از قلم : شاہد میمن
مہار وطن کا مسئلہ
ڈاکٹر امبیڈکر خود مہار ذات سے تعلق رکھتے تھے اور یہ مسئلہ خود انہیں کی ذات سے تعلق رکھتا تھا ۔ در اصل بیدر کی بہمنی حکومت نے مہاروں کو انعامی زمینات سرکاری آفیسروں کی خدمت اور حکومت کے تعاون کی شرط پر دے رکھی تھی ۔زمین پر ان کے مالکانہ حقوق بھی نہیں ہوتے تھے اور افسروں ،پٹیل ،پٹواریوں کی خدمت میں مستقل لگا رہنا پڑتا تھا جس پر بھی انہیں ماہانہ ۲ آنے یا ۲ روپیہ جیسی تنخواہیں دی جاتی تھی ۔اس سلسلہ میں ایک قانون ۱۸۷۴ء میں بن چکا تھا لیکن اس کا زمینی سطح پر کوئی اثر نہیں دکھ رہا تھا ۔ڈاکٹر امبیڈکر نے ۱۹ مارچ ۱۹۲۸ کو کونسل میں بِل رکھا جس میں انعامی زمینوں کا مناسب معاوضہ لے کر مہاروں کو ان کا مالک بنانے کی تجویز تھی ۔اس بل میں اتنی ترمیمات ہوئیں کہ اس کا مقصد ہی فوت ہو گیا ۔اس کے باوجود بھی اونچی ذاتوں کی مخالفت کی بنیاد پر ڈاکٹر امبیڈکر کو یہ بِل واپس لینا پڑا ۔
اکتوبر ،نومبر ۱۹۲۹ء میں ممبئی سرکار نے سٹارٹ کمیٹی مقرر کی کہ وہ آدی باسیوں اچھوتوں کی تعلیمی سماجی حالات کا جائزہ لیں ۔ڈاکٹر امبیڈکر کو بھی اس کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ۔افسوس یہ کہ ڈاکٹر امبیڈکر کو چھواچھوت سے متعلق اس مسئلہ کے متعلق دوروں پر خود کمیٹی کے اراکین کی طرف سے بھی چھواچھوت کا سامنا کرنا پڑا ۔
مندروں میں داخلہ کا مسئلہ
۱۳،۱۴ نومبر ۱۹۲۷ میں امراوتی میں منعقد ایک پریشد کو خطاب کرتے ہوئے مندروں میں داخلہ،تالابوں اور کنووں سے پانی پینے کے لیے ستیہ گرہ کرنے کا اشارہ دیا ۔اور تقریر کے آخر میں زور دے کر یہ بات کہی کہ ’’اونچی ذات والے ہم سے کہتے ہیں کہ ہم دونوں فریق ایک ہی دھرم سے تعلق رکھتے ہیں ۔اسلئے آپسی مسائل کے لیے ستیہ گرہ کا ہتھیار استعمال نہ کیا جائے ۔وہ بھی ایسے وقت جب باہر سے ہندو دھرم پر حملے ہو رہے ہیں ۔یہ بات اصولی طور پر سننے کے لیے میٹھی لگتی ہے مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اچھوت اس بات پر کیوں غور کریں ۔جس دھرم میں اچھوتوں سے پیر کے چپل جیسا سلوک کیا جاتا ہے اس مذہب کی وہ حفاظت کیوں کریں ؟اس مذہب کی حفاظت کا کام اونچی ذات والے خود کریں ۔‘‘کھانے کے لیے ہم لڑنے کے لیے تم ‘‘ اس قسم کی نصیحت سننے کے لیے اچھوت اب اتنے بیوقوف نہیں رہے۔اب تک ہم نے ہندوؤں کے مذہب کی حفاظت کی ہے۔یہ ہماری غلطی تھی اس کا احساس اب ہو رہا ہے۔‘‘ اس پریشد کے دوران ہی ان کے بھائی کے انتقال کی خبر ملی لیکن وہ آخری رسومات میں شریک نہ ہو سکے ۔
پاروتی ستیہ گرہ
ایک سماجی مصلح ونائیک راؤ کی صدارت میں پونہ میں منعقد ایک میٹنگ میں دسہرہ کے دن پونہ کے قریب پاروتی مندر میں داخلہ کے لیے ستیہ گرہ کا منصوبہ بنایا گیا ۔۱۳،اکتوبر ۱۹۲۹ کو دسہرہ کے دن لوگ وہاں جمع ہونے لگے جب کہ مندر ایک دن پہلے سے ہی اونچی ذات والوں نے بند کر دیا تھا ۔۳ ،۴ ہزار لوگ ستیہ گرہ کے لیے جمع ہوئے تو ہلکی سی جھڑپ بھی ہو گئی ایک سماجی قائد راج بھوج کو کاندھے پر پتھر لگنے سے بے حوش ہو گیے ۔کچھ مار پیٹ ہوئی اس کے بعد واپس ہوتے ہوئے ستیہ گرہیوں کو بھی پیٹا گیا ۔بڑے دنوں تک یہ واقعہ چرچا میں رہا ۔




