بیدر کی تازہ ترین خبریں

خواتین کو ہندوستانی تہذیب میں منفرد مقام حاصل، بچیوں کے تحفظ میں ڈاکٹروں کا کردار کلیدی: جسٹس راگھویندر اپادھیائے

بیدر۔17/جون۔خواتین کو ہندوستانی تہذیب و ثقافت میں ایک ممتاز اور باوقار مقام حاصل ہے، اس لیے نسوانی جنین کے قتل کی روک تھام اور بچیوں کے تحفظ میں طبی ماہرین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار بیدر ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کے رکن سکریٹری اور سینئر سول جج جناب راگھویندر اپادھیائے نے کیا۔وہ بدھ کے روز ضلع صحت و خاندانی بہبود محکمہ بیدر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک خصوصی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے، جس کا انعقاد پی سی پی این ڈی ٹی (Pre-Conception and Pre-Natal Diagnostic Techniques Act) قانون کے مؤثر نفاذ کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ اس ورکشاپ میں ضلع بھر کے اسکیننگ مراکز کے میڈیکل افسران، ماہرینِ امراضِ نسواں (گائناکالوجسٹ) اور ریڈیالوجسٹ شریک ہوئے۔جسٹس راگھویندر اپادھیائے نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ بھارتی معاشرے میں خواتین کو خصوصی احترام اور اہمیت حاصل ہے، لہٰذا لڑکیوں کے جنین کے غیر قانونی خاتمے کو روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام طبی اداروں اور اسکیننگ مراکز کو ہدایت دی کہ وہ پی سی پی این ڈی ٹی قانون کی مکمل پابندی کرتے ہوئے اپنی خدمات انجام دیں اور قانون کے تقاضوں پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں صنفی توازن برقرار رکھنے اور بچیوں کے حقِ حیات کے تحفظ کے لیے ڈاکٹروں اور طبی عملے کا تعاون ناگزیر ہے۔ قانون کی مؤثر عمل آوری ہی خواتین کے خلاف امتیازی رویوں اور جنین کشی جیسے سماجی جرائم کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔اس موقع پر ضلع صحت و خاندانی بہبود افسر ڈاکٹر دھیانیشور نرگوڈے، ضلع پی سی پی این ڈی ٹی نوڈل آفیسر ڈاکٹر دلیپ ڈونگرے، ضلع سرجن ڈاکٹر احمد الدین، بیدر بریمز ٹیچنگ اسپتال کے شعب? امراضِ نسواں کی سربراہ ڈاکٹر اوما دیشمکھ، شعب? ریڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر اشوک کٹّی منی، ڈاکٹر مہیش ٹونڈارے، ڈاکٹر آرتی آر کرشن مورتی، ڈاکٹر لکشمی کانت سمیت محکمہ صحت کے متعدد افسران اور عملہ موجود تھا۔ورکشاپ کے دوران پی سی پی این ڈی ٹی قانون کی مختلف دفعات، اسکیننگ مراکز کی قانونی ذمہ داریوں اور قانون کے مؤثر نفاذ سے متعلق تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔

ادویاتی و عطریاتی پودوں پر قومی کانفرنس کا انعقاد، صحت، معیشت اور ماحولیات کے فروغ پر ہوگا تبادلہ خیال

بیدر۔17/جون۔ محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی، حکومتِ کرناٹک کے ذیلی ادارے کرناٹک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اکیڈمی کی جانب سے ”قدرتی دواخانے کی دریافت’صحت، روزگار، حیاتیاتی معیشت اور تحفظِ ماحول کے لیے ادویاتی و عطریاتی پودوں کی صلاحیتیں“ (Exploring Nature’s Pharmacy: Potentials of Medicinal and Aromatic Plants for Health, Livelihoods, Bio-economy and Conservation) کے موضوع پر تین روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔یہ قومی کانفرنس 16 جولائی 2026 سے 18 جولائی 2026 تک اکیڈمی کے دفتر میں منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر کے ماہرینِ نباتات، سائنس دان، محققین، ماہرینِ ماحولیات، ماہرینِ طب اور تعلیمی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔کانفرنس کا مقصد ادویاتی اور عطریاتی پودوں کی طبی، معاشی اور ماحولیاتی اہمیت کو اجاگر کرنا، ان کے تحفظ و فروغ کے لیے سائنسی حکمتِ عملیوں پر غور کرنا اور حیاتیاتی معیشت (Bio-economy) میں ان کے کردار کو نمایاں کرنا ہے۔ اس موقع پر صحتِ عامہ، دیہی روزگار، پائیدار ترقی، قدرتی وسائل کے تحفظ اور جدید تحقیقی امکانات سے متعلق مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس سلسلے میں کرناٹک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اکیڈمی نے کانفرنس کی تشہیر کے لیے اردو، کنڑ اور انگریزی ذرائع ابلاغ سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ علمی اور تحقیقی حلقوں کے ساتھ ساتھ عوام میں بھی اس اہم قومی کانفرنس کے حوالے سے بیداری پیدا کی جا سکے۔اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر آنند آر نے ذرائع ابلاغ سے گزارش کی ہے کہ وہ اس قومی کانفرنس سے متعلق پریس ریلیز اور تشہیری مواد کو مناسب اہمیت دیتے ہوئے وسیع پیمانے پر شائع کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ محققین، طلبہ، سائنس دان اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد اس علمی اجتماع سے استفادہ کر سکیں۔یہ کانفرنس ادویاتی و عطریاتی پودوں کے سائنسی استعمال، ان کے معاشی امکانات اور ماحولیاتی تحفظ میں ان کے کردار کے حوالے سے قومی سطح پر ایک اہم علمی و تحقیقی پلیٹ فارم ثابت ہونے کی توقع ہے۔

ڈاکٹر ریشما کور کو بین الاقوامی ”بلیک سوان ویمن ایمپاورمنٹ ایوارڈ“ سے نوازا گیا

بیدر۔17/جون۔ گرو نانک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی نائب چیئرپرسن ڈاکٹر ریشما کور کو تعلیم اور سماجی خدمات کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں بین الاقوامی سطح کے باوقار ”بلیک سوان ویمن ایمپاورمنٹ ایوارڈ 2026“ سے سرفراز کیا گیا ہے۔یہ اعزاز 10 جون 2026 کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں واقع جے ڈبلیو میریئٹ ہوٹل میں منعقدہ 27ویں ایشیا ون-آسیان سمٹ کے دوران پیش کیا گیا۔”سیلیبریٹنگ دی اسپرٹ آف آسیان“ کے عنوان سے منعقدہ اس بین الاقوامی سربراہی اجلاس میں 27 ممالک کے ممتاز پالیسی سازوں، سفارت کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری قائدین نے شرکت کی۔سمٹ کا بنیادی مقصد سرحد پار تجارتی روابط کو فروغ دینا، اختراعات کی حوصلہ افزائی کرنا اور جنوب مشرقی ایشیا سمیت مختلف ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانا تھا۔ اس موقع پر ایشیا ون کی خصوصی دانشورانہ املاک کے تحت ”بلیک سوان ویمن ایمپاورمنٹ ایوارڈ“ مختلف شعبوں میں قیادت، جدت طرازی اور سماجی تبدیلی کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دینے والی خواتین کو پیش کیا گیا۔یہ ایوارڈ ان باصلاحیت اور باہمت خواتین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے دیا جاتا ہے جو روایتی حدود کو توڑتے ہوئے معاشرے میں مثبت اور دیرپا اثرات مرتب کرتی ہیں۔ ڈاکٹر ریشما کور کو تعلیم کے فروغ، سماجی خدمت اور ادارہ جاتی قیادت میں نمایاں کردار ادا کرنے پر اس باوقار اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔ایوارڈ کے حصول کے ساتھ ہی ڈاکٹر ریشما کور نے نہ صرف اپنی ذاتی خدمات کا اعتراف حاصل کیا بلکہ گرو نانک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے لیے بھی ایک اور نمایاں اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ایوارڈ یافتگان کا انتخاب ایشیا ون کے ادارتی بورڈ کی جانب سے کیا گیا، جبکہ تقریب ممتاز سفارتی شخصیات کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ ملائیشیا میں ہنگری کے سفیر ڈاکٹر سینڈر سیپوش اور ترکمانستان کے سفیر محمودتیاز مشالوف نے ڈاکٹر ریشما کور کو یہ اعزاز پیش کیا۔اس تقریب میں سری نانک جھیرہ صاحب فاؤنڈیشن، بیدر کے صدر ڈاکٹر ایس بلبیر سنگھ بھی شریک تھے۔ تعلیمی اور سماجی حلقوں نے ڈاکٹر ریشما کور کی اس کامیابی کو بیدر اور ریاستِ کرناٹک کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔یہ اعزاز خواتین کی قیادت، سماجی خدمت اور تعلیمی میدان میں ان کی مؤثر خدمات کے عالمی اعتراف کی ایک روشن مثال تصور کیا جا رہا ہے۔

