے حاصل کر سکتے ہیں۔ مکمل طور پر پُر کیا گیا درخواست فارم 16 جنوری 2026 تک زرعی سائنس مرکز، بیدر میں جمع کرانا ہوگا۔مزید معلومات کے لیے درخواست گزارسینئر سائنسداں و سربراہ، زرعی سائنس مرکز بیدر سے فون نمبر 244178 08482 یا 9480696318 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہ اطلاع رائچور زرعی علوم یونیورسٹی کے ڈائریکٹر توسیع نے ایک سرکاری بیان میں دی ہے۔

بچپن کی شادی سے پاک گرام پنچایتوں کو 25 ہزار روپے انعام، تجاویز کے لیے درخواستیں مطلوب

بیدر۔6/جنوری۔حکومت نے بچپن کی شادی کے خلاف صفر برداشت (زیرو ٹالرنس) کی پالیسی پر مؤثر عمل کرنے والی بچپن کی شادی سے پاک گرام پنچایتوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ضلع سے ایک گرام پنچایت کو 25 ہزار روپے نقد انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ضلع سطح پر ایوارڈ جانچ و سفارش کمیٹی تشکیل دے کر احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔ اسی تناظر میں تجاویز جمع کرانے کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں، یہ اطلاع بیدر ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے ایک اعلامیے میں دی۔اعلامیے کے مطابق، بچپن کی شادی سے پاک گرام پنچایت کے انتخاب اور انعام کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط اورتجویز جمع کرانے کا درخواست فارم ضلع اطفال تحفظ افسر کے دفتر، میلور، بیدر سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مکمل تجاویز 31 جنوری 2026 تک ضلع اطفال تحفظ افسر کا دفتر، ضلع اطفال تحفظ یونٹ،میلور، بیدر کے پتے پر جمع کرانا لازمی ہوگا۔مزید معلومات کے لیے ضلع اطفال تحفظ یونٹ کے ای میل [email protected] یا فون نمبرز-234003 08482 ، 9481449719، 9886235654 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

طویل مدتی وزارتِ اعلیٰ کا ریکارڈ: باسوراج رائے ریڈی کی وزیرِاعلیٰ سدارامیا کو تہنیتی مکتوب

بیدر۔6/جنوری۔وزیرِاعلیٰ سدارامیا کی جانب سے طویل مدت تک منصبِ وزارتِ اعلیٰ پر فائز رہ کر سابق وزیرِاعلیٰ مرحوم دیوراج ارس کا ریکارڈ توڑنے پر، وزیرِاعلیٰ کے معاشی مشیر بسوراج رائے ریڈی نے ایک تہنیتی خط ارسال کرتے ہوئے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سدارامیا کی دوراندیش قیادت نے کرناٹک میں سماجی انصاف اورعوام دوست ہمہ جہتی ترقی کی روشن روایت کومؤثر انداز میں آگے بڑھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی سیاسی تاریخ عوامی فلاح، سماجی انصاف اور آئینی مساوات کی قدروں کے لیے جدوجہد کرنے والے عظیم قائدین کی زرّیں روایت سے عبارت ہے۔ محروم، پسماندہ اور سماج کے حاشیے پر کھڑے طبقات کے حق میں بے باک قیادت ہی نے اس ریاست کی ترقی پسند سیاسی ثقافت کو جِلا بخشی ہے۔ اسی روایت میں مرحوم دیوراج ارس کا نام سرفہرست ہے، جنہوں نے 20 مارچ 1972 سے 31 دسمبر 1977 اور 28 فروری 1978 سے 7 جنوری 1980 تک مجموعی طور پر 2792 دن وزیرِاعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں اورزرعی اصلاحات، سماجی انصاف، پسماندہ طبقات کی ترقی اور مظلوموں کے استحکام کے ذریعے تاریخ کا ایک سنہرا باب رقم کیا۔بسوراج رائے ریڈی نے یہ بھی یاد دلایا کہ ریاست کو ترقی پسند فکر کی سمت گامزن کرنے میں سابق وزرائے اعلیٰ کینگل ہنومانتیّا، نِجلنگپا اور رام کرشن ہیگڑے کی وسیع النظر سوچ اور دیانت دارانہ قیادت آج بھی مثال بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی سماجی انصاف پر مبنی فکری و سیاسی وراثت اور ہمہ جہتی ترقی کے وژن کو عصری تقاضوں کے مطابق آگے بڑھاتے ہوئے سدارامیا نے 13 مئی 2013 سے 15 مئی 2018 اور 20 مئی 2023 سے 6 جنوری 2026 تک وزارتِ اعلیٰ سنبھال کر طویل اور بامقصد حکمرانی کے ذریعے ایک تاریخی سنگِ میل قائم کیا، جو ریاست کے عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سدارامیا آئندہ ڈھائی برس، یعنی 28 مئی 2028 تک، ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔اپنے پیغام میں انہوں نے سدارامیا کی شفاف، دیانت دار اور آئین پر مبنی حکمرانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت سماجی انصاف کے مرکز پر قائم ہے۔اَنّا بھاگیہ، کشیر بھاگیہ، ودیا سِری، اندرا کینٹین، شکتی، گِرہا لکشمی، گِرہا جیوتی، یووا ندھی اور کسانوں کے لیے دیگر بلند حوصلہ منصوبوں کے ذریعے غریبوں، خواتین، مزدوروں، طلبہ اور نوجوانوں کو معاشی تحفظ اور سماجی وقار فراہم کیا گیا، جس سے کرناٹک حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست کے ماڈل کے طور پر ابھر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شفافیت، مالیاتی نظم و ضبط، آئینی اقدار سے غیر متزلزل وابستگی اور ذات، مذہب و زبان سے بالاتر ہو کر سب کو ساتھ لے کر چلنے کی سیاست سدارامیا کی قیادت کی نمایاں شناخت ہے۔ یقیناً تاریخ کے اوراق میں انہیں سماج دوست اور ترقی پسند وژن کو معاصر سیاست میں ڈھالنے والے قائد کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔آخر میں بسوراج رائے ریڈی نے کرناٹک کے کروڑوں عوام کی جانب سے وزیرِاعلیٰ سدارامیا کی دوراندیش قیادت، عوام دوست پالیسیوں اور مساوات، ہم آہنگی و سماجی انصاف کی راہ پر ریاست کو مضبوطی سے آگے بڑھانے والی بے لوث خدمات پر پرخلوص اور باوقار مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ ان کی حکمرانی آنے والی نسلوں کے لیے چراغِ راہ ثابت ہو اور کرناٹک قومی سطح پر ایک مثالی ریاست کے طور پر مزید مستحکم مقام حاصل کرے۔

Latest Indian news

Popular Stories