پرمود متالک بانی صدر شری رام سینا، بی جے پی لیڈر مادھوی لتا، کاجل ہندوستانی اس تقریب میں کلیدی مقرر کے طور پر آ رہی تھیں
بیدر۔8/دسمبر۔ضلع انتظامیہ نے اتوار کی شام شہر کے سائی اسکول گراؤنڈ میں ہندو راشٹریہ جاگرن سمیتی کے زیر اہتمام بڑے پیمانے پرمنعقد ہونے والے ہندو بیداری پروگرام پر پابندی عائد کر دی ہے۔پرمود متالک بانی صدر شری رام سینا، بی جے پی لیڈر مادھوی لتا، کاجل ہندوستانی اس تقریب میں کلیدی مقرر کے طور پر آ رہی تھیں،یہ تینوں اشتعال انگیز تقریریں کرتے ہیں، ان کے خلاف کئی پولیس اسٹیشنوں میں کیس درج ہیں۔ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر گریش بدولے نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے پروگرام کو روک دیا گیا ہے۔ گریش بدولے نے کہا کہ لوگوں کے جمع ہونے اور مذہبی نعرے لگانے پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔یہ حکم پیر (9 دسمبر) کی صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا۔پروگرام کے منتظمین نے ضلعی انتظامیہ کی کارروائی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔ ضلع بھر میں بھرپور مہم چلائی تھی۔




