محمد اعظم شاہد

ہندوستانی مسلمانوں کی پس ماندگی سے متعلق بہت کچھ پہلے بھی لکھا گیا ہے۔اور اب بھی اس ضمن میں تجزیات ہوتے رہتے ہیں۔ سچر کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ملک کے مسلمان معاشی،تعلیمی اور سماجی اعتبار سے دلتوں اور پچھڑے طبقات کے نیچے آتے ہیں۔مجموعی اعتبار سے تعلیمی پس ماندگی نے سماجی اور معاشی پس ماندگی کو جنم دیا ہے۔ مرکزی ہو کہ ریاستی حکومتوں کی جانب سے مسلمانوں کی حاشیہ برداری marginalisedصورتحال سے انہیں باہر نکالنے کی کوششیں تاحال اطمینان بخش نہیں رہی ہیں۔پالیساں،پروگرام بنائے جاتے ہیں۔بڑے بڑے اعلانات ہوتے ہیں۔ عملی طور پر کچھ ٹھوس اقدامات ہو نہیں پاتے ہیں۔ مرکزی اور ریاستوں کے بجٹ میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی پس ماندگی دور کرنے کے لیے کچھ خاص رقم مختص ہونے سے رہی۔ چند روایتی شعبوں میں جو کچھ رقم مختص کی جاتی ہے وہ مستحقین تک پہنچتے پہنچتے حقیر سی رقم کی صورت میں ناکافی رہ جاتی ہے۔مالیہ کی مانگ کا پیمانہ زیادہ رہتا ہے اور مالیہ کی فراہمی کم رہ جاتی ہے۔ ایسے میں ٹھوس عملی پروگرام روبہ عمل ہونہیں پاتے ہیں۔ حکومتوں کی ایسی بے نیازی ایک جانب تو دوسری طرف ہمارے (مسلمانوں) کے نمائندے جو پارلیمان (جن کی تعداد گھٹتی جارہی ہے) اور ریاستی اسمبلیوں (یہاں بھی صورتحال اطمینان بٰخش نہیں ہے) میں ہماری نمائندگی کا دم بھرتے ہیں۔وہ ہمارے حقوق کے تحفظ اور ہمارے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی اور ایمانداری سے کچھ خاص کام کرتے نظر نہیں آتے۔ویسے بہت کم ہمارے نمائندے ہیں جو احباب ملت سے روابط اور وابستگی استوار رکھے ہیں۔ مسلمانوں کی بہتر اور موثر نمائندگی کے نام پر انھیں (نمائندوں کو) رُتبہ اور اقتدار اور وزارت میں ان کی شمولیت تو ہوجاتی ہے مگر وہ مسلمانوں کی پس ماندگی سے متعلق کسی حد تک بے نیاز اور عدم توجہی کا شکار ہی رہتے ہیں۔
اور ہاں ملک میں قومی اور ریاستی سطح پر کئی ایسے ادارےNGOsہیں جن کو مسلمانوں کی پس ماندگی کی فکر لاحق رہتی ہے۔ ان اداروں کے فکر مند ذمہ دار دانشور احباب مباحثے اور سیمی نار مسلمانوں کی پس ماندگی دور کرنے کے حوالے سے منعقد کرتے آئے ہیں۔ اکثر ان سیمی ناروں میں اور راؤنڈ ٹیبل ڈسکشن میں مسلمانوں کے کاذ سے ہمدردی رکھنے والے چند سیاسی غیر مسلم قائدین اور تجزیہ نگار احباب مدعو کیے جاتے ہیں۔ مسلمانوں کی بے بسی اور ان کی دگر گوں حالت، حکومتوں کی بے نیازی،عدم توجہی،متعصبانہ سلوک، مین اسٹریم(main stream)میں مسلمانوں کی شمولیت کی راہ میں رکاوٹوں پر پُر مغز باتیں ہوتی ہیں۔ اخبارات اور میڈیا میں ان سیمی ناروں کی روداد منظر عام پر آجاتی ہے۔پھر دور دور تک مسلمانوں کو بیدار کرنے اور حاشیہ برداری کے خول سے باہر لانے کے لیے اجتماعی کوششوں کا تذکرہ سننے میں نہیں آتا۔ ایک کانفرنس، سیمی نار،مباحثے کے بعد اور پھر دوسرے شہر میں اور پھر دوسری ریاست میں یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ مگر ان تمام مخلصانہ اور دانشورانہ فکر مندی کے بعد بھی نہ ہی حکومتوں تک ہماری آواز پہنچ پاتی ہے اور نہ ہی جن سے متعلق (مسلمانوں) ہماری فکرمندی ہے اُن تک بھی مکمل طور پر پیغام پہنچ پاتا ہے کہ وہ(مسلمان) اپنے حالات بدلنے کے لیے اپنا محاسبہ introspectionکریں۔ ہندوستانی مسلمانوں میں ایک طرح کی بے زارگی پائی جاتی ہے۔اجتماعیت کا فقدان اپنی جگہ ہے ہی مگر باہمی مشاورت اوراپنے حالات خود بدلنے کے لیے آمادگی کا احساس سے بھی ہم عاری نظر آتے ہیں۔
ابھی کل ہی کی بات ہے۔مسلمانوں کی پس ماندگی ور حاشیہ برداری کے موضوع پر ایک ریکارڈنگ کے دوران ایک نوجوان مخلص صحافی نے مجھ سے کہا کہ ہندوستانی مسلمانcomfort zoneآسانیوں کے عادی ہوکر رہ گئے ہیں۔ یہ بات مجھے سوچنے پر اُکساتی رہی۔ اور یہ مسلمہ حقیقت بھی لگی۔ مسلمان اپنی بے چارگی اور بے بسی کا رونا رونے کے عادی ہوکر رہ گئے ہیں۔ حالات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے اپنی کمزوریوں اور خامیوں کو خوبیوں میں بدلنے،اپنے خدشات کو نئے مثبت امکانات میں تبدیل کرنے کی ہنر مندی اور اعتماد سے وہ دور رہ گئے ہیں۔ اپنی مدد آپ کرنے کا قرینہ جب تلک اپنے اندر پیدا نہ ہوگا تب تلک ہماری نگاہیں اغیار پر کبھی تو کبھی حکومتوں پر پُرامید رہیں گی۔ جہاں ہماری قیادت کا فقدان ہے وہاں ہر کسی کو خود شناس اور زمانہ شناس بننا چاہیئے۔ ورنہ زمانے کی تیز رفتار زندگی اور مقابلے کی دنیا میں بے خبر ill informedلوگ حرف غلط کی طرح مٹ جائیں گے۔یا پھر مٹا دیئے جائیں گے۔ اپنے خول سے باہر آنے کی ترغیب ہر کسی میں ہونی چاہیئے۔ ورنہ ہم جہاں تھے،جہاں ہیں وہیں رہ جائیں گے۔ ہماری پس ماندگی ہماری اپنی تدابیر سے ہی دور ہوسکتی ہے۔ دیگر برادران وطن کس طرح ترقی سے ہم کنار ہیں۔ اور خوش قسمتی سے باتوفیق احباب ملت جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے ترقی حاصل کی ہے۔ وہ ہمارے تھکے ہارے احباب کے لیے نمونہ ہیں۔ بغض کینہ پروری،شکوے شکایات سے پرے اپنا مقام آپ پیدا کرنے کے لیے مثبت سوچ اور پُراعتماد فیصلہ ضروری ہے۔ ٭٭٭




