نئی دہلی: 21؍اگست(ٹی او آئی) عوامی سماعت کے دوران حملے کے ایک دن بعد دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دہلی کے تمام سات بی جے پی اراکینِ پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔ایکس پر ایک پوسٹ میں بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ پروین کھنڈیلوال نے ملاقات کی تصاویر شیئر کیں اور کہا:”آج میں نے دہلی کی مقبول وزیر اعلیٰ محترمہ جی سے دہلی کے اپنے تمام ساتھی اراکینِ پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعلیٰ بالکل صحت مند ہیں اور پہلے کی طرح دہلی کے عوام کی خدمت کے کام میں لگن کے ساتھ مسلسل مصروف ہیں۔”
حملہ بدھ کی صبح تقریباً 8:15 بجے گپتا کے سول لائنز کیمپ دفتر میں منعقدہ "جن سنوائی” کے دوران ہوا۔ ان کے دفتر نے اسے "انہیں قتل کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش” قرار دیا۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ یہ حملہ سنگین تھا اور جان لیوا ثابت ہوسکتا تھا۔ملزم کی شناخت 41 سالہ سکاریا راجیش بھائی کھمجی بھائی کے طور پر ہوئی، جو راجکوٹ، گجرات کا رہنے والاہے۔ واقعہ کے فوراً بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق کھمجی کا مجرمانہ ریکارڈ ہے اور اس کے خلاف پہلے پانچ مقدمات درج ہوچکے ہیں، جن میں ایک چاقو حملہ بھی شامل ہے۔ حکام نے بتایا کہ وہ دو دن پہلے دہلی آیا تھا، وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ اور دفتر کے قریب ریکی کی تھی اور علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی وہ نظر آیا ہے۔
دہلی پولیس نے اس معاملے میں دفعات 109 (قتل کی کوشش)، 132 (سرکاری ملازم پر حملہ) اور 221 (سرکاری ملازم کے کام میں رکاوٹ) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ ملزم کو پانچ دن کی پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے اور سول لائنز پولیس اسٹیشن میں اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔واقعے کے بعد گپتا نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے اس حملے کو "صرف مجھ پر حملہ نہیں بلکہ دہلی کی خدمت اور عوامی فلاح کے عزم پر ایک بزدلانہ کوشش” قرار دیا۔انہوں نے کہا، "یقیناً اس حملے کے بعد میں صدمے میں تھی، لیکن اب میں بہتر محسوس کر رہی ہوں۔ میں اپنے تمام خیرخواہوں سے گزارش کرتی ہوں کہ مجھ سے ملنے آکر خود کو تکلیف نہ دیں۔ جلد ہی آپ مجھے دوبارہ آپ کے درمیان کام کرتے ہوئے دیکھیں گے۔”انہوں نے مزید کہا، "ایسے حملے کبھی بھی میرے حوصلے یا عوامی خدمت کے عزم کو نہیں توڑ سکتے۔ اب میں پہلے سے بھی زیادہ توانائی اور لگن کے ساتھ آپ کے درمیان ہوں گی۔”
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ: زیڈ پلس سکیورٹی فراہم




