"کورونا کی عالمی وبا کو روکنے کے لیے میڈیکل سائنس کی حکمت عملی سراسر غلط ہے” یہ دعوی سوشیل میڈیا پر مشہور ڈاکٹر”بسواروپ رائے چوہدری” کا ہے۔
ہندوستان کے کئی دیگر ڈاکٹروں نے اس دعوے کی تنقید و تردید کی ہے تاہم بسواروپ رائے چوہدری نے خود پر تنقید کے باوجود اپنا نظریہ قائم رکھا ہے۔
اپنی ویب سائٹ پر ڈاکٹر بسواروپ رائے چوہدری ایک ویڈیو میں کہتے ہیں کہ ’میرے مطابق اکثر اموات کورونا وائرس سے نہیں بلکہ اس کے علاج کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔
اور وہ زور دیتے ہوے یہ بھی کہتے ہیں کہ ’کووڈ 19 عام فلو (نزلہ زکام) جیسا ہے۔
ڈاکٹر بسواروپ رائے چوہدری پر کئی پلیٹ فارمز نے پابندی لگا دی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ روایتی طب ایک سازش ہے جس کے ذریعے ڈاکٹر اور بڑے کاروباری پیسہ بناتے ہیں۔
انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’بیماری سے بچنے میں ادویات مددگار نہیں ہوتیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ انسانوں کو ویکسین کی قطعی طور پر کوئی ضرورت نہیں۔‘
اپنی ویڈیوز میں وہ بتاتے ہیں کہ ڈائٹ پلان یا نئی غذائی عادات کے ذریعے نہ صرف کووڈ 19 بلکہ ذیابیطس اور ایڈز کا علاج بھی ممکن ہے۔ اس ڈائٹ پلان میں پھلوں اور سبزیوں کی کثیر تعداد ہے۔ جسکو خود بسواروپ رائے چوہدری نے تشکیل دیا ہے۔
ڈاکٹر بسواروپ رائے چوہدری کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں داخلہ ایک شخص کے مرنے کے امکانات بڑھا دیتا ہے۔
ڈاکٹر بسواروپ رائے چوہدری کی مقبولیت متعدد کتابوں، آن لائن ویڈیوز، کورسز اور براہ راست تقاریب سے بڑھ رہی ہے۔
گذشتہ سال یوٹیوب، ٹوئٹر اور فیس بُک نے ڈاکٹر بسواروپ رائے چوہدری پر پابندی لگا دی تھی۔ یوٹیورب پر ان کے قریب 10 لاکھ فالوورز تھے جب ان کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر بسواروپ رائے چوہدری کہتے ہیں کہ وہ ایک ایسے عام آدمی ہیں جو سائنس کی اسٹیبلشمنٹ سے لڑ رہے ہیں اور عوام کے ساتھ دھوکے سے پردہ اٹھا رہے ہیں۔
ڈاکٹر بسواروپ رائے چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماسک سے وائرس کا پھیلاؤ نہیں رُک سکتا جبکہ اسے پہننے والے خود بیمار ہوجاتے ہیں۔ اسی سلسلے میں انھوں نے ’ماسک سے آزادی‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
انٹرنیٹ پر دستیاب انکی ایک کتاب (ای بُک) میں وہ ایسے کسی بھی شخص کو ایک لاکھ روپے انعام کی پیشکش کرتے ہیں جو ان کے سامنے یہ ثابت کردے کہ ’ویکسین نے کبھی کسی کی مدد کی ہے۔‘
دوسری جانب ناقدین نے یہاں تک کہہ دیا کہ ڈاکٹر بسواروپ رائے چوہدری خطرناک فراڈ کر رہے ہیں اور ان کے غلط مشوروں سے انڈیا میں کووڈ 19 کی خوفناک دوسری لہر مزید سنگین ہوسکتی ہے۔




