از قلم: سید محمد عرفان اللہ (عرفان افضل)
کسی ادبی شخصیت پر لکھنا محض اس کی سوانح یا ادبی خدمات کا احاطہ کرنا نہیں، بلکہ اس کے فن، فکر، مزاج اور شخصیت کے ان پہلوؤں کو اجاگر کرنا بھی ہے جو اسے دوسروں سے ممتاز بناتے ہیں۔ بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی زندگی خود ایک کھلی کتاب ہوتی ہے اور جن کی ادبی و انسانی خدمات ایک پورے عہد کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ایسی ہی ایک ہمہ جہت شخصیت”منیر احمد جامی” کی ہے، جنہوں نے اردو زبان و ادب کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا اور تخلیق، تحقیق، تربیت اور ادبی رہنمائی کے میدان میں اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی۔
جامی صاحب نرم مزاج، ملنسار اور بے تکلف طبیعت کے مالک ہیں۔ قدآور شخصیت ہونے کے باوجود انکساری میں اس سے بھی بلند نظر آتے ہیں۔ وہ زبان کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں اور بالخصوص اردو کی خدمت میں اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ اس طرح صرف کرتے آئے ہیں جیسے قدرت نے انہیں اسی مقصد کے لیے منتخب کیا ہو۔ یہی احساسِ مقصد آج بھی ان کی ادبی سرگرمیوں کو متحرک رکھے ہوئے ہے۔
وہ خود کو کسی کا استاد نہیں مانتے، لیکن بہت سے شعراء، ادباءاور اہلِ قلم انہیں اپنا استاد، رہبر اور رہنما تسلیم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے:”میں خود ابھی طالبِ علم ہوں، کسی کو کیا سکھا سکتا ہوں؟“ مگر ان کی عملی زندگی اس انکسار سے کہیں آگے کی داستان سناتی ہے۔ بہت سے اہلِ قلم نے ان کی رہنمائی سے استفادہ کیا اور اپنے ادبی سفر میں آگے بڑھے۔ احباب کی رہنمائی، فن کی باریکیوں سے آگاہی اور شعر و ادب پر سیر حاصل گفتگو ان کے پسندیدہ مشاغل میں شامل ہیں۔
گلستانِ ہند، شہرِ بنگلور میں آنکھ کھولنے والے منیر احمد جامی نے اپنی تعلیم بھی یہیں مکمل کی۔ ان کا کوئی مستقل پیشہ یا ذریعہءمعاش نہیں رہا۔ وہ دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو سے وابستہ رہے۔ دوستوں کی خاطر اپنا ذاتی پرنٹنگ پریس بھی کئی برس تک چلاتے رہے، لیکن مسلسل خسارے کے باعث بالآخر اسے بند کرنا پڑا۔ ان کی بے لوث دوستی اور دوستوں کے لیے خسارہ برداشت کرنے کی یہ روش ڈاکٹر نواز دیوبندی کے اس شعر کی یاد دلاتی ہے:
کچھ دوستوں کو ہم نے نبھایا بہت دنوں
گھاٹے کا کاروبار چلایا بہت دنوں
ہر اک ستم پر داد دی، ہر خم پر دعا
ہم نے بھی دشمنوں کو ستایا بہت دنوں
جامی صاحب ہندوستان ہی نہیں بلکہ پورے برصغیر میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ وہ ایک صوفی منش شخصیت کے مالک ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ انہوں نے جہاں اصنافِ سخن کی مختلف جہتوں میں طبع آزمائی کی، وہیں حمد و نعت کے میدان میں بھی منفرد اور دیرپا نقوش ثبت کیے، جو آنے والی نسلوں کے لیے یقیناً کارآمد ثابت ہوں گے۔
