بیدر۔9/دسمبر۔ القلم ایجوکیشن سوسائٹی داونگرے کے زیرِ اہتمام ویویکا نندا یکسٹنشن داونگرے میں سید منیر احمد دلؔ کی رہائش گاہ پرسہ لسانی ماہانہ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈاکٹر داؤد محسنؔ ؔ نے کی۔ بشر بیجاپوری شیموگہ اور بی محمدمخدوم ہری ہر مہمانان خصوصی رہے۔تقریب کا آغاز سید منیر احمد دل ؔکی پوتیاں سیدہ علینہ سعادیہ اور سیدہ ضحیٰ انم کی قرأ ۃ خوانی سے ہوا۔ جناب محمد غوث پیر ہمدردؔ نے روح پرور نعتِ رسول ؐ پیش کی۔ سید منیر احمد دلؔ نے مہمانوں اور حاضرین کا استقبال کیا۔ محمد غوث پیر ہمدرد، سرقاضی سید قمرالدین قمر ؔ، ؔ ڈاکٹر داؤد محسنؔ، سید منیر احمد دلؔ، محمد حنیف بشر بیجاپوری شیموگہ، سید عزیز الرحمٰن شاہدؔ ہری ہر، سید محسن قادری سیدؔ نے اپنے اردو کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ محمد عثمان امنگ نے اپنی انگریزی نظمیں سنا کر سب کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔ کلیم باشا ہری ہراوربی محمد مخدوم ہری ہر نے کنڑا زبان میں اپنا کلام پیش کیا۔ اپنا کلام سنانے سے قبل ڈاکٹر داؤد محسنؔ نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ادارہئ ھٰذا کی کاروائیوں سے متعلق کہا کہ داونگرے میں پچھلے چند مہینوں سے ادبی محفلوں کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے وہ نہایت خوش آئند ہے۔ہمیں اسے مزید تقویت دینی ہے اور عوام کو جوڑنا ہے اور عوام میں اردو زبان و ادب سے متعلق بیداری پیدا کرنی ہے۔آج ہر طرف ادبی محفلیں ہو رہی ہیں لیکن عوام اردو سے دور ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سر سید کا خواب تھا کہ چائے کی دکان پر اردو ہو۔ ہم نے اس خواب کی تعبیر اپنے بچپن میں چائے کی دکان پر ہی نہیں بلکہ نائی کی دکان پربھی اردو اخبار دیکھا ہے جہاں گلی محلے والے آکر اردو اخبارات پڑھا کرتے تھے لیکن افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ آج خود اردو والے اردو اخبارات نہیں خریدتے ہیں اور وہ اردو سے دور اورمحروم ہوتے جارہے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے آج کی یہ محفل شہر داونگرے کے ایک ایسے مقام پر سجائی ہے جہاں پر اردووالے بالکل نہیں ہیں آج کا یہ مشاعرہ گویا صحرا میں پھول کھلانے کے مصداق ہے۔ہمیں اسے آگے لے کر چلنا ہے اوربلاناغہ ماہانہ مشاعروں کے ساتھ ساتھ دیگر اصناف والی نشستوں کا انعقادکرنا ہے۔نظامت کے فرائض سرقاضی سید قمرالدین قمربحسن و خوبی انجام دیا اور جناب سید محسن قادری سید ؔکے شکریہ پر یہ محفل اختتام پذیر ہوئی۔
داونگرے:عوام میں اردو بیداری پیدا کرنابے حدضروری ہے: ڈاکٹر داؤد محسنؔ
By y admin




