جمعہ کے بعد مسجد اقصیٰ پر دوبارہ حملہ

ابھی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی سیاہی خشک نہیں ہوئی کہ اسرائیلی فوج نے آج مسجد اقصیٰ پر دوبارہ حملہ کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احاطے میں جمع ہوکر فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان سیز فائر پر جشن منایا۔

نوجوانوں نے فتح کے گیت گائے اور شدید نعرے بازی کی جس پر قریبی موجود پولیس چیک پوسٹ سے درجنوں مسلح اہلکار مسجد اقصیٰ میں داخل ہوگئے اور نوجوانوں پر دھاوا بول دیا۔

اسرائیلی پولیس نے نوجوانوں کے مجمع پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ہوائی فائرنگ کی تاہم نوجوان منتشر نہ ہوئے تو اہلکاروں نے گرنیڈ پھینکنا شروع کردیئے۔

پولیس کے حملے میں درجنوں فلسطینی لڑکے اور لڑکیاں زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سب کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سیز فائر کے بعد فلسطین میں بے گھر ہونے والے خاندان واپس اپنے تباہ حال گھروں کو لوٹ رہے ہیں، کئی عمارتوں کو چادروں کی دیوار سے رہنے کے قابل بنایا گیا تاہم یہاں کھانے پینے کی اشیاء کا فقدان ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے 11 روز سے مسلسل جاری بمباری کو روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیز فائر کا اعلان کیا تھا جسے حماس نے اپنی فتح قرار دیتے ہوئے غزہ میں جشن بھی منایا۔

Latest Indian news

Popular Stories