ریاستی سطحی اقلیتی بااختیاری ورکشاپ میں تعلیمی و سماجی ترقی پر زور

ہبلی، 19 جولائی۔ کرناٹک حکومت کے محکمۂ اقلیتی بہبود کے زیرِ اہتمام "اقلیتی بااختیاری 2026” کے عنوان سے ایک عظیم الشان ریاستی سطحی ورکشاپ کا انعقاد ہبلی کے معروف سَوائی گندھرو کلا مندر میں عمل میں آیا، جس میں ریاست بھر سے اقلیتی برادریوں کے نمائندوں، سماجی کارکنوں، تعلیمی ماہرین، طلبہ اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ورکشاب بروز ہفتہ صبح 10:00 بجے تا شام 5:30 بجے ہبلی کے سَوائی گندھرو کلا مندر، دیشپانڈے نگر میں کیا گیا، جبکہ شرکاء کی رپورٹنگ کا وقت صبح 9:30 بجے مقرر تھا۔ اس ریاستی سطح کے پروگرام کا مقصد اقلیتی طبقات کے لیے حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں، درپیش چیلنجز اور ان کے مؤثر حل سے متعلق جامع رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ ورکشاپ میں شرکاء کو محکمۂ اقلیتی بہبود کی مختلف اسکیموں پر مشتمل معلوماتی کٹ فراہم کی گئی، جبکہ ان کے لیے ظہرانہ اور ہلکی تواضع کا بھی انتظام کیا گیا۔ پروگرام میں شریک ہر فرد کو شرکت کا سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔اس اہم ورکشاپ سے کرناٹک اردو اکادمی کے چیئرمین مفتی محمد علی قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی ریاست کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں سے بھرپور استفادہ کرنے، جدید تعلیم کو فروغ دینے، ہنر مندی، خود روزگاری اور بااختیار بنانے کی سمت میں اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ورکشاپ میں کرناٹک اسٹیٹ میناریٹیز کمیشن (KSMC) کے چیئرمین یو۔ نثار احمد صاحب، محکمۂ اقلیتی بہبود کی ڈائریکٹر محترمہ یاسمین بیگم والیکر، کرناٹک مائنارٹیز ڈیولپمنٹ کارپوریشن (KMDC) کے نمائندہ افضل پاشا، محکمۂ اوقاف کے افسران، نیز مختلف اقلیتی تنظیموں کے سربراہان اور ممتاز سماجی قائدین نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقررین نے اقلیتی برادریوں کی تعلیمی پسماندگی کے خاتمے، سرکاری فلاحی منصوبوں کی مؤثر عمل آوری، روزگار کے بہتر مواقع، خواتین اور نوجوانوں کی بااختیاری، نیز مختلف اقلیتی طبقات کے درمیان باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی ترقی کے لیے متعدد منصوبے نافذ کیے جا رہے ہیں، جن سے استفادہ کرنے کے لیے عوام میں بیداری پیدا کرنا ضروری ہے۔اس ورکشاپ میں غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے عہدیداران و اراکین، مساجد، گرجا گھروں، گردواروں، بودھ اور جین مندروں کی انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داران، اسکولوں اور کالجوں کے منتظمین، اساتذہ، لیکچررز، یونیورسٹی پروفیسرس، سماجی کارکنان، والدین، طلبہ اور مختلف اقلیتی برادریوں کے قائدین کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی تھی، تاکہ حکومتی فلاحی منصوبوں سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی عام کی جا سکے۔ورکشاپ میں ریاست کے مختلف اضلاع سے بارہ سو (1,200) سے زائد شرکاء نے حصہ لیا، جن میں مختلف اقلیتی برادریوں کے سربراہان، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے نمائندے، سماجی کارکن، اساتذہ، پروفیسرس، طلبہ، دانشور اور کمیونٹی لیڈران شامل تھے۔ شرکاء نے ایسے پروگراموں کو اقلیتوں میں شعور بیدار کرنے، حکومتی اسکیموں سے آگاہی فراہم کرنے اور بااختیار معاشرے کی تشکیل کی جانب ایک اہم اور مؤثر قدم قرار دیا۔

Latest Indian news

Popular Stories