(ڈاکٹر امبیڈکر حیات و کارنامے قسط:۸)
ڈاکٹر امبیڈکر پچھلے تقریبا پندرہ سالوں سے اچھوتوں کے سیاسی و سماجی مسائل کے حل کے لیے کوشاں تھے لیکن اب تک ان کی سماجی کوششوں کا محور ہندو سماج میں رہتے ہوئے اچھوتوں کو با عزت مقام دلانا تھا لیکن ان طویل تجربات کی روشنی میں ڈاکٹر امبیڈکر اس نتیجہ پر پہنچے کہ اگر انہیں اپنی قوم کو با عزت مقام دلانا ہے تو ہندو سماج میں رہتے ہوئے یہ ممکن نہیں ۔کانگریسی لیڈران اور ہندو لیڈران انہیں یہ سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ سیاسی آزادی کے بعد اصلاحی تحریکوں کے ذریعہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا ۔لیکن ڈاکٹر امبیڈکر کے سامنے پچھلے تین ہزار سال کے تاریخی حقائق تھے جس کی وجہ سے وہ اس فریب میں آنے کو بالکل تیار نہیں تھے ۔
۱۳،اکتوبر ۱۹۳۵ کو ایولہ میں منعقد ایک تقریب کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امبیڈکر نے کہا کہ ’’ہماری ساری کوششوں اور تحریک کے بعد ہمیں ایسا نہیں معلوم ہوتا ہے کہ اونچی ذات والوں کے نظریہ میں کچھ تبدیلی ہوگی اور وہ ہم سے محبت کا برتاؤ کریں گے ۔اس لیے ہم کو ہندوؤں سے دور رہ کر اپنی ترقی کے لیے خود اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے۔ اس تقریب کے بعد اسی رات منعقد جلسہ میں انتہائی جذباتی تقریر کی اور کہا کہ ’’ ہمیں ہندو سماج میں مساوی حقوق حاصل کرنے کی غرض سے تحریک میں ناکامی ہوئی ۔اس تحریک کے لیے وقت اور پیسہ ضائع ہوا یہ ایک تکلیف دہ حقیقت ہے۔اب ہمیں ان سارے مسائل و معاملات کے حل کے لیے آخری فیصلہ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ہماری کمزوری اور تنزلی کا سبب یہ ہے کہ ہم ہندو سماج کا ایک حصہ ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ اب ہم مساوی حقوق ،مساوی درجہ ،مساوی مواقع اور یکساں سلوک کرنے والے کسی مذہب کو اختیار کرنا چاہیے ۔آواز بلند کر کے کہا ہندو مذہب سے قطع تعلق کرو ،ایسا کوئی دوسرا مذہب اختیار کرو جس میں تمہیں عزت اور سکون ملے لیکن یاد رکھو جو مذہب تم اپنے لیے انتخاب کروگے اس میں مساوی درجہ یکساں مواقع اور یکساں برتاؤ ملنا چاہیے ۔‘‘خود اپنے بارے میں کہا کہ ’’ میں ایک اچھوت ذات میں پیدا ہوا ہوں میرا کوئی قصور نہیں لیکن مرتے وقت میں ہندو کی حیثیت سے نہیں مروں گا ۔‘‘گاندھی جی کو اس اعلان کے متعلق جب پوچھا گیا تو انہوں نے اس اعلان کو ایک بد بختانہ اعلان بتاتے ہوئے یہ جتانے کی کوشش کی کہ اچھوت پن ملک میں آخری مرحلہ میں ہے ڈاکٹر صاحب اپنے اوپر گزرے حالات اور دو چار واقعات سے کچھ زیادہ ہی غصہ میں ہے انہیں یہ غصہ کم کرنا چاہیے ۔
جب ڈاکٹر امبیڈکر نے ہندو دھرم کے خلاف کھلم کھلا بغاوت کی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔




