‘ملالہ یوسف زئی کا متنازع بیان اور سوشیل میڈیا صارفین اختلاف میں اتحاد کی بہترین مثال

پاکستان سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ لڑکی ملالہ یوسف زئی یورپی ملکوں میں ہاتھوں ہاتھ لیے جانے کے بعد سے اپنے مختلف بیانوں کو لیکر جو یورپی فکر و مزاج کے حامل ہوتے ہیں چرچا میں رہتی آئی ہیں۔ پاکستان جیسے ملک میں جہاں کی اکثر عوام اسلام پسند ہیں اور فطری قوانین کی پاسداری کو اپنی سعادت سمجھتے ہیں ملالہ یوسف زئی کے ان بیانات پر جو خالصتا یورپی فکر سے محبت یا مرعوبیت سے بھرپور ہوتے ہیں معتدل اور غیر معتدل ہر قسم کے رد عمل سامنے آتے رہتے ہیں۔ایسا ہی ایک تازہ تنازعہ میں ملالہ یوسف زئی نے فیشن میگزین ووگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے یہ سمجھ نہیں آتی کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں اگر آپ کو ہمسفر چاہیے تو آپ شادی کے کاغذات پر دستخط کیوں کرتے ہیں ؟ یہ ایک پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی ؟ "
ملالہ یوسف زئی کا یہ بیان کہاں تک صحیح ہے اور کہاں تک غلط یہ تو ہر شریف طبیعت کا انسان جانتا اور سمجھتا ہے۔اس لیے اس پر بحث کرنے کے بجائے ایک اہم بات کی طرف آپ کی توجہ دلانا مناسب معلوم ہوتا ہے۔

ملالہ یوسف زئی کے اس بیان کے بعد سے ظاہری طور پر سوشیل میڈیا پر خاص کر پاکستانی سوشیل میڈیا پر رد عمل کی بھرمار ہو گئی۔ملالہ کی مذمت کرنے والے صارفین کی اکثریت نے اس بیان کو اسلام مخالف ،سماج مخالف،فطرت مخالف اور اس سے آگے بڑھ کر عورتوں کے حقوق کی خلاف ورزی ثابت کرنے پر پورا زور لگا دیا دوسری طرف ملالہ یوسف زئی کی حمایت میں بھی سوشیل میڈیا پر ایک تعداد ٹویٹ کرتے اور دلائل دیتے ہوئے دکھائی دی لیکن اگر ہم دونوں قسم کے لوگوں کے ٹویٹس کو غور سے دیکھیں تو اگر چہ وہ اختلاف کر رہے تھے لیکن در حقیقت وہ متفق نظر آئے۔ وہ اس طرح سے کہ ملالہ کی حمایت کرنے والے صارفین نے ان کے اس بیان کو "آپ دستخط کیوں کرتے ہیں ” بنیاد بنا کر یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ یہ محض ایک کاغذی کارروائی نہیں ہے بلکہ اس سے بھی بڑھ کر پارٹنرشپ ہے کہ کاغذی کارروائی کے بعد یہ دونوں میاں بیوی ایک پارٹنر ہے۔کچھ لوگوں نے کاغذی کارروائی کے الفاظ کو بنیاد بنا کر یہ کہا کہ پرانے زمانہ میں قاضی صاحب کے ذریعہ کی جانے والی کاروائی کو اتنی اہمیت نہیں دی جاتی تھی صرف زبانی گواہیاں اور ایجاب و قبول کافی ہوتا تھا۔مختصر یہ کہ ملالہ کی حمایت میں دلائل دینے والے صارفین بھی اس بات پر متفق نظر آئے اور اس بات پر زور دیتے ہوئے دکھے کہ کاغذی کارروائی ہی سب کچھ نہیں ہے یا تو کاغذی کارروائی اصل نہیں ہے اصل تو پارٹنرشپ ہے۔دو چار کے علاوہ کوئی بھی خود شادی کو یا خود نکاح کے نظام کو ٹارگیٹ کر کے بغیر کسی عہد و پیمان کے محض آزادی سے ساتھ رہنے کی وکالت کرتے ہوئے نظر نہیں آیا جو کہ شاید ملالہ کا اصل ٹارگیٹ تھا۔

ملالہ کے حق میں سوشیل میڈیا پر لکھنے والے صارفین کی ان دو باتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ آپ ملالہ کی حمایت و مخالفت میں اختلاف تو کر رہے تھے لیکن اسلام کے فطری قانون پر ہمیں متفق نظر آئے۔و اللہ اعلم باالصواب

Latest Indian news

Popular Stories