بزرگوں کی محنت اور دعاؤں کی وجہ سے ہی آج میں اس مقام پر پہنچا ہوں“۔ عبدالوہاب سردار دانش بزرگ شعراء و قلمکاروں سے نوجوان نسل کو معتراف کرانا بزم کا اصل مقصد:سید عرفان اللہ

بنگلور ۔3/اکتوبر۔بزمِ امیدِ فردا کے زیرِ اہتما م ایک ملاقات "عبدالوہاب سردار دانش” کے ساتھ کا انعقاد فیس بک لائیو لنک www.facebook.com/smirfanulla پر عمل میں آیا۔ ”جب کوئی خدمت کرتا ہے تو بس خدمت کرتا ہے اور سوائے اللہ تعالیٰ کے کسی اور سے اس کا اجر طلب نہیں کرتاجناب دانش صاحب انہیں میں سے ایک ہیں دانش صاحب جیسے مخلصِ اردواور خادمِ اردو، جو میں نے بہت کم دیکھیں ہیں اور تنِ تنہا کسی بزم کو چلانے کا ہنر میں نے آپ جیسے حضرات سے ہی سیکھا ہے۔ منیر احمد جامی صاحب میرے ادبی استاذ ہیں تو عبدالوہاب سردار دانش صاحب میرے ادبی رہبر ہیں۔ بزمِ امیدِ فردا چاہتی ہے کہ بزرگ شعراء و قلمکاروں سے نوجوان نسل کو معتراف کروایا جائے اور ہر ماہ اس طرح کی نشست کا انعقاد ہوتا رہے“۔ بزمِ امیدِ فردا کے سرپرست سید عرفان اللہ قادری نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ عبدالوہاب سردار دانش نے بزمِ امید ِ فردا کے سرپرست کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ”عرفان اللہ قادری نے ہمیں ہماری نوجوانی کے ادبی دور کی یاد تازہ کرادی۔ جب کبھی بھی میں بزمِ امیدِ فردا کے پروگراموں میں شریک ہوتا ہوں تو عرفان اللہ کو مسلسل تنِ تنہا کام کرتے دیکھ کر بہت خوشی محسوس کرتا ہوں“۔انہوں نے کہا کہ جناب الف احمد برق جو ان کے پڑوسی ہوا کرتے تھے انہی کی بدولت وہ ادبی دنیا میں شامل ہوئے اور اس طرح ادبی سفر کا آغاز ہوا۔ اپنے دورِ ماضی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ”میں نے حضرتِ شوق، حضرتِ محشر رہبری، حضرت آزاد ساحری، حضرت شاکر بنگلوری، حضرت اسد اعجاز، حضرت سبحان عابد اور ثناء اللہ چراغ جیسے استاذ الشعراء سے استفادہ کیا۔ ہمارے بزرگوں کی محنت اور دعاؤں کی وجہ سے ہی آج میں اس مقام پر پہنچا ہوں“۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ”ہمارے دور میں بزمِ خیصر، بزمِ خیرالادب، بزمِ عروجِ ادب، بزمِ ایوانِ ادب، بزمِ فانوسِ اردو، بزمِ نورس، بزمِ الصدا اور بزمِ نجمی سے اداروں میں شرکت ہوتی تھی اور یہاں طرحی مصرعہ پر طبع آزمائی کی کوشش کرتا تھا“۔ جب دانش صاحب سے مصروفیات کے تعلق پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ آپ کے یس آر ٹی سی میں بطور میکانک رہے۔دانش صاحب نے تخلص اور اپنے بزم کے بارے میں یوں کہا کہ ”دانش تخلص منیر احمد جامیؔ صاحب نے عطا کیا تھا اور میں نے خوشی خوشی تسلیم کر لیا۔دوسری بات بزمِ الصدا کے بند ہو جانے کے بعد ادبی دنیا میں ایک خلاء کو محسوس کیا گیا تھا تو میں نے اپنی جانب سے ایک چھوٹی کوشش کے طور پر کاروانِ اردو ادب کا آغاز کیا اور یہ سلسلہ اب بھی الحمد اللہ جاری ہے۔“ کرناٹک اردواکادمی سے اعزاز کے تعلق سے پوچھے جانے پر دانش صاحب نے کہا ”ظاہر سی بات ہے جب کسی کی خدمت اور محنت کو سراہا جاتا ہے تو بہت خوشی ہوتی ہے۔ میں بہت شکر گزار ہوں کرناٹک اردو اکادمی کے سابق چیرمین الحاج مبین منور صاحب اور ان کی پوری ٹیم کا جنہوں نے میرے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مجھے اعزاز سے نوازہ“۔ گفتگو کے دوران دانش صاحب نے کہا کہ عنقریب وہ اپنے مجموعہ کلام کو منظرِ عام پر لانے والے ہیں۔ نظامت کے دوران عبدالعزیز داغ نے انکشاف کیا کہ ”دانش صاحب کو اذان دینے کا بہت شوق ہے اور آپ نے بنگلور کے تقریباً کئی مساجد میں اذان دی ہیں اور اسی شوق کی وجہ سے اللہ کا فضل ہوا اور آپ کو مکہ شریف اور مدینہ منورہ میں بھی اذان دینے کا شرف حاصل ہوا۔“ جناب سمیر خان- وقف بورڈ، جناب ابراہیم نفیس- اونچی آواز، مولانا سید نعیم – امام، مسجدِ رضا اور مجاہد احمد عمری بطور سامعین میں شامل رہے اور فیس بک پر 185سامعین آن لائن شامل رہے اور اس رپورٹ کے لکھے جانے تک 1235لوگوں نے اس پروگرام کو دیکھا تھا۔ جناب مجاہد احمد عمری نے تلاوتِ آیاتِ ربانی ادا کئے۔ جناب عبدالوہاب سردار دانش صاحب نے حمدیہ کلمات ادا کئے اور پھر آپؐ کے حضور نعت کا نظرانہ پیش کیا۔پروگرام کی نظامت عبدالعزیز داغ نے فرما ئی۔ سید عرفان اللہ قادری، سرپرست، بزمِ امیدِ فردا کے شکریہ کے ساتھ نشست کے اختتام کا اعلان ہوا۔

Latest Indian news

Popular Stories