کرناٹک مہیلا یونیورسٹی میں داخلہ فیس گھوٹالے کا انکشاف، لاکھوں روپے کی بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع

بیدر۔17/جون۔ کرناٹک کی معروف تعلیمی درسگاہ، اَکّا مہادیوی مہیلا یونیورسٹی میں داخلہ فیس سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور گھوٹالے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ لزامات کے مطابق جعلی فیس رسیدوں کے ذریعے طلبہ سے لاکھوں روپے وصول کیے گئے، تاہم یہ رقم یونیورسٹی کے سرکاری کھاتوں میں جمع نہیں کی گئی۔یونیورسٹی ذرائع کے مطابق یہ مبینہ بے ضابطگیاں تعلیمی سال 2023-24، 2024-25 اور 2025-26 کے دوران رونما ہوئیں۔ معاملہ ڈرامہ شعبہ سمیت مختلف پوسٹ گریجویٹ کورسز میں داخلہ لینے والے طلبہ سے وصول کی گئی فیس سے متعلق ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طلبہ سے حاصل کی گئی رقم یونیورسٹی کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے بجائے کسی اور مقصد کے لیے منتقل یا خردبرد کر دی گئی۔ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ بعض طلبہ کو دوسرے امیدواروں کی فیس رسیدوں کی نقول فراہم کرکے انہیں یونیورسٹی کے داخلہ پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس طریقہ کار کے ذریعے مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں کو چھپایا گیا اور داخلہ عمل بغیر کسی شک و شبہ کے مکمل ہوتا رہا۔فیس ریکارڈ کی جانچ کے دوران بے قاعدگیوں کا پتہ چلنے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی مالی لین دین، فیس وصولی کے طریقہ کار اور متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لے کر ذمہ دار افراد کی نشاندہی کرے گی اور اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق فیس جمع کرانے کے نظام میں موجود خامیوں سے فائدہ اٹھایا گیا۔ اگرچہ ریاستی حکومت کی یونیفائیڈ یونیورسٹی اینڈ کالج مینجمنٹ سسٹم (UCMS) کے تحت آن لائن ادائیگی کی سہولت دستیاب ہے، تاہم تکنیکی دشواریوں اور بعض والدین کی ڈیجیٹل نظام سے ناواقفیت کے باعث کئی معاملات میں فیس آف لائن طریقے سے جمع کرائی گئی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہی آف لائن ادائیگیوں کے ذریعے جمع شدہ رقم میں خردبرد کی گئی۔یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی رکن ملیّما یلاور نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ، شفاف اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں اور قصوروار پائے جانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ تعلیمی اداروں کے مالی نظم و نسق پر عوام کا اعتماد بحال رہ سکے۔اس واقعے نے تعلیمی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، کیونکہ طلبہ کی فیس یونیورسٹی کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے، جبکہ ادارہ پہلے ہی مالی مشکلات سے دوچار ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی فیس ریکارڈ، داخلہ دستاویزات اور مالی معاملات کی جانچ مکمل کرنے کے بعد اپنی مفصل رپورٹ یونیورسٹی انتظامیہ کو پیش کرے گی، جس کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محمد رحیم خان کو کابینہ میں شامل کیا جائے، بیدر کے عوامی نمائندوں اور کانگریس قائدین کا مطالبہ

بیدر۔17/جون۔ ریاستی کابینہ کی دوسری مرحلے کی توسیع میں بیدر کے رکنِ اسمبلی جناب محمدرحیم خان کو وزارت کا قلمدان سونپنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ بیدر میونسپل کارپوریشن کے صدر، منتخب اراکین اور کانگریس قائدین نے مشترکہ طور پر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جناب محمد رحیم خان کی عوامی خدمات، ترقیاتی کارناموں اور سیاسی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کابینہ میں مناسب نمائندگی دی جائے۔شہر میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے صدر محمد غوث، کارپوریٹرس ہنمنت ملکاپور، عبدالنویّد شیریکار، سعود الرحمٰنشیریکار، محمد خالد، محمد وسیم بابا اور کانگریس قائدین دھنراج ہنگرگی، موہن کالیکر اور سمیر نے کہا کہ جناب محمد رحیم خان نے شہری انتظامیہ کے وزیر کی حیثیت سے نہ صرف بیدر ضلع بلکہ پورے کرناٹک میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا۔مقررین نے کہا کہ جناب محمد رحیم خان نے بیدر میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں برپا کی ہیں۔ ان کی کوششوں سے کینسر علاج مرکز، ایمرجنسی کیئر سنٹر اور جنواڑا میں نئے پرائمری ہیلتھ سنٹر کا قیام عمل میں آیا۔ اسی طرح سرکاری انجینئرنگ کالج، خواتین ڈگری کالج، طالبات کے لیے پری یونیورسٹی کالج، پسماندہ طبقات کے طلبہ کے لیے رہائشی اسکول اور متعدد ہاسٹلوں کا قیام بھی ان کی نمایاں خدمات میں شامل ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ جناب محمد رحیم خان کی قیادت میں بیدر سٹی میونسپل کونسل کو ترقی دے کر میونسپل کارپوریشن کا درجہ دیا گیا، جبکہ ہمنا آباد، بھالکی، اوراد اور دیگر مقامی اداروں کو بھی اعلیٰ درجہ دلانے میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔قائدین نے بتایا کہ جناب محمدرحیم خان کی کوششوں سے بیدر میونسپل کارپوریشن کے لیے 185 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ منظور ہوئی، جس کے نتیجے میں یو آئی ڈی ایف منصوبے کے تحت شہر میں سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر و ترقی کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ کے دفاتر پر مشتمل جدیدکامپلیکس کی تعمیر بھی پیش رفت کے مراحل میں ہے۔مقررین نے کہا کہ جناب محمد رحیم خان کے ترقیاتی کارناموں نے بیدر ضلع کی جدید ترقی کی بنیاد رکھی ہے اور عوام ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع اور ریاست کی مجموعی ترقی کے پیش نظر نئی حکومت میں جناب محمدرحیم خان کو کابینہ کے درجہ کی وزارت دی جانی چاہیے، کیونکہ یہی عوامی خواہش اور وقت کا تقاضا ہے۔اجلاس کے شرکاء نے ریاستی قیادت سے اپیل کی کہ جناب محمدرحیم خان کی طویل عوامی خدمات اور انتظامی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ریاستی کابینہ میں شامل کیا جائے تاکہ وہ مزید مؤثر انداز میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