انہوں نے ”وجہِ کل صلی اللہ علیہ وسلم“ جیسی منظوم تخلیق پیش کی اور حال ہی میں مولانا جامیؒ کے فارسی نعتیہ کلام کا مجموعہ”موجِ سلسبیل“ کے نام سے شائع کرکے ادبی حلقوں سے خوب داد و تحسین حاصل کی۔ اسی طرح انہوں نے ادبِ اطفال کے میدان میں بھی کام کیا ہے۔ ان کی کتاب ”معصومیاں“ کرناٹک اردو اکادمی کے زیرِ اہتمام شائع ہوئی ہے۔
جامی صاحب کی اب تک چودہ کتابیں منظرِ عام پر آچکی ہیں، جو یہ ہیں:
۱۔ نقشِ لاثانی۲۔ حرفِ تمام۳۔ اختراع۴۔ ارتفاع۵۔ اجتماع۶۔ وجہِ کل۷۔ تذکرة الصالحین۸۔ معصومیاں۹۔ ماہ پارے۰۱۔ دیارِ عشق۱۱۔ الحمد۲۱۔ موجِ سلسبیل۳۱۔ مدحِ محمد۴۱ادبی نکات جبکہ ”گھرانہ نور کا“ زیرِ طباعت ہے۔
جامی صاحب کئی ادبی اداروں سے وابستہ رہے ہیں اور ان میں ادارہ”محفل“کا نام خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔ اس ادارے کے ذریعے وہ ہر ماہ کسی معروف ادبی شخصیت کے ساتھ ایک نوآموز قلم کار کو بھی اعزاز سے نوازتے ہیں۔ اس کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ مشہور و معروف شعراءو ادباءکے ساتھ ساتھ نوآموز اور نوجوان اہلِ قلم کو بھی ان کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔ یہ عمل نئی نسل کی حوصلہ افزائی اور ادبی تسلسل کے لیے نہایت اہم ہے۔
”نقشِ لاثانی“ پر کرناٹک اردو اکادمی کی جانب سے جامی صاحب کو 1984ءمیں اول انعام حاصل ہوا تھا۔ یہ انعام اس وقت کے چیئرمین کرناٹک اردو اکادمی جناب محمود ایاز کے ہاتھوں دیا گیا تھا۔ اس تعلق سے جامی صاحب بتاتے ہیں کہ اس زمانے میں اکادمی کسی باقاعدہ تقریب کے بغیر شعراءو ادباءکو اپنے دفتر میں بلاکر انعامی چیک دیا کرتی تھی۔
جامی صاحب بتاتے ہیں کہ انعامی چیک حاصل کرنے کے بعد انہوں نے محمود ایاز صاحب سے اپنی کتاب کے بارے میں چند کلمات لکھنے کی درخواست کی۔ ایاز صاحب نے انہیں نیچے سے اوپر تک دیکھا اور پھر کچھ دیر باہر انتظار کرنے کے لیے کہا۔ کچھ وقت بعد انہیں دوبارہ بلایا گیا اور محمود ایاز صاحب نے اپنے لیٹر ہیڈ پر ”نقشِ لاثانی“ کے تعلق سے چند کلمات تحریر کرکے انہیں دے دیے۔
اصل میں محمود ایاز صاحب کا کسی کے بارے میں کچھ لکھ دینا بھی ایک اعزاز سے کم نہ تھا۔ چنانچہ جامی صاحب کے لیے انعامی چیک کے ساتھ محمود ایاز صاحب کے تحریری کلمات مل جانا یوں تھا جیسے ”پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں“۔
جامی صاحب اس تحریر کی نقل لے کر اس وقت ”سالار“ کے دفتر میں ادبی ایڈیٹر جناب ضیاءمیر صاحب کے حضور حاضر ہوئے اور خواہش ظاہر کی کہ اس خط کو اخبار میں شائع کیا جائے۔ یہاں بھی ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا۔ ضیاءمیر صاحب نے چونک کر جامی صاحب کو نیچے سے اوپر تک دیکھا، خط کو پڑھا اور کہا: ”اگر اس کی اصل لے آئیں تو میں دیکھتا ہوں، ورنہ اسے چھاپنے سے معذرت خواہ ہوں۔“
جامی صاحب دوسرے ہی دن خط کی اصل کاپی لے کر حاضر ہوئے۔ ضیاءمیر صاحب نے اسے دیکھا اور پھر ”سالار“ کے ایک شمارے میں اس خط کو نمایاں طور پر شائع کیا۔
