شاہد میمن
ڈاکٹر امبیڈکر کی پیدائش 14،اپریل 1891 کو برطانوی بھارت کے مدھیہ پردیش میں’مہو‘نامی علاقہ میں فوجی چھاونی میں ہوئی ۔وہ رامجی مالوجی سکپال اور بھیما بائی کی چودہویں اور آخری اولاد تھے ۔ان کا گھرانہ ’مہار ‘ ذات سے تعلق رکھتا تھا جسے اچھوت ذات میں شمار کیا جاتا تھا ۔بچپن میں امبیڈکر کو بھیم راؤ یا پیار سے بھیما کہہ کر پکارا جاتا تھا ۔
ابتدائی تعلیم اور تلخ تجربات
1900 ء میں امبیڈکر کو ساتارہ ہائی اسکول میں انگریزی کی پہلی کلاس میں داخل کیا گیا ۔لیکن اسکول میں بھیم راؤ اور ان کے بھائی آنند راؤ دونوں کو ’مہار‘ ہونے کی وجہ سے علیحدہ بٹھایا جاتا ۔ان کے ساتھ تمام بچوں سے بالکل مختلف برتاؤ ہوتا ۔کوئی نائی ان کے بال نہ بناتا اسلئے ان کی بہن گھر کے تمام بچوں کے بال خود ہی گھر میں بناتی ۔حساس بھیم کو یہ احساس ہونے لگا تھا کہ ہر جگہ ان سے اس قسم کا برتاؤ کیوں ہوتا ہے ؟اسکول کی کلاس میں بیٹھنے کیلئے الگ چٹائی کیوں دی جاتی ہے ۔بلکہ خود اپنی چٹائی ساتھ لے جانی پڑتی ہے ۔اسکول میں ان کے لئے علیحدہ پانی کا انتظام کیوں ہوتا ہے ؟ان کی ماں جب بازار جاتی ہے تو دور کھڑے ہو کر کیوں کپڑے پسند کرتی ہے ؟دوکان دار دور ہی سے خریدی ہوئی چیزیں کیوں پھینک دیتا ہے ؟اساتذہ ان کی کتابوں اور بیاضوں کو کیوں نہیں چھوتے ؟پانی پینے کیلئے کیوں ہاتھ پھیلانے پڑتے اور دوسرے پانی اوپر سے ڈالتے ہیں ۔آہستہ آہستہ حساس بھیم نے محسوس کیا کہ وہ اچھوت ہے اور اس کا پورا خاندان اچھوت ہے۔
نومبر 1904 میں بھیم کے بھائی آنند راؤ نے انگریزی پانچویں اور بھیم نے انگریزی چوتھی کا امتحان دیا اور دونوں کامیاب رہے ۔دسمبر1904 میں پورا خاندان ممبئی منتقل ہو گیا ۔بھیم کے بھائی آنند راؤ کو ان کے والد نے معاشی تنگی کی وجہ سے اسکول سے ہٹا کر نوکری پر رکھ دیا اور بھیم زیر تعلیم رہے .14 سال کی عمر میں جب وہ پانچویں کلاس میں تھے ان کی شادی رما بائی سے کر دی گئی ۔1907 ء کو بھیم نے میٹرک پاس کیا اور مہار ذات کے لوگوں میں یہ خبر عام ہوئی کہ ایک مہار اچھوت لڑکا میٹرک پاس ہوا ہے اور مستقل ایک تقریب کے ذریعہ اس خوشی کو منایا گیا ۔آگے کی پڑہائی کے اخراجات کی بھرپائی کرنا بھیم کے والد کے بس کی بات نہیں تھی۔ابتدائی کچھ مہینے انہوں نے کسی طرح انتظام کیا بعد میں بڑودہ کے راجہ سایاجی راؤ کی اچھوت طلباء کو اعلی تعلیم کے لیے اسکولرشپ کے اعلان پر بھیم کو بھی ان کے ایک خیر خواہ کیلوسکر نے مہاراج کے سامنے پیش کیا اور ماہانہ 25 روپیہ وظیفہ مقرر کر دیا گیا ۔ڈاکٹر امبیڈکر نے اپنی مختلف تحریروں میں بچپن کے خوشگوار اور کچھ تلخ تجربات کا ذکر کیا ہے۔انہوں نے ابتدائی کلاس کے ایک برہمن ٹیچر کی شفقتوں کا ذکر بھی کیا ہے اور پانچویں کلاس کے ایک برہمن ٹیچر کے اس طعنہ کو بھی یاد کیا ہے جو انہیں بار بار سننا پڑتا ’’ارے بھیوا ،تو ذات کا مہار ہے ۔تو تعلیم کیوں حاصل کرتا ہے ‘‘ایک مرتبہ ریاضی کے ایک ٹیچر نے کلاس میں طلباء سے دریافت کیا کہ فلاں فلاں جومیٹری کی اشکال بلیک بورڈ پر بنا کر انکی تشریح کون کر سکتا ہے ؟۔صرف بھیوا تیار ہوا ۔مگر جوں ہی بھیوا بلیک بورڈ کے قریب پہنچا تمام طلباء شور مچانے لگے ۔ٹیچر سے کہا کہ ان کے ٹِفن باکس بورڈ کے پیچھے رکھے ہوئے ہیں بھیوا بورڈ تک پہونچ کر کچھ لکھے گا تو تمام ٹفن ناپاک ہو جائیں گے ۔ٹیچر کے کہنے پر تما م طلباء اپنے اپنے ٹفن وہا ں سے نکال لائے
۔بی ۔اے پاس ہوتے ہی بھیم راؤ کے والد کی خواہش تھی کہ بھیم راؤ ممبئی ہی میں ملازمت کرے لیکن بھیم راؤ بڑودہ کے مہاراج کا احسان چکانا چاہتے تھے اس لیے بڑودہ ہی میں ملازمت اختیار کرنے پر اصرار کیا اور بالآخر وہیں ان کو ملازمت مل گئی ۔بڑودہ دس مہینہ ملازمت کرنے کے بعد والد کے سخت علیل ہونے کی خبر ملتے ہی ممبئی کے لیے روانہ ہو گیے 20 فروری 1913 کو رام جی کا انتقال ہوا ۔اس کے بعد بھیم راؤ نے بڑودہ واپسی کا ارادہ ترک کر دیا ۔اسی دوران سایاجی راؤ کے زیر غور ایک تجویز کچھ طلباء کو اعلی تعلیم کے لیے روانہ کرنے کی تھی اور وہ ممبئی آئے ہوئے تھے۔بھیم راؤ نے ان سے ملاقات کر کے بڑودہ کے قیام کے دوران ساری مشکلات اور پریشانیوں کا تذکرہ کیا ۔
مہاراج بھیم راؤ کی زنگریزی سے متاثر تھے ۔انہوں نے بھیم راؤ کو امریکہ تعلیم کے لیے بھیجنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔بھیم راؤ نے موقعہ غنیمت جان کر ایک عریضہ بڑودہ کے دربار کو روانہ کیا جو 14،اکتوبر1913 کو اس شرط کے ساتھ منظور ہوا کہ اسکولرشپ کی پوری رقم واپس کرنی ہوگی اور پوری رقم کی ادائگی تک بڑودہ دربار میں ملازمت کرنی ہوگی ۔اس شرط کے ساتھ وہ نیویارک کے لیے روانہ ہوئے ۔وہاں کولمبیا یونیورسٹی میں انہوں نے سخت محنت اور لگن کے ساتھ پڑہائی کی ۔دن کے 18 گھنٹے پڑہائی میں صرف کرتے ۔اسکولرشپ سے ملنے والی رقم انتہائی کفایت شعاری کے ساتھ خرچ کرتے اور بچی ہوئی رقم اپنی بیوی کے لیے روانہ کرتے ۔ 1915 میں ایم ،اے کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔ بھارت کی قدیم تجارت کے عنوان پر مقالہ پیش کیا ۔دوران قیام انہوں نے ذات پات ، برطانوی بھارت کی معاشیات وغیرہ مختلف موضوعات پر مقالات لکھے۔پی ،ایچ ،ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔ ڈاکٹر امبیڈکر کو لندن کی اپنی تعلیم کو ادھوری چھوڑ کر ایک مرتبہ واپس آنا پڑا تھا ۔اسی موقعہ پر انہوں نے بڑودہ دربار میں ملازمت شروع کی ۔