کرناٹک میں ”کرتویہ“ انقلاب؛ دیسی مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید حاضری نظام کا آغاز

بیدر۔17/جون۔ ریاستی انتظامیہ میں شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے حکومتِ کرناٹک نے ”کرتویہ“ (KAAMS – Karnataka Advanced Attendance Management System) کے نام سے ایک جدید اور مصنوعی ذہانت پر مبنی حاضری انتظامی نظام نافذ کیا ہے، جسے سرکاری نظم و نسق میں ایک اہم اور انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔سرکاری پریس نوٹ کے مطابق وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے محکمہ جاتی سکریٹریوں کے ساتھ اپنی پہلی ہی میٹنگ میں واضح ہدایت دی تھی کہ تمام سرکاری افسران اور ملازمین دفتری اوقات میں سو فیصد حاضری کو یقینی بنائیں اور عوامی شکایات و مسائل پر فوری توجہ دیں۔اس سے قبل نافذ بایومیٹرک نظام میں بعض ملازمین کے لیے صرف ڈیجیٹل دستخط درج کرکے دفتر سے غیر حاضر رہنے کے امکانات موجود تھے۔ اسی خامی کو دور کرنے کے لیے ”کرتویہ“ نظام تیار کیا گیا ہے، جو ملازمین کی حقیقی جسمانی موجودگی اور دفتر کے جغرافیائی محلِ وقوع (Geographical Location) کی درست نشاندہی کرتا ہے۔حکومت نے اس منصوبے کو مکمل طور پر ”میڈ اِن کرناٹک“ قرار دیا ہے۔ کسی نجی یا بیرونی ٹیکنالوجی کمپنی کی مدد کے بغیر محکمہ عملہ و انتظامی اصلاحات (ای۔گورننس)، سینٹر فار ای۔گورننس (CeG) اور کرناٹک اے آئی سیل نے مشترکہ طور پر اس سافٹ ویئر کو تیار کیا ہے۔ اس اقدام سے سرکاری خزانے کے کروڑوں روپے بچنے کے ساتھ ساتھ ڈیٹا کی حفاظت اور خودمختاری کو بھی تقویت ملی ہے۔اس جدید نظام میں مصنوعی ذہانت پر مبنی چہرہ شناسی (Facial Recognition) کے ساتھ ”لائیونیس ڈیٹیکشن“ ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے، جو جعلی یا فرضی حاضری کے امکانات کو ختم کرتی ہے۔ اسی طرح جیو فینسنگ اور جی آئی ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے ملازم صرف اپنے دفتر کی مقررہ حدود کے اندر رہتے ہوئے ہی حاضری درج کرا سکتا ہے۔نظام کو آدھار ای-کے وائی سی اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم (HRMS) سے بھی مربوط کیا گیا ہے، جبکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے حاضری، رخصت اور سرکاری مصروفیات کی تفصیلات بھی درج کی جا سکتی ہیں۔پریس نوٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کی سخت ہدایات کے بعد مختلف محکموں میں اس نظام کا نفاذ انتہائی تیزی سے جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے رجسٹرڈ ملازمین کی تعداد تقریباً 2 لاکھ 46 ہزار تھی جو اب بڑھ کر 3 لاکھ 1 ہزار 34 تک پہنچ چکی ہے، یعنی صرف ایک ہفتے میں 25 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسی عرصے میں روزانہ ایپ کے ذریعے درج ہونے والی حاضریوں کی تعداد ایک لاکھ 85 ہزار 308 سے بڑھ کر 2 لاکھ 32 ہزار 612 ہو گئی، جو فعال استعمال میں نمایاں اضافے کی عکاس ہے۔فی الحال ریاست کے 42 محکموں کے 4 لاکھ 78 ہزار 522 ملازمین کو اس نظام کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے، جن میں سے 3 لاکھ سے زائد ملازمین رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔محکمہ اسکولی تعلیم اس سلسلے میں سرفہرست ہے، جہاں ایک لاکھ 76 ہزار 55 ملازمین میں سے ایک لاکھ 68 ہزار 252 رجسٹر ہو چکے ہیں، جبکہ روزانہ ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد حاضریاں درج کی جا رہی ہیں۔ محکمہ صحت و خاندانی بہبود 66 ہزار 969 رجسٹریشن اور 54 ہزار سے زائد یومیہ حاضریوں کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔اس کے علاوہ پری یونیورسٹی بورڈ، آیوش، محکمہ پسماندہ طبقات بہبود اور صنعتی تربیت و روزگار کے محکمے بھی 90 فیصد سے زیادہ رجسٹریشن کا ہدف حاصل کر چکے ہیں۔حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ، چیف سکریٹری اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنرز و چیف ایگزیکٹو افسران روزانہ اس نظام کے ڈیش بورڈ کی نگرانی کر رہے ہیں۔ عوام کی جانب سے سرکاری دفاتر میں افسران کی دستیابی سے متعلق موصول ہونے والا فیڈبیک بھی بہتر طرزِ حکمرانی کے مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔سرکاری ملازمین نے موبائل کے ذریعے حاضری درج کرنے کی سہولت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بایومیٹرک مشینوں کے سامنے طویل قطاروں سے نجات ملی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ”کرتویہ“ ایپ ہر سرکاری ملازم میں ذمہ داری، نظم و ضبط اور خدمتِ خلق کے جذبے کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔چیف سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش نے کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے سرکاری دفاتر میں افسران اور ملازمین کیفزیکلی موجودگی اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو سرکاری خدمات زیادہ تیز، آسان اور بلا رکاوٹ دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ساتھ کرناٹک ڈیجیٹل طرزِ حکمرانی اور عوام دوست انتظامی اصلاحات کے میدان میں ملک کی صفِ اول کی ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔

ٹورازم و ہاسپیٹالیٹی کے شعبے میں ہنر مندی کی تربیت کے لیے درخواستیں مطلوب

بیدر۔17/جون۔ محکمہ سیاحت بیدر کی جانب سے درج فہرست ذات (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لیے ٹورازم و ہاسپیٹالیٹی کے شعبے میں ہنر مندی کی تربیت فراہم کرنے کے مقصد سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ یہ اطلاع محکمہ سیاحت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سدرام شندھے نے ایک پریس نوٹ میں دی۔انہوں نے بتایا کہ ایس سی ایس پی/ٹی ایس پی منصوبے کے تحت ریاستی اور مرکزی حکومت کے زیر اہتمام مہمان نوازی کے معروف اداروں، فوڈ کرافٹ انسٹی ٹیوٹ (ایف سی آئی)، میسور اور انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ (آئی ایچ ایم)، بنگلورو کے تعاون سے رہائشی سہولت کے ساتھ تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اس پروگرام کا مقصد درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے امیدواروں کو روزگار پر مبنی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔تربیتی کورسز میں فوڈ اینڈ بیوریج سروس اسٹیورڈ، ملٹی کیوزین کُک اور روم اٹینڈنٹ شامل ہیں، جن کی مدت تین سے چار ماہ مقرر کی گئی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار مقررہ درخواست فارم میں اپنی درخواستیں جمع کر سکتے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے مطابق فوڈ اینڈ بیوریج سروس اسٹیورڈ کورس کے لیے کم از کم دسویں جماعت، ملٹی کیوزین کُک کے لیے آٹھویں جماعت اور روم اٹینڈنٹ کورس کے لیے کم از کم پانچویں جماعت کامیاب ہونا ضروری ہے۔درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد، تحصیلدار کی جانب سے جاری کردہ کارآمد ذات اور آمدنی کا سرٹیفکیٹ، آدھار کارڈ اور دو عدد پاسپورٹ سائز تصاویر منسلک کرنا لازمی ہوگا۔خواہش مند امیدوار محکمہ سیاحت، بیدر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے دفتر سے درخواست فارم حاصل کرکے اسے مکمل طور پر پُر کریں اور تمام ضروری دستاویزات کی خود تصدیق شدہ نقول کے ساتھ دو نسخوں میں 20 جون 2026 کی شام 4 بجے تک دفتر میں جمع کرائیں۔محکمہ سیاحت نے اہل امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے استفادہ کرتے ہوئے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کریں اور سیاحت و مہمان نوازی کے شعبے میں بہتر روزگار کے امکانات پیدا کریں۔

سرکاری پولی ٹیکنک اوراد میں ڈپلومہ کورسز کے داخلوں کی مدت میں توسیع

بیدر۔17/جون۔ سرکاری پالی ٹیکنک کالج اوراد (بی) میں تعلیمی سال 2026-27کے لیے ڈپلومہ کورسز کے پہلے سال اور لیٹرل انٹری کے تحت آئی ٹی آئی و پی یو سی (سائنس) امیدواروں کے داخلوں کے لیے درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ اطلاع کالج کے پرنسپل وجئے شیٹی نے ایک پریس نوٹ میں دی۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری پالی ٹیکنک، اوراد (بی) میں مختلف ڈپلومہ کورسز کی خالی نشستوں پر داخلے کے لیے امیدوار اب توسیع شدہ مدت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ خواہش مند طلبہ کو کالج میں براہِ راست حاضر ہوکر آف لائن طریقے سے درخواست جمع کرانی ہوگی۔پہلے سال کے ڈپلومہ کورس میں داخلے کے لیے امیدوار کا ایس ایس ایل سی (دسویں جماعت) میں کم از کم 35 فیصد نشانات کے ساتھ کامیاب ہونا ضروری ہے، جبکہ لیٹرل انٹری کے تحت تیسرے سمسٹر میں داخلے کے لیے آئی ٹی آئی یا پی یو سی (سائنس) امتحان میں کامیابی لازمی قرار دی گئی ہے۔داخلے کے لیے ایس ایس ایل سی یا متعلقہ تعلیمی اسناد، ٹرانسفر سرٹیفکیٹ، اسٹڈی سرٹیفکیٹ، ذات و آمدنی کا سرٹیفکیٹ، میڈیکل سرٹیفکیٹ، آدھار کارڈ اور چار عدد پاسپورٹ سائز تصاویر جمع کرانا ضروری ہوگا۔کالج میں سول انجینئرنگ سمیت مختلف ڈپلومہ کورسز دستیاب ہیں۔ لیٹرل انٹری کے امیدواروں کو ایس ایس ایل سی کے علاوہ آئی ٹی آئی یا پی یو سی کی سند بھی پیش کرنی ہوگی۔ تمام طلبہ کو اصل دستاویزات کے ساتھ کالج میں حاضر ہوکر حکومت کی جانب سے مقررہ داخلہ فیس ادا کرتے ہوئے براہِ راست داخلہ حاصل کرنا ہوگا۔ پریس نوٹ کے مطابق پہلے سال کے ڈپلومہ کورسز کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ لیٹرل انٹری کے تحت تیسرے سمسٹر میں داخلے کے لیے درخواستیں 10 جولائی 2026 تک قبول کی جائیں گی۔مزید معلومات کے لیے خواہش مند طلبہ سرکاری پولی ٹیکنک کالج، اوراد (بی) کے پرنسپل وجئے شیٹی سے موبائل نمبر 9481207838 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

سرکاری آدرش ودیالیہ جنواڑ امیں جماعت ہفتم تا نہم کے داخلوں کے لیے درخواستیں مطلوب

