ٹمکور میں کینسر سے متعلق بیداری پروگرام

ٹمکور: ۔ کینسر جیسے مرض سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے 19 جنوری کو کے ایس آر پی 12ویں بٹالین، ٹمکور میں آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد عوام Perfect پولیس اہلکاروں اور طلبہ میں کینسر سے متعلق معلومات فراہم کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی کے اصولوں کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ایم وجے کمار (ماہر سرجیکل آنکولوجی) وائس چانسلر ینوپویا یونیورسٹی، منگلورو، نے خطاب کیا۔ انہوں نے کینسر کے ابتدائی علامات، بروقت تشخیص کی اہمیت، اور علاج کے جدید طریقوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حاضرین کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور متوازن غذا کے ساتھ ساتھ جسمانی ورزش کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کی تلقین کی۔دیگر مہمانوں میں ڈاکٹر ندیم الہدیٰ (ماہر آنکولوجی)، قدوائی میموریل انسٹی ٹیوٹ آف آنکولوجی، اور ڈاکٹر بھاگیرتی کنڑتی، بین الاقوامی یوگا گروما، شامل تھے۔ ڈاکٹر ندیم الہدیٰ نے کینسر کے مختلف اقسام اور ان کے علاج میں جدید طبی تحقیق کی اہمیت پر تفصیل سے گفتگو کی۔ ڈاکٹر بھاگیرتی کنڑتی نے یوگا اور ذہنی سکون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یوگا نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی سکون کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔تقریب کی صدارت 12ویں بٹالین کے کمانڈنٹ حمزہ حسین نے کی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت مند جسم اور ذہن ہی بہترین کارکردگی کا ذریعہ ہیں۔ اس موقع پر رواں ماہ کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو توصیفی اسناد بھی پیش کی گئیں، جس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی۔تقریب میں ایکلویہ اسکول کے طلبہ، پولیس افسران اور دیگر نے شرکت کی۔ طلبہ نے نہ صرف اس اہم موضوع سے متعلق معلومات حاصل کیں بلکہ معزز مہمانوں کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن میں بھی حصہ لیا۔ڈپٹی کمانڈنٹ نثار احمد نے شکریہ ادا کیا۔

تصویر:ٹمکور میں کینسر سے آگاہی پروگرام کے دوران ڈاکٹر ایم وجے کمار، ڈاکٹر ندیم الہدیٰ اور حمزہ حسین دیکھے جاسکتے ہیں ۔

Latest Indian news

Popular Stories