بیدر شمالی اسمبلی حلقہ میں 50 ہزار غیر قانونی ووٹروں کا دعویٰ؛
جے ڈی (ایس) نے انتخابی فہرست سے اخراج کا مطالبہ
بیدر۔29/جون۔کرناٹک کے بیدر شمالی اسمبلی حلقہ میں تقریباً 50 ہزار غیر قانونی اور نااہل ووٹر موجود ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے جنتا دل (سیکولر) جے ڈی (ایس) نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision – SIR) کے دوران ایسے تمام نام فوری طور پر حذف کیے جائیں۔جے ڈی (ایس) کے ضلعی صدر رمیش پاٹل سولپور، سوریہ کانت ناگمارپلّی اور دیگرلیڈروں نے ضلع انتخابی افسر سے ملاقات کرکے ایک یادداشت اور دستاویزی شواہد پیش کیے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ بیدر شمالی اسمبلی حلقہ کی ووٹر لسٹ میں تقریباً 50 ہزار ایسے افراد کے نام شامل ہیں جو ووٹ ڈالنے کے اہل نہیں ہیں۔لیڈروں نے کہا کہ ریاستی الیکشن کمیشن اس وقت ضلع میں خصوصی نظرثانی مہم چلا رہا ہے۔ چونکہ بیدر شمالی اسمبلی حلقہ پڑوسی ریاست تلنگانہ کی سرحد سے متصل ہے، اس لیے گزشتہ انتخابات کے دوران بھی اس حلقہ میں غیر قانونی ووٹروں کے اندراج کی شکایات سامنے آئی تھیں، تاہم ان پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔جے ڈی (ایس) نے مطالبہ کیا کہ اس مرتبہ الیکشن کمیشن مکمل چوکسی سے کام لے اور ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے دوران ہر اندراج کی باریک بینی سے جانچ کرے تاکہ غیر قانونی ووٹروں کے نام حذف کیے جا سکیں۔پارٹی لیڈروں کا کہنا تھا کہ بیدر شہر تلنگانہ سے محض 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جبکہ تلنگانہ کے ظہیرآباد تعلقہ اور اس کے اطراف کے کئی دیہات بیدر شمالی اسمبلی حلقہ سے متصل ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ پڑوسی ریاست کے متعدد افراد نے بیدر میں بھی ووٹر شناختی کارڈ حاصل کر رکھے ہیں۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بیدر کے قدیم شہر (اولڈ سٹی) میں ایک مخصوص برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے بارے میں بارہا شکایات موصول ہوئی ہیں کہ ان میں بڑی تعداد غیر قانونی ووٹروں کی ہے۔ جے ڈی (ایس) نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام ناموں کی چھان بین کرکے غیر قانونی ووٹروں کو انتخابی فہرست سے خارج کیا جائے۔پارٹیلیڈروں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ دیگر ریاستوں سے روزگار کی غرض سے بیدر آنے والے بہت سے افراد یہاں مقیم ہیں، اس لیے یہ امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا کہ ان میں سے متعدد نے مقامی ووٹر شناختی کارڈ بھی حاصل کر لیے ہوں۔جے ڈی (ایس) کے مطابق ان کے پاس ایسے دستاویزی ثبوت موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ کیرالا اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے متعدد طلبہ، جو بیدر کے نرسنگ اور دیگر کالجوں میں زیر تعلیم ہیں، ان کے نام بھی بیدر شمالی اسمبلی حلقہ کی ووٹر لسٹ میں شامل کر دیے گئے ہیں۔پارٹی لیڈروں نے امید ظاہر کی کہ خصوصی جامع نظرثانی (SIR) مہم کے ذریعے ایسے تمام غیر قانونی اندراجات ختم کیے جائیں گے اور انتخابی فہرست کو شفاف اور درست بنایا جائے گا۔
بیدر جنوبی میں جے ڈی (ایس) کا خصوصی ووٹر نظرثانی ورکشاپ
کارکنوں کو شفاف انتخابی فہرست کی تیاری میں سرگرم کردار ادا کرنے کی تلقین
بیدر۔29/جون۔بیدر جنوبی اسمبلی حلقہ کیقاسم پور (پی) گاؤں کے مضافات میں واقع سابق وزیر اور جنتا دل (سیکولر) جے ڈی (ایس) کے سینئر لیڈر بنڈپا قاسم پور کے فارم ہاؤس میں پارٹی کی جانب سے خصوصی جامع ووٹر فہرست نظرثانی (SIR) اور بی ایل اے-2 (بوتھ لیول ایجنٹ) ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔اتوار کو منعقدہ اس ورکشاپ کی قیادت سابق وزیر بنڈپا قاسم پور، جے ڈی (ایس) کے ریاستی ترجمان اور بی ایل اے-2 ورکشاپ کے انچارج جی پی اشون کمار، نیز پارٹی کے ضلعی صدر رمیش پاٹل سولپور نے کی۔ اس موقع پر پارٹی لیڈروں نے کارکنوں کو ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کی اہمیت، طریقہ کار اور اس میں ان کے کردار سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ورکشاپ کے دوران پارٹی کی جانب سے بی ایل اے (بوتھ لیول ایجنٹ) مقرر کیے گئے کارکنوں میں بیجز اور شناختی کارڈ تقسیم کیے گئے، جبکہ اسکرین پر خصوصی پریزنٹیشن کے ذریعے ووٹر فہرست کی نظرثانی کے مختلف مراحل اور الیکشن کمیشن کی ہدایات سے بھی انہیں واقف کرایا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جے ڈی (ایس) کے ریاستی ترجمان اور ورکشاپ کے انچارج جی پی اشون کمار نے کہا کہ سابق وزیر بنڈپا قاسم پور ریاستی سطح کے سینئر اور بااثر لیڈر ہیں، جن کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی اس ورکشاپ سے حلقہ کے تمام قائدین اور کارکنوں کو بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی کے بارے میں ہر کارکن کا مکمل طور پر باخبر ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سابق وزیربنڈپا قاسم پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اشون کمار نے خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے تمام پہلوؤں پر نہایت تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے پارٹی کی جانب سے بی ایل اے مقرر کیے گئے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پوری ذمہ داری، محنت اور دیانت داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ انتخابی فہرست شفاف، درست اور حقیقی ووٹروں پر مشتمل ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی کے عمل سے متعلق ہر کارکن کو مکمل معلومات حاصل ہونی چاہئیں، کیونکہ یہی عمل آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی بنیاد ہے۔اس موقع پر جے ڈی (ایس) کے ضلعی صدر رمیش پاٹل سولپور، ماروتیقاسم پور، ماروتی بودھے، سجاد صاحب، شانت کمار ساولگی، دیویندر سونی، سنجو ریڈی نرنا، راجو کڈیال، ترون ناگمارپلی، سنتوش راسورے، جاپید کڈیال، ابھی کالے، بوم گونڈا چٹہ واڑی، ریون سِدّپا سرکٹنلی، اسمعیلصاحب،لتا کرنجے سمیت پارٹی کے متعدد عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
کارنجہ آبی ذخیرے کی پائپ لائن میں خرابیہمناآباد شہر میں دو روز تک پانی کی سپلائی معطل
بیدر۔29/جون۔کارنجہ آبی ذخیرے سے ہمناآباد شہر کو پانی فراہم کرنے والی مرکزی پائپ لائن میں خرابی کے باعث آئندہ دو دن تک شہر میں پانی کی فراہمی بند رہے گی۔ اس بات کی اطلاع ہمناآباد بلدیہ کی چیف آفیسر ونیتا بائی نے دی ہے۔جاری کردہ پریس نوٹ میں انہوں نے بتایا کہ تعلقہ کے سندبندگی گاؤں کی مرکزی سڑک کے کنارے بچھائی گئی پانی کی پائپ لائن پھٹ جانے کے باعث پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ پائپ لائن کی مرمت کے لیے کم از کم دو دن درکار ہوں گے، جس کے دوران ہمناآباد شہر کو پانی کی فراہمی ممکن نہیں ہوگی۔چیف آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عارضی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے بلدیہ سے تعاون کریں، پانی کا محتاط استعمال کریں اور مرمتی کام مکمل ہونے تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کرکے پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
بیدر میں قومی پلس پولیو مہم کا آغاز
پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل
بیدر۔29/جون۔ بیدر کے رکنِ پارلیمان ساگر کھنڈرے نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کے قطرے ہی سب سے مؤثر ذریعہ ہیں، لہٰذا پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو لازماً پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔انہوں نے 28 جون 2026 کو بیدر شہر کے اولڈ سٹی علاقے میں واقع وزڈم اسکول، تعلیم صدیق شاہ میں قومی پلس پولیو مہم کا بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ساگر کھنڈرے نے کہا کہ بھارت میں پولیو کا آخری کیس 2011 میں ریاست مغربی بنگال میں رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد گزشتہ پندرہ برسوں سے ملک میں پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ تاہم پڑوسی ممالک پاکستان اور افغانستان میں اب بھی پولیو کے مثبت کیسز پائے جانے کے باعث احتیاطی تدابیر کے طور پر ہر سال قومی پلس پولیو مہم چلائی جاتی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو لازماً پولیو کے قطرے پلائیں۔ضلع ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان کو 2014 میں پولیو سے پاک ملک قرار دیا گیا تھا، اور اس کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک، ریاست اور ضلع میں پولیو کا ایک بھی نیا کیس سامنے نہ آئے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے قریبی پولیو بوتھ پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ضرور لے جائیں تاکہ انہیں حفاظتی قطرے پلائے جا سکیں۔