اسی طرح اگلے سال جامی صاحب کے حمدیہ مجموعے ””حرفِ تمام“ کو بھی کرناٹک اردو اکادمی کی جانب سے اول انعام حاصل ہوا۔ اس مجموعے میں اللہ تعالیٰ کے ننانوے صفاتی ناموں کی مناسبت سے ننانوے حمدیں شامل تھیں۔ اسے ریاستِ کرناٹک کا پہلا حمدیہ مجموعہ بھی قرار دیا گیا تھا۔ اس کتاب پر جامی صاحب کو کرناٹک اردو اکادمی کی جانب سے تین ہزار روپے کا انعامی چیک، جناب محمود ایاز کے ہاتھوں حاصل ہوا۔
ایک اور واقعہ جامی صاحب نے اپنے تعلق سے سنایا۔ جب وہ بمبو بازار، شیواجی نگر میں اپنا پرنٹنگ پریس چلا رہے تھے، اس وقت ان کے کپڑے رنگ و روغن سے بھرے ہوئے تھے۔ اسی دوران جناب اظہار افسر، جو اس وقت ”نور و نار“ کے مدیر تھے، اپنے ایک دوست کے ہمراہ، جو دریا باد، اتر پردیش سے تشریف لائے تھے، جامی صاحب سے ملنے ان کے پریس پہنچے۔ کچھ دیر گفتگو ہوئی اور چائے کا دور بھی چلا۔
جب رخصت ہونے کا وقت آیا تو اظہار افسر صاحب نے اپنے مولانا دوست سے جامی صاحب کا تعارف کراتے ہوئے کہا:”یہی جامی صاحب ہیں۔“
لیکن ان مولانا صاحب نے جامی صاحب کو جامی صاحب ماننے سے انکار کردیا۔ اظہار افسر صاحب کافی دیر تک انہیں یقین دلاتے رہے کہ یہی وہ جامی صاحب ہیں جن سے ملنے کے لیے وہ آئے ہیں۔ بڑی دیر کے بعد جب انہیں یقین آیا تو وہ آگے بڑھے، جامی صاحب کی پیشانی کو چوما اور کہنے لگے:
”اصل میں ہم آپ کی کتاب ’حرفِ تمام‘ کی زمین اور قافیوں کو استعمال کرتے ہوئے ایک مجموعہءکلام مرتب کرنا چاہتے تھے اور اسی کی اجازت لینے کے لیے یہاں آئے تھے۔ اگر آپ اجازت دیں تو میں یہ کام کرنا چاہوں گا۔“
جامی صاحب نے خوش دلی سے اجازت دے دی۔
یہ واقعہ بظاہر معمولی معلوم ہوتا ہے، لیکن اس سے جامی صاحب کی ادبی حیثیت، ان کی تخلیقی صلاحیت اور ان کے کلام کے اثر و رسوخ کا اندازہ بخوبی کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح کے کئی واقعات ان کی زندگی میں پیش آئے ہیں جو ان کی شخصیت اور فن کے مختلف پہلوو¿ں کو نمایاں کرتے ہیں۔
جامی صاحب کو کئی اعزازات اور انعامات سے نوازا جاچکا ہے، لیکن میرا خیال ہے کہ اب تک انہیں ان کا حقیقی مقام اور وہ قدر و منزلت نہیں مل سکی جس کے وہ مستحق ہیں۔ میرا ذاتی تجربہ ہے کہ اردو دنیا کے بہت سے بڑے احباب ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں، ان سے کام لیتے ہیں، ان کی رہنمائی سے مستفید ہوتے ہیں، لیکن انہیں وہ مقام دینے میں بخل سے کام لیتے ہیں جس کے وہ حقیقی طور پر مستحق ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جامی صاحب کو ان کی زندگی ہی میں وہ مقام، عزت اور اعتراف عطا فرمائے جس کے وہ حق دار ہیں۔ جامی صاحب دوسروں کی مدد کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں، لیکن افسوس کہ بعض لوگ ان کی اس سادہ لوحی اور فیاضی سے ناجائز فائدہ بھی اٹھا لیتے ہیں۔
میرے بچپن کا ایک شعر، جو میں نے ممبئی کے روزنامہ ”انقلاب“ میں پڑھا تھا اور جسے میں اکثر اپنے لیے دہراتا ہوں، جامی صاحب کی شخصیت پر بھی پوری طرح صادق آتا ہے:
مجھے گماں ہے چاہا ہے زمانے نے مجھے
میں عزیز تو سب کو ہوں مگر ضرورتوں کی طرح
٭٭٭