بیدر۔17/جون۔ بیدر ضلع کے جنواڑا تعلقہ میں واقع مرکزی حکومت کے تعاون سے چلنے والے سرکاری آدرش ودیالیہ (آر ایم ایس اے) نے تعلیمی سال 2026-27کے لیے جماعت ہفتم، ہشتم اور نہم میں داخلے کے خواہشمند طلبہ سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہ اطلاع ادارے کے ہیڈ ماسٹر بابوراؤ سناتن نے ایک پریس نوٹ میں دی۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری آدرش ودیالیہ، جنواڑا میں جماعت ہفتم، ہشتم اور نہم کی خالی نشستوں پر داخلے کے لیے اہلیتی امتحان منعقد کیا جائے گا۔ داخلے کے خواہشمند طلبہ اور ان کے سرپرست ادارے کا شخصی طور پر دورہ کرکے درخواست فارم حاصل اور جمع کر سکتے ہیں۔درخواست کے ساتھ طالب علم کا آدھار کارڈ، ذات و آمدنی کا سرٹیفکیٹ، گزشتہ جماعت کی مارکس شیٹ، اسکول کا تعلیمی ریکارڈ سرٹیفکیٹ اور تین عدد حالیہ پاسپورٹ سائز تصاویر منسلک کرنا لازمی ہوگا۔پریس نوٹ کے مطابق تمام درخواستیں 20 جون 2026 تک جمع کرانا ضروری ہیں۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر کسی قسم کی غور و خوض نہیں کی جائے گی۔مزید تفصیلات کے لیے طلبہ اور سرپرست سرکاری آدرش ودیالیہ، جنواڑا کے ہیڈ ماسٹر بابوراؤ سناتن سے موبائل نمبر 9980496932 یا فرسٹ ڈیوژن اسسٹنٹ ارونابائی سے موبائل نمبر 8970224448 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ادارے کی جانب سے اہل اور خواہشمند طلبہ سے بروقت درخواستیں داخل کرکے معیاری تعلیم کے اس موقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

جواہر نوودیہ ودیالیہ میں گیارہویں جماعت (سائنس) کے لیے براہِ راست داخلوں کا سنہری موقع

بیدر۔17/جون۔ تعلقہ بسواکلیان کے نارائن پور گاؤں میں واقع جواہر نوودیہ ودیالیہ میں تعلیمی سال 2026-27کے لیے گیارہویں جماعت (سائنس شعبہ) میں براہِ راست داخلوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ادارے کے پرنسپل وی ناگراجن نے ایک اعلامیہ میں یہ اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ سائنس شعبہ میں دستیاب خالی نشستوں پر داخلے کے خواہشمند طلبہ اسکول سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں یا پھر نوودیہ ودیالیہ کی سرکاری ویب سائٹ پر درخواست فارم پُر کر سکتے ہیں۔داخلے کے لیے وہ طلبہ اہل ہوں گے جن کی تاریخِ پیدائش یکم جون 2009 سے 31 جولائی 2011 کے درمیان ہو اور جنہوں نے دسویں جماعت کامیابی کے ساتھ مکمل کی ہو۔اعلامیہ کے مطابق سی بی ایس ای (CBSE) بورڈ سے کامیاب ہونے والے طلبہ کو ترجیح دی جائے گی۔ امیدوار کا مجموعی طور پر کم از کم 60 فیصد نشانات کے ساتھ کامیاب ہونا ضروری ہے، جبکہ ریاضی اور سائنس کے مضامین میں علیحدہ طور پر کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔داخلے کا عمل دستیاب خالی نشستوں کی بنیاد پر انجام دیا جائے گا۔ درخواست گزار طلبہ میں زیادہ نشانات حاصل کرنے والوں کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ میرٹ کے مطابق انتخاب عمل میں آئے گا۔اس سلسلے میں درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔ ادارے کی جانب سے اہل اور خواہشمند طلبہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بروقت درخواست داخل کرکے معیاری تعلیم کے اس بہترین موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

Latest Indian news

Popular Stories