آہ !ڈاکٹر تابش مہدی-

محمد عارف عمری ،ممبئی


جماعت اسلامی ہند کے فیض سے جہاں ایک سے ایک اردو نثر نگار ملے، مولانا عامر عثمانی (مدیر تجلی) مولانا سید عروج قادری ؒ، مولانا عنایت اللہ سبحانی کی تحریروں میں ادبی رعنائی پائی جاتی ہے، اسی کے ساتھ ساتھ نظم کے میدان میں جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کی ایک کہکشاں نظر آتی ہےحفیظ میرٹھی، ابو المجاہد زاھد، مولانا احمد محمود کوثر، مولانا ابو البیان حماد عمری ، ڈاکٹر تابش مہدی وغیرہ نے منظوم ادب اسلامی کا ایک ضخیم ذخیرہ چھوڑا ہے، افسوس کہ آج بتاریخ 22 جنوری 2025 کو اس کی کہکشاں کا آخری تارہ بھی غروب ہوگیا، انا للہ وانا الیہ راجعون،
حضرت تابش نے بھی موت کو گلے لگا لیا، حالانکہ ابھی وہ 70 کے ہی پیٹے میں تھے اور مرنجامرنج شخصیت کے حامل تھے،غالبا 1975 کے آس پاس مدرسۃ الاصلاح سرائے میر کی طالب علمی کے زمانے میں تابش صاحب مرحوم سے دید و شنید ہوئ، 1985 – 86 میں وہ جامعۃ الفلاح میں مدرس تجوید و قراءت ہوکر تشریف لائے، اور جناب مولانا محمد طاھر مدنی صاحب کے ہم نوالہ و ہم پیالہ ہوگئے، اس زمانے میں تابش مہدی صاحب سے برابر رابطہ رہا، گو کہ مجھکو شاعری سے کوئی تعلق نہیں تھا، لیکن تابش صاحب کی مجلسی گفتگو، بلندی اخلاق اور نظم و نعت گوئی میں سوز دروں کا میں دل سے معترف تھا، مرحوم سے دہلی میں مکتبہ اسلامی کے دفتر میں گاہے بگاہے ملاقات رہی، ان کے دولت کدہ پر حاضری کا بھی شرف حاصل ہوا،مرحوم میرے والد مولانا مستقیم احسن اعظمی رحمۃ اللہ علیہ سے بہت اپنائیت رکھتے تھے بالخصوص علامہ شفیق جونپوری ؒ سے والد صاحب کے تلمذ کے رشتہ سے ان کو والد صاحب سے زیادہ لگاؤ تھا، اور اس کے ساتھ ساتھ مجھ پر بھی کافی شفیق رہا کرتے تھے،
علامہ شفیق جونپوری پر تابش مہدی صاحب نے ایک کتاب مرتب کی تو ان کے تلامذہ میں والد صاحب کا بھی ذکر کیا اور مجھکو ٹیلی-فون پر اس کی اطلاع دی، پھر نہایت محبت کے ساتھ یہ کتاب والد صاحب کے پاس ارسال کی، والد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال پر وہ شدید بیچین ہوئے، مجھ سے رابطہ کی بار بار کوشش کی، لیکن سفر حج میں ہونے کی وجہ سے رابطہ نہیں ہوسکا، واٹس اپ کے ذریعہ ان سے ہم کلامی کی نوبت آئی، والد صاحب پر جب میں نے ایک مجموعہ مقالات مرتب کرنے کا ارادہ کیا تو میری نگاہ میں جن لوگوں سے بطور خاص مقالہ لکھنے کی فرمائش کا اظہار کرنا تھا، ان میں ڈاکٹر تابش مہدی مرحوم کی ذات گرامی بھی تھی، اور واقعہ یہ ہے کہ مرحوم نے والد صاحب کے تعلق سے پچاس سالہ تاریخ کو نگاہوں کے سامنے کر دیا، افسوس کہ چند روز قبل واٹس اپ کے کسی گروپ میں مرحوم کی شدید علالت کی اطلاع مرحوم کے فرزند مولانا اجمل فاروق ندوی صاحب نے دی، مگر میں ان سے فون پر رابطہ نہیں کر سکا، آج دس بجے کے بعد ہی شوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی خبر گردش کرنے لگی اور دل مسوس کر رہ گیا،
تابش مہدی صاحب نے بڑی مشقت اور جانفشانی سے تعلیم و تدریس سے لیکر تصنیف و تالیف کی وادیاں سر کیں، زخم لگتے رہے لیکن ہمیشہ مسکراتے ہوئے آگے بڑھتے رہے، تجوید و قراءت اور منقبت رسول اکرم ﷺ کا جو توشہ لیکر وہ اللہ رب العزت کے دربار میں حاضر ہوئے ہیں، اس سے یہی امید ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ان کو ردائے مغفرت میں ڈھانک کر جنت کے اعلی مقام پر فائز فرمائے گا، اللہ تبارک و تعالیٰ مرحوم کی اولاد اور جملہ متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

Latest Indian news

Popular Stories