ضلع صحت و خاندانی بہبود کے افسر ڈاکٹر دھیانیشور نیرگوڈے نے بتایا کہ 28 جون 2026 کو ضلع بھر میں قائم پولیو بوتھس کے ذریعے بچوں کو قطرے پلائے جا رہے ہیں، جبکہ 29 جون سے یکم جولائی تک گھر گھر جاکر ان بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جو کسی وجہ سے بوتھ تک نہیں پہنچ سکے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے دیہی اور شہری علاقوں میں 2 لاکھ 13 ہزار 213 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 996 پولیو بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جہاں 2,154 ویکسینیٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ 216 سپروائزرس کو نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 11 موبائل ٹیمیں اور 70 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ صد فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔وزڈم اسکول کے صدر ایم ڈی آصف الدین نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے ادارے میں قومی پلس پولیو مہم کا افتتاح کیا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اسکول انتظامیہ اس مہم کی مکمل کامیابی اور زیادہ سے زیادہ مستحق بچوں تک اس کے فوائد پہنچانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اس موقع پر ضلع نوڈل آفیسر ڈاکٹر اندومتی پاٹل (ڈپٹی ڈائریکٹر، آر بی ایس کے، محکمہ صحت و خاندانی بہبود، بنگلورو)، وزڈم اسکول کے سکریٹری صلاح الدین، بیدر سٹی میونسپل کونسل کے چیئرمین محمدغوث، کارپوریٹرز چیتنا موہن اور محمد خالق سمیت محکمہ صحت کے مختلف ضلعی و تعلقہ سطح کے افسران، ڈاکٹرس، صحت کارکنان اور دیگر عملہ بڑی تعداد میں موجود تھا۔ تقریب کی نظامت ٹی ایم مچے نے انجام دی، جبکہ انہوں نے مہمانوں کا استقبال بھی کیا۔
حضرت سید شاہ غوث سروری قادری قندھاریؒ کا 72واں سالانہ عرس 30 جون کو منعقد ہوگا

بیدر۔29/جون۔ مولانا حافظ نذیر احمد شرفی کی اطلاع کے مطابق موضع زمستان پور ،المعروف دھمسا پورضلع بیدر میں حضرت سید شاہ غوث سروری قادری الرفاعی قندھاری رحمۃ اللہ علیہ المعروف بہ "نانا جان” کے 72ویں سالانہ عرسِ مبارک کی روح پرور صندل تقریب 30 جون 2026ء، بروز منگل، بمطابق 14 محرم الحرام 1448ھ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق حسبِ عمل روایت قدیم اس روز بعد نمازِ ظہر تا عصر تناولِ تبرک ہوگا، بعد نمازِ عشاء حضرت سید شاہ جابر سروری قادری الرفاعی سجادہ نشین درگاہ حضرت ممدوح صندل مالی کی جملہ خصوصی رسومات انجام دینگے، جبکہ رات 9:30 بجے عظیم الشان محفلِ سماع منعقد ہوگی۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے معروف قوال جناب شاہد اجمیری نظامی اپنے ہمنوؤں کے ساتھ ساز پرصوفیانہ کلام پیش کریں گے، جبکہ دیگر قوال حضرات بھی نذرانۂ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔عرسِ مبارک کے انتظامات حضرت سید شاہ جابر سروری قادری الرفاعی صاحب قبلہ، سجادہ نشین کی نگرانی میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔ منتظمین نے تمام محبانِ اولیائے کرام، مریدین، معتقدین اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ عرسِ مبارک میں بھرپور شرکت کرکے بزرگِان دین کے فیوض و برکات سے مستفید ہوں اور دعاؤں میں شریک رہیں۔
بیدر میں ووٹر فہرست نظرثانی سے متعلق بیداری ریلی؛ 18 برس مکمل کرنے والوں سے نام درج کرانے کی اپیل
بیدر۔29/جون۔ضلع انتظامیہ اور سویپ (SVEEP) کمیٹی، بیدر کے زیر اہتمام ووٹر فہرست نظرثانی–2026 مہم کے سلسلے میں اتوار کے روز ایک بیداری ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کے ذریعے شہریوں کو انتخابی فہرست کی نظرثانی اور نئے ووٹروں کے اندراج کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر سدھارتھا مشترکہ پری یونیورسٹی کالج اور ہائی اسکول کے پرنسپل، اساتذہ، عملہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ صبح 10 بجے کالج کے احاطے سے ریلی کا آغاز ہوا، جس میں طلبہ اور تدریسی عملے نے قطاروں کی شکل میں نعرے لگاتے ہوئے عوام کو ووٹر فہرست میں نام درج کرانے کی ترغیب دی۔ریلی ہاؤسنگ بورڈ علاقے سے شروع ہو کر مڈیوال سرکل تک پہنچی۔ اس دوران طلبہ اور اساتذہ نے گھر گھر جاکر شہریوں کو ووٹر فہرست کی خصوصی نظرثانی مہم سے متعلق معلومات فراہم کیں اور انہیں انتخابی عمل میں فعال حصہ لینے کی ترغیب دی۔شرکاء نے عوام، بالخصوص 18 سال یا اس سے زائد عمر کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا نام لازماً ووٹر فہرست میں درج کرائیں تاکہ وہ اپنے جمہوری حقِ رائے دہی سے استفادہ کر سکیں اور ملک کے جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔




