ڈاکٹر امبیڈکر حیات و کارنامے قسط :۳

چودار تالاب کا تاریخی معرکہ
پچھلے دو تین سالوں سے امبیڈکر جو مہم چلا رہے تھے اس کا نوٹِس ممبئی حکومت نے لیا ۔۱۹۲۷ء کے اوائل میں انہیں ممبئی کی لیجسلیٹِو کونسل کا ممبر نامزد کیا ۔مختلف حلقوں سے انہیں مبارکباد یاں ملنے لگیں ۔اور استقبالیہ جلسے ہونے لگے ۔انہوں نے بھی اپنی کارکردگی کے میدان کو وسیع کرنا شروع کیا ۔
مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں ایک قصبہ ’’مہاڈ ‘‘ نامی ہے ۔یہ پورا علاقہ کوکن میں ہے۔اس قصبہ کی آبادی کے وسط میں ’چودار ‘نام کا ایک چھوٹا سا تالاب واقع ہے۔کونسل میں قانون کی منظوری کے بعد بھی دیہاتوں اور شہروں میں عام ٹھکانوں پر اچھوتوں کا پانی لینا منع تھا یہی صورتحال ’مہاڈ ‘قصبہ کے چودار تالاب کی تھی ۔مہاڈ کی نگر پالیکا نے بھی ایک قرارداد کے ذریعہ چودار تالاب تمام طبقات کے لیے کھلا کر دیا ۔اس تالاب سے کتے ،گھوڑے ،گدھے سب پانی پیتے لیکن اچھوت سماجی پابندی کی وجہ سے پانی پینا تو درکنار تالاب کے قریب بھی نہیں جا سکتے ۔ڈاکٹر امبیڈکر اور ان کے ساتھیوں کو یہ حقیقت معلوم تھی ۔میدان عمل میں آنے کا اچھا موقع تھا اور اپنے حقوق جتلانے کا بھی ۔اس مقصد کے پیش نظر انہوں نے طے کیا کہ ۱۹،۲۰ مارچ ۱۹۲۷ کو چودار تالاب سے دو فرلانگ کے فاصلے پر اچھوتوں کی کانفرنس منعقد کی جائے ۔اس کانفرنس کی خوب تشہیر کی گئی ۔تقریبا ۵۰۰۰ اچھوت اور دلت اس جگہ جمع ہوئے ۔۱۹ مارچ شام کو یہ کانفرنس ڈاکٹر امبیڈکر کی صدارت میں شروع ہوئی ۔دوسرے دن کانفرنس کے اختتام پر یہ تجویز منظور ہوئی کہ تمام حاضرین ڈاکٹر امبیڈکر کی قیادت میں چودار تالاب جائیں اور وہاں جا کر تالاب سے پانی پیوے ۔چنانچہ ایسا ہی ہوا لیکن اونچی ذات والوں نے یہ افواہ پھیلا دی کہ اچھوت لوگ چودار تالاب کے بعد مندر میں داخل ہونے والے ہیں اور اسی افواہ پر ۵۰۰ کے قریب اونچی ذات کے لوگ لاٹھی ڈنڈے لے کر پہنچ گئے ۔جب اچھوت لوگ واپسی کے لیے بازار سے گزرنے لگے تو ان پر اچانک لاٹھی چارج کرنا شروع کر دیا ۔بہت سے لوگ زخمی بھی ہوئے ۔بہت سو نے مسلمانوں کے گھروں میں پناہ لے لی ۔
قصبہ کے اونچی ذات والوں کو یہ فکر لاحق ہوئی کہ اچھوتوں کے پانی پینے سے چودار تالاب ناپاک ہو گیا ہے اسے کیسے پاک کیا جائے ۔اس کے لیے وشنو کے مندر میں ایک میٹنگ ہوئی ۔پنڈتوں نے دھرم شاستر کے مطابق فیصلہ دیا ۔تالاب سے ۱۰۸ گھڑے پانی نکالا جائے ،گائے کے پیشاب اور گوبر کا مرکب بنا کر اس پانی میں ڈالا جائے اور پھر اس پانی کو دو بارہ تالاب میں ڈالا جائے ۔یعنی انسانوں کے پانی پینے سے ناپاک ہوا تالاب جانور کے گوبر اور پیشاب سے پاک ہوا ۔چودار تالاب کے معرکہ کی نہ صرف مہاراشٹر میں بلکہ پورے ملک میں گونج سنائی دی ۔ اچھوتوں پر مظالم کے خلاف کئی شہروں میں احتجاجی جلسے منعقد کیے گئے ۔
اچھوت حلقوں میں یہ آوازیں اٹھنے لگی کہ مندروں میں داخلہ کیلئے ان پر لگی پابندی اٹھائی جائے ۔اخباروں میں اس مسئلہ پر چرچے ہونے لگے تھے ،اسی دور میں ڈاکٹر امبیڈکر کو ایک اور تلخ تجربہ سے گزرنا پڑا ۔اخباروں میں ایک خبر شائع ہوئی تھی کہ ممبئی کے علاقہ ’ٹھاکر دوار‘ میں نئے تعمیر شدہ مندر میں ہر ذات کے ہندو کو اجازت ہے۔اس خبر کی تصدیق کرنے کے بعد انہوں نے مندر کے ذمہ داروں سے فون پر رابطہ کر کے تاریخ طئے کی اور اپنے ایک قریببی ساتھی سیتارام شیوتر کر کے ساتھ مندر گئے ۔لیکن وہاں پہنچتے ہی اونچی ذات والے غنڈوں نے ہنگامہ برپا کیا ۔انہوں نے غنڈوں سے کہا کہ جس نے ہمیں مدعو کیا ہو اسکے کہے بغیر ہم یہاں سے نہیں جائیں گے ۔مندر کے جس پوجاری نے یہ اعلان کیا تھا اس کی حالت نا گفتہ بہ ہوئی ۔کسی طرح معاملہ کو رفع دفع کیا گیا ۔ڈاکٹر امبیڈکر واپس آئے مگر ان کی موجودگی سے ناپاک ہوئے مندر کو گائے کے پیشاب سے پاک کر دیا گیا ۔بہشکرت بھارت کے اداریوں کے ذریعہ وقتا فوقتا مہاراشٹر میں اچھوتوں کو درپیش واقعات اور خود کے تلخ تجربات سے اچھوتوں کو مطلع کرتے ۔ایک جگہ لکھا ’’اچھوتوں غیر برہمن اقوام کے خلاف تمہیں استعمال کرنے کے خواہشمند اور مکاروں کے ہاتھوں کھلونا نہ بن جاؤ۔ہندو سنگٹھن والوں کی تم سے ہمدردی ان کی خود غرضی ہے مسلمانوں کے خوف سے دو میٹھے بول سے وہ تمہاری غلط رہنمائی کریں گے ۔اور دلت سماج میں تفرقہ پیدا کریں گے ۔اونچی ذات والے کہتے ہیں تعلیم آنے پر چھوت چھات ختم ہو جائیں گی لیکن میرا تجربہ سنو مجھے برہمن کی ایک ہوٹل میں کپ کے بجائے گلاس میں چائے دی گئی (حالانکہ اعلی تعلیم یافتہ تھے )۔اب ہمیں ذلت کی زندگی نہیں گزارنا چاہیے ۔اب ہمیں مندروں ،تالابوں اور دوسرے آبی ذرائع کی طرف متوجہ ہونا ضروری ہے۔‘‘
چودار تالاب معرکہ (دوسرا مرحلہ )
اونچی ذاتوں کی مخالفت کے بعد مہاڈ میونسپلٹی نے اپنے پچھلے فیصلہ کو رد کرتے ہوئے اچھوتوں پر تالاب سے پانی پینے پر پابندی لگا دی ۔اس فیصلہ کے خلاف ڈاکٹر امبیڈکر نے ۲۵،۲۶ دسمبر ۱۹۲۷ کو مہاڈ میں احتجاج اور ستیہ گرہ کا منصوبہ بنایا ۔اسی سلسلہ کے اپنے ایک مضمون میں ۱۹۱۰ء کی خانہ شماری کے موقعہ پر مسلمانوں کے اس موقف کو سراہا کہ اچھوتوں کو ہندو اور مسلمان کے علاوہ ایک تیسری قوم تسلیم کیا جائے ۔ستیہ گرہ کے دن جیسے جیسے قریب آتے گیے ،ماحول میں کشیدگی پیدا ہونے لگی ۔اونچی ذات والوں نے کچھ ایسا انتظام کیا کہ بازار میں کوئی ضروری چیز ستیہ گرہ کرنے والوں کو دستیاب نہ ہو،دوسرا اہم سوال جلسہ گاہ کا تھا ۔مہاڈ کے آس پاس موجود کھیتوں پر اونچی ذات والوں کا قبضہ تھا ۔انہوں نے اپنے کھیتوں میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی ۔آخر میں ایک مسلمان فتح خان نے اپنے کھیت میں جلسہ کی اجازت دے دی ۔مقامی لوگوں نے دباؤ ڈالا لیکن فتح خان نے ایک نہ سنی ۔اونچی ذات والوں نے عدالت میں درخواست دی کہ ڈاکٹر امبیڈکر اور ان کے ساتھیوں کو تالاب جا کر پانی پینے سے روکا جائے ۔اس سلسلہ میں جب تک عدالت کا حتمی فیصلہ نہیں آتا تب تک عارضی طور پر امتناعی حکم جاری کیا جائے ۔عدالت نے اس درخواست کو قبول کر کے تالاب کا پانی پینے کے سلسلہ میں امتناعی حکم جاری کر دیا ۔عدالتی احکام کی وجہ سے امبیڈکر یہ تو نہ کر پائے لیکن انہوں نے جلسہ میں اپنی تاریخی تقاریر کے ذریعہ اچھوتوں میں بیداری لانے کا کام کیا ۔ساتھ ہی ساتھ ایک تجویز منظور کر کے برہمنوں کی مقدس کتاب منوسمرتی کو ڈاکٹر امبیڈکر نے خود اپنے ہاتھوں سے جلایا ۔۲۷،دسمبر کو اچھوت خواتین کے ایک عظیم اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے انہیں غیرت دلائی کہ آخر تمہارے پیٹ سے جنم لینے والوں ہی کو کیوں بنیادی حقوق سے محروم کیا جاتا ہے۔ اس جلسہ کے بعد ڈاکٹر امبیڈکر رائے گڈھ بودھ دور کی گپھائیں دیکھنے کے لیے روانہ ہوئے ،اس کے بعد شیواجی کی سمادھی اور دوسرے تاریخی مقامات کا معائنہ کیا ۔اس دوران ذرائع ابلاغ (جو اونچی ذاتوں کے قبضہ میں تھے ) نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے افواہوں کا بازار گرم رکھا ۔ امبیڈکر صاحب کے رائے گڑھ جانے کو ایک اخبار نے اپنی سرخی میں رائے گڑھ پر چرہائی قرار دیا اور بتایا کہ امبیڈکر شیواجی کے تخت پر بیٹھے اور لوگوں کو اپنے پیر پڑوایا اور کہا کہ ہندوؤں کا یہ راج تمہارا ہے۔ یہ افواہ بھی پھیلائی گئی کہ مراٹھوں نے ڈاکٹر امبیڈکر کو زخمی کر دیا ہے جس سے اچھوت لوگ بڑی تشویش میں مبتلا ہو گیے ۔بالآخر ڈاکٹر امبیڈکر جب ممبئی پہنچے اور ان کے استقبال میں موجود بڑی تعداد میں اچھوتوں نے ان کو صحیح سلامت پایا تب جا کر اطمینان کی سانس لی ۔

Latest Indian news

Popular